دھولیہ میں جمعیۃ علماء کی جانب سے شعبہ طب، پی ایچ ڈی، انجینئرنگ اور دیگر اعلیٰ تعلیمی شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والےطلبہ کااستقبال۔
EPAPER
Updated: November 17, 2026, 12:05 PM IST | Ismail Shaad | Dhule
دھولیہ میں جمعیۃ علماء کی جانب سے شعبہ طب، پی ایچ ڈی، انجینئرنگ اور دیگر اعلیٰ تعلیمی شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والےطلبہ کااستقبال۔
جمعیۃ علماء مولانا ارشد مدنی دھولیہ یونٹ کی جانب سے شہر کے۶۲؍ ایسے ہونہار طلبہ جنہوں نے امسال شعبہ طب، پی ایچ ڈی، انجینئرنگ کے علاوہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر شعبوں میں کارہائے نمایاں کارنامے انجام دئیے ان کا اعزازواستقبال کیا گیا۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مسلم طلبہ کی پیش قدمی کو والدین، سرپرستوں کے ہمراہ ملّی، تعلیمی، سماجی تنظیموں نے معاشرہ کا روشن و تابناک مستقبل اور طلبہ کا خوش آئند اقدام قرار دیا۔دو روز قبل جمعیۃ علماء مولانا ارشد مدنی دھولیہ ضلع یونٹ کی جانب سے انصار نگر۸۰؍فٹ روڈ دھولیہ کے شیخ الہند اکیڈمی ہال میں مذکورہ تنظیم کے صدر حافظ حفظ الرحمن ابوالعاص قاسمی کی صدارت میں عظیم الشان تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔جس میں شہر کی عظیم شخصیات معروف ڈاکٹر مکرم خان، ڈاکٹر سمیر شاہ، ڈاکٹر نثار احمد انصاری، پروفیسر خلیل یونس، ڈاکٹر رمضان انصاری کے علاوہ دیگر بطور مہمانان خاص مدعو تھے۔پروگرام کا بنیادی مقصد میڈیکل کے شعبے میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے علاوہ دیگر تعلیمی شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی محنت، جدو جہد کا اعتراف اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار پروگرام کے اس مقصد کو ڈاکٹر ابوتراب انصاری نے جامع انداز میں پیش کیا۔
یہ بھی پڑھئے:ماں سری دیوی نہیں چاہتی تھیں کہ جھانوی کپور فلموں میں آئیں
ڈاکٹر رمضان نے تعلیمی شعبے میں سب سے اعلیٰ ڈگری پی ایچ ڈی کی تفہیم عمدہ انداز میں بیان کی اسکے ساتھ ہی امسال مذکورہ ڈگری حاصل کرنیوالے چاروں نوجوانوں کی شخصیت اور اس باوقار ڈگری حاصل کرنے میں ان کی جدوجہد سامعین کے گوش گزار کی۔ملک کی ام المدارس کی حیثیت رکھنے والی دینی درس گاہ دارالعلوم دیو بند میں داخلہ حاصل کرنے والے شہر کے دو حافظ و قاری کا تعارف اور ان کی کوششوں کو حافظ رضوان نے پیش کیا۔ڈاکٹر ابوتراب انصاری اور ڈاکٹر رفیق منیار نے ایم بی بی ایس، بی اے ایم ایس، بی ڈی ایس، فیجی تھیراپی میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کا تعارف اور نیٹ میں کامیابی کیلئے انتھک جدوجہد سامعین کے گوش گزار کیا۔
ڈاکٹر خلیل یونس نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے شہر کے ان طلبہ اور ان کے والدین، اساتذہ کی ستائش کی اور کہا کہ قوم کے بچے تعلیم کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔یہ معاشرے کیلئے خوش آئند قدم ہے۔اس پروگرام کے حوالے سے پروفیسر خلیل یونس نے قوم کے دیگر بچوں کو بھی اعلیٰ میں جوہر دکھا کر اپنا والدین، اسکول، سماج کا نام روشن کرنے کی اپیل کی۔
ہیرے میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے ماہر چشم ایچ او ڈی ڈاکٹر مکرم خان نے کہا کہ میڈیکل جیسے اہم شعبے میں اور اعلیٰ تعلیم کے دیگر شعبوں میں ہماری قوم کے بچوں کا آگے بڑھنا یقینا پوری ملّت کیلئے باعث مسرت و افتخار ہے۔موصوف نے اس موقع پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے کہا کہ اس پر فتن دور میں قوم کے بچوں کی یہ کامیابی یقینی طور پر فرقہ پرستوں کو بہت کھل رہی ہے۔ آپ کو بہت محتاط رہ کر شریعت کی پاسداری کرتے ہوئے میڈیکل کالج اور دیگر کالجوں میں تعلیم حاصل کرنا ہے۔مکرم خان نے بالخصوص لڑکیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا آپ اپنے والدین کی عزت ہیں ۔والدین آپ پر اعتماد کرکے کالجوں میں بھیج رہے ہیں۔آپ حجاب پہن کر اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔معاشرہ کیلئے یقینا فخر کی بات ہے۔اسکے علاوہ بھی مکرم خان نے لڑکیوں کے ہمراہ قوم کے نوجوانوں کو بیش قیمت مشوروں سے رہنمائی کی۔
یہ بھی پڑھئے:زخمی اسرائیلی فوجی کی ماں کا سوال: ملک کیلئے لڑنے کا یہی صلہ ہے؟
معلوم ہوکہ اعزازی تقریب میں امسال ایم بی بی ایس میں۲۲،بی اے ایم ایس میں۱۵، بی یو ایم ایس میں۱۰،بی ایچ ایس میں۷،فزیو تھیراپی میں ۴،بی ڈی ایس میں ایک اور پی ایچ ڈی میں ۴؍اس طرح سے ۶۲؍طلبہ کی کامیابی کا اعتراف و استقبال بطور جاءنماز، قرآن کریم، توصیفی سند پیش کرکے کیا گیا۔ اس اعزازی تقریب کی نظامت آل انڈیا مشاعروں کے معروف ناظم ایاز احمد ایاز نے اپنے مخصوص و منفرد انداز میں انجام دی۔