Inquilab Logo

میئر کیس میں کورٹ کا موقف سخت، بی جےپی کو جھٹکا

Updated: February 20, 2024, 9:24 AM IST | Ahmadullah Siddiqui/ Agency | New Delhi

چندی گڑھ میں سپریم کورٹ  تازہ الیکشن کے حق میں نہیں، اراکین کی خریدوفروخت کا اندیشہ ظاہر کیا، سابقہ ووٹوں کی بنیاد پر نئےمیئر کے انتخاب کا اشارہ دیا۔

In Chandigarh, on Sunday, 3 corporators of `Aap` joined BJP, but there will be no fresh election, so this preparation of BJP went in vain. Photo: PTI
چندی گڑھ میں اتوار کو ’آپ‘ کے ۳؍ کارپوریٹر بی جےپی میں شامل ہوگئے مگر تازہ الیکشن نہیں ہوگا اس لئے بی جےپی کی یہ تیاری رائیگاں گئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

چندی گڑھ میئر الیکشن میں دھاندلی اور  ۸؍ ووٹوں پر ’ایکس‘ کا نشان لگا کرانہیں خراب کرنے کے معاملے پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیر کو  خاطی افسر انل مسیح کی سرزنش کی اور اراکین کی خریدوفروخت کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن  نہ کراتے ہوئے سابقہ الیکشن کے بیلٹ پیپرس کی گنتی کرکے نتائج کے اعلان کا اشارہ دیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی  چندر چُڈ، جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے چندی گڑھ انتظامیہ سے تمام دستاویز اور الیکشن کے دن کی ویڈیوگرافی  طلب کی ہے۔
بی جےپی کا کھیل بگڑ گیا
سابقہ سماعت میں سپریم کورٹ کے رخ کو دیکھتے ہوئے پیر کی سماعت سے ایک روز قبل چندی گڑھ میں سیاسی اٹھا پٹخ دیکھنے کو ملی۔ ایک طرف جہاں دھاندلی سے منتخب ہونےو الے بی جےپی کے میئر نے استعفیٰ دےدیا وہیں، عام آدمی پارٹی  کے ۳؍ کارپو ریٹروں نے بی جےپی میں شمولیت اختیار کرلی۔اس طرح ووٹوں کا توازن  پلٹ گیا اور اب اگر الیکشن ہوتے ہیں تو اکثریت بی جےپی کے پاس ہوگی اس لئے اس کا میئر منتخب ہوگا۔  یہ سمجھا جارہاتھا کہ سپریم کورٹ سابقہ الیکشن کو کالعدم قراردیتے ہوئے تازہ الیکشن کا حکم دےگا مگر کورٹ  نے   پھر سے الیکشن کرانے کے بی جےپی کے منصوبہ پر پانی پھیرتے ہوئےسابقہ الیکشن کے بیلٹ   پیپرس کےمطابق نتائج طے کرنے کا اشارہ دیا۔ عدالت  نےکارپوریٹروںکی خرید وفروخت   کے پیش نظر چندی گڑھ کے میئر کیلئے دوبارہ الیکشن کرانے کی تجویز کو مسترد کردیا۔
 بیلٹ پیپروں کی دوبارہ گنتی ہوگی
چیف جسٹس ڈی وائی چندر چڈ کی سربراہی والی بنچ نے  پیر کو واضح طور پر حکم دیاکہ اُن ہی  بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی ہوگی جن کو ریٹرننگ آفیسر انل مسیح نے ’کراس‘ بنا کر خراب کردیا تھا۔ عدالت نے چندی گڑھ کے ڈپٹی کمشنر کو بھی ہدایت دی کہ وہ ایک ایسا ریٹرننگ آفیسر منتخب کریں جس کی کسی سیاسی جماعت سےوابستگی نہ ہو اور وہ موجودہ بیلٹ پیپر کی گنتی کرکے نتائج کا اعلان کرے۔  عدالت نےاس عمل میں کسی طرح کی دھاندلی اور  چھیڑ چھاڑ کے امکان کوختم کرنے کیلئے یہ بھی ہدایت دی کہ پنجاب  اور ہریانہ ہائی کورٹ کا مقرر کردہ کوئی عدالتی افسر بیلٹ پیپر کی گنتی کے عمل کی نگرانی کرے۔ اس کے ساتھ ہی  بیلٹ پیپرس کی گنتی کے عمل کا ویڈیو بنانے کا حکم بھی دیاگیا۔
خریدوفروخت پر اظہار تشویش
چیف جسٹس نے کہاکہ جس طرح سے کارپوریٹروں کی خرید وفروخت ہو رہی وہ انتہائی پریشان کن ہے۔کورٹ نے رجسٹرار جنرل کی تحویل میں موجود بیلٹ پیپرس کوبھی منگل کو دوپہر ۲؍بجے تک سپریم کورٹ  میں  پیش کرنے ہدایت  دی۔ بنچ نے کہا ہےکہ بیلٹ کی محفوظ  منتقلی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے  تمام ضروری حفاظتی انتظامات کئے جائیں ۔ 
انل مسیح کی سرزنش ، مقدمہ کا سامنا
 اس سے قبل عدالت نے ریٹرننگ آفیسر انل مسیح کی سخت سرزنش کی اوران سے کئی تلخ  سوالات  پوچھے۔ عدالت کی سخت ہدایت پر پیرکو انل مسیح کمرہ عدالت میں موجود تھے۔انہیں بنچ نے خبردار کیاکہ اگر انہوں نے دروغ گوئی سے کام لیا تو مقدمہ چلایا جائےگا۔ انل مسیح نے اس کے بعد بھی  عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور دعویٰ کیا کہ وہ بیلٹ پیپر کو خراب نہیں کر رہے تھے  بلکہ انہوں   نے ان ۸؍ بیلٹ پیپرس پر ’ایکس‘ کا نشان بنایا جو پہلے ہی خراب تھے۔ انہوں نے  الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کے کارپوریٹروں نے دھکا مکی کی، وہ  بیلٹ پیپر چھین کر بھاگنے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوں  نے  بتایا کہ اسی لئے وہ بیلٹ گنتے وقت سی سی ٹی وی کیمرہ کی طرف دیکھ رہے تھے تاہم  اس کے خلاف مقدمہ  چلنے کا قوی امکان موجود ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK