بی ایم سی کو پہلے مرحلہ میں ۳۴۴؍کلو میٹر سڑکوں کوسیمنٹ کانکریٹ کا کرنا تھا لیکن اب تک محض۴۶؍کلو میٹر سڑک کا کام ہی مکمل ہوسکا ہے۔
EPAPER
Updated: December 08, 2024, 5:19 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
بی ایم سی کو پہلے مرحلہ میں ۳۴۴؍کلو میٹر سڑکوں کوسیمنٹ کانکریٹ کا کرنا تھا لیکن اب تک محض۴۶؍کلو میٹر سڑک کا کام ہی مکمل ہوسکا ہے۔
برہن ممبئی مہا نگر پالیکا نےایک بار پھر شہر اور مضافات میں سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کے مقصد سے سیمنٹ کانکریٹ کی سڑکیں بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ حالانکہ شہریوں کو گڑھوں سے پاک سڑکوں کیلئے مزید کئی ماہ اور انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ پہلے مرحلہ میں شہر کی ۳۴۴؍ کلو میٹر پر مشتمل سڑکوں کومکمل کرنے کا جو ہدف رکھا گیا تھا اسے پورا کرنےمیں شہری انتظامیہ پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے ۔پہلے مرحلہ میں موسم باراں سے قبل ہی مذکورہ بالا سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کر دیا جانا چاہئے تھا جو پورا نہیں کیا جاسکا ہے۔
اب تک بی ایم سی نے شہر اور مضافات میں پہلے مرحلہ میں محض ۴۶؍ کلو میٹر سیمنٹ کانکریٹ کی ہی سڑک مکمل کرسکی ہے جبکہ ۲۹۸؍ سڑکوں کا کام جو اب تک التوا کا شکار رہا ہے اور دیئے گئے ہدف کو پورا نہیں کر سکی ہے، ان کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں شہر اور مضافات کے کل ایک ہزار ۴۲۰؍ کلو میٹر پر مشتمل سڑکوں کو سیمنٹ کانکریٹ میں تبدیل کرنا ہے۔ بی ایم سی کے بقول پہلے مرحلہ کے ساتھ ہی دوسرے مرحلہ کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا ۔ فی الحال دوسرے مرحلہ میں شہر اور مضافات کے ۴۳۳؍سڑکوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
بی ایم سی کے بقول پہلے مرحلہ میں ۳۰؍ فیصد کام مکمل ہونے اور دیئے گئے ہدف کو پورا نہ کرنے کے سبب پہلے ۸؍ کانٹریکٹروں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور اس کے بعد مانسون سے قبل اسے پورا نہ کرنے کی پاداش میں معاہدہ ختم کر دیا گیا۔ بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق پہلے مرحلہ میں نئے کانٹریکٹر کو منتخب کئے جانے کے بعدشہر کی ۲۰۸؍ سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کے مقصد سے سیمنٹ کانکریٹ کا کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ۔آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پہلے اور دوسرے مرحلہ میں کام کو جاری رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی لیکن کام میں تاخیر ہونے اور ہدف پورا نہ کرنے کی کئی وجوہات ہیں۔
بی ایم سی کے بقول موسم باراں میں ہدف کو پورا نہ کرنے اور ۸؍ کانٹریکٹروں کا معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد نئے کانٹریکٹروں کا انتخاب کرنے کے بعد کام شروع کیا گیا ، اس سے قبل موسم باراں نے دستک دے دی تھی ۔ وہیں جب دوبارہ کام شروع کرنے کی کوشش کی گئی تواس وقت تک اسمبلی الیکشن کا اعلان ہوگیا اور اس سلسلہ میں راستوں کو بلاک کرنے کی درخواست پر ٹریفک پولیس نے وقت پر جواب نہیں دیا۔ بعد ازیں جب ٹریفک پولیس نے نشاندزد کی گئی سڑکوں کو بلاک کرنے میں مدد فراہم کرنے کی اطلاع دی تھی، اس وقت تک ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا تھا۔