Inquilab Logo

وقف کی زمین پر تعمیر کردہ عمارت پونے مہانگر پالیکا نے منہدم کردی

Updated: September 05, 2022, 12:12 PM IST | Agency | Pune

کونڈھوا کٹراج روڈ پر عالمگیر مسجد ٹرسٹ کی زمین پرغیر قانونی بلڈنگ تعمیر کی جارہی تھی جس کے خلاف رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نےآواز اٹھائی تھی

The scene of the demolition of an illegal building constructed on waqf land.Picture:Tweet
وقف اراضی پر تعمیر غیر قانونی بلڈنگ کے انہدام کا منظر ۔تصویر،بشکریہ ٹویٹ)

پونے میونسپل کارپوریشن نے وقف بورڈ کی زمین پر تعمیر کی جارہی ہے ایک  غیرقانونی عمارت کو منہدم کردیا۔ اورنگ آباد  میں مجلس اتحاد المسلمین کے   رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اس تعلق سے زیر تعمیربلڈنگ کی تصویر منسلک کرکے ٹویٹ کیا تھا۔ یہ بلڈنگ سروے نمبر۵۵؍ کے تحت وقف بورڈکی  زمین  کے ایک حصے پر کھڑی کی جارہی تھی ۔  ٹی وی ۹؍ مراٹھی کی  ایک رپورٹ کے مطابق  پونے میونسپل کارپوریشن کے انسداد تجاوزات محکمہ نے۴؍ ہزار مربع فٹ  پر تعمیر کی جارہی اس بلڈنگ کو اس کے خلاف ملنے والی شکایتوںکی بنیاد پرمنہدم کردیاہے۔واضح رہےکہ سروے نمبر ۵۵؍ وقف بورڈ  کے تحت آنے وا لی یہ  زمین کونڈھوا کٹراج روڈ پر عالمگیر مسجد ٹرسٹ کی ملکیت  ہے۔ مسجد ٹرسٹ کی زمین پر تعمیر کی جارہی بلڈنگ کے خلاف ۲۱؍ اگست کو امتیاز جلیل نے پونے میونسپل کارپوریشن کو ٹویٹ کرتے ہوئے مطلع کیاتھا  اورگزارش کی تھی کہ یہ وقف زمین پر قبضے کی ایک  صورت ہے۔ اسے روکا جانا چاہئے۔ انہوں نے پونے کے سماجی کارکنان سےبھی اس تعمیر کےخلاف متحدہ آواز اٹھانے کی اپیل کی تھی ۔   اس کے بعد سابق انکم ٹیکس کمشنر اکرام الجبار خان اور سماجی کارکن سلیم ملا نے اس ضمن میں ۲۵؍ اگست کو شکایت درج کروائی تھی۔  پونے مہا نگر پالیکا کے بلڈنگ پرمٹ ڈپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈینٹ انجینئر یوراج دیشمکھ نے کہا کہ وقف بورڈ ہمارے ساتھ اس معاملے کی پیروی کر رہا ہے اور اسی کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ عمارت کو غیر قانونی ہونے کی وجہ سے منہدم کر دیا گیا ہے۔ پونے کے علاقائی وقف افسر خسرو خان ​​نے کہا’’یہ وقف زمین پر ایک غیر قانونی تعمیر تھی اور ہم نے بلدیہ اور محکمہ پولیس  سے  اس کے خلاف کارروائی کیلئےتحریری شکایت کی تھی ۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ کونڈھوا پولیس سے بھی اس واقعہ کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔سابق انکم ٹیکس کمشنر خان نے کہا کہ ہم نومبر۲۰۱۶ء  سے تجاوزات ہٹانے کے لیے وقف بورڈ کی پیروی کر رہے ہیں۔ وقف املاک پر غیر قانونی سرگرمیوں کو دور کرنا بورڈ کا فرض ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK