Inquilab Logo

ملک کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے پاس الیکشن لڑنے کیلئے پیسے نہیں ہیں!

Updated: March 28, 2024, 11:27 PM IST | Agency | New Delhi

کرناٹک سے راجیہ سبھا کی رکن وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ وہ دوسرے امیدواروں کیلئے مہم چلائیں گی اور ٹی وی پروگراموں میں حصہ لیں گی۔

Finance Minister Nirmala Sitharaman. Photo: INN
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن۔ تصویر : آئی این این

ملک کے خزانے کا حساب و کتاب رکھنے والی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے پاس الیکشن لڑنے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے خود ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا نے مجھ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا تھا مگر میں نے انکار کر دیا کیونکہ میرے پاس الیکشن لڑنے کے لئے ضروری فنڈ نہیں ہے! وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے مجھے آندھرا پردیش یا تمل ناڈو سے الیکشن لڑنے کا متبادل دیا تھا، مگر میں نے انکار کر دیا۔ ہفتہ دس دن تک سوچنے کے بعد میں نے جواب دیا۔ میرے پاس الیکشن لڑنے کے لئے اتنے پیسے نہیں ہیں، چاہے وہ آندھرا پردیش ہو یا تمل ناڈو۔ میں بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری دلیلیں تسلیم کر لیں، اس  لئے میں الیکشن نہیں لڑ رہی ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: کیرانہ کی سیاست میں اقراء حسن کے خاندان کا دبدبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہے

جب ان سے پوچھا گیا کہ ملک کے وزیر خزانہ کے پاس الیکشن لڑنے کے  لئے اتنے فنڈز کیوں نہیں ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ ان کا ذاتی فنڈ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تنخواہ، میری کمائی اور میری بچت میری ہے، ہندوستان کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ نہیں ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے امیدواروں کے  لئے مہم چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کے بہت سے پروگراموں میں حصہ لوں گی اور امیدواروں کے ساتھ رہوں گی- میں انتخابی مہم میں رہوں گی۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کرناٹک سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔چند روز قبل ان کے شوہر پرکلا پربھاکر کا ایک بیان میڈیا میں آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ الیکٹورل بونڈ ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ ہے، یہ بہت اہم ایشو بنے گا۔ بی جے پی کی لڑائی اپوزیشن یا پھر دیگر پارٹیوں سے نہیں ہوگی بلکہ اس ایشو کی وجہ سے اصل لڑائی بی جے پی اور ملک کی عوام کے درمیان ہوگی۔  

اس معاملے میں ڈی ایم کے کا بیان آیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان سرونن انا درائی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بلا وجہ بہانے بنا کر وزیر خزانہ الیکشن لڑنے سے بھاگ رہی ہیں، الیکشن لڑنے پیسوں کی نہیں بلکہ عوامی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کے پاس نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK