غزہ میں تعمیر نو خوفزدہ اسرائیلی فوجی اب تک سیکڑوں گدھے چوری کرچکے ہیں تاکہ اہل غزہ ان پر تعمیراتی سامان لاد کر نہ لاسکیں ، ساتھ ہی نقل و حمل کیلئے بھی استعمال نہ کرسکیں۔
EPAPER
Updated: July 23, 2025, 1:49 PM IST | Agency | Gaza
غزہ میں تعمیر نو خوفزدہ اسرائیلی فوجی اب تک سیکڑوں گدھے چوری کرچکے ہیں تاکہ اہل غزہ ان پر تعمیراتی سامان لاد کر نہ لاسکیں ، ساتھ ہی نقل و حمل کیلئے بھی استعمال نہ کرسکیں۔
اسرائیلی فوج غزہ کی سڑکیں تباہ کرنے، علاقے کوایندھن سے محروم کرنے اور ریسکیو سروسیز کی گاڑیوں کو تباہ کرنے کے بعد فلسطینیوں کے زیر ملکیت سیکڑوں گدھوں کو اپنا ہدف بناکر چوری کرنے میں ملوث نکلی ہے۔مڈل ایسٹ مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی چینل کان نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی محصور پٹی سے سیکڑوں گدھوں کو چوری کرکے انہیں اسرائیل اسمگل کیا اور بعد ازاں فرانس منتقل کر دیا تاکہ غزہ میں ان کا استعمال تعمیر نو کے مقاصد کے لئےنہ ہو سکے۔
چینل کےمطابق غزہ سے درجنوں گدھوں کی منظم لوٹ مار اسرائیلی تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی سے اور یورپی اداروں، خاص طور پر فرانسیسی اور بلجیم کے اداروں کی ملی بھگت سے کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان علاقوں سے گدھوں کو لوٹا یا چوری کیا جہاں انہوں نے غزہ کے اندر چڑھائی کی اور اس عمل کو ’بیماری اور جانوروں کو نظر انداز کرنے‘ سے بچانے کے بہانے کے طور پر پیش کیا۔اسرائیلی میڈیا نے اس لوٹ مار کو ایک ’ویٹرینری ریسکیو آپریشن‘ کے طور پر رپورٹ کیا جبکہ ان کے مالکان کا کوئی ذکر نہیں کیا جن کیلئے یہ جانور اسرائیلی نسل کشی سے بچنے کیلئے بنیادی ذریعہ نقل و حمل تھے۔
بین الاقوامی قانون کے تحت کسی مسلح تنازع کے دوران شہری املاک کی زبردستی ضبطی ایک جنگی جرم کے طور پر شمار کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق غزہ سے جمع کئےگئے گدھوں کو تل ابیب کے جنوب میں موشاف ہاروت میں واقع ایک اسرائیلی فارم منتقل کیا گیا، جسے شیرون کوہن چلاتی ہیں۔فارم کی ویب سائٹ ان جانوروں کو ’نفسیاتی صدمے کے شکار‘ قرار دیتی ہے، اور ان کے لیے خصوصی علاج کی ضرورت پر زور دیتی ہے، مگر ان کے اصل مالکان سے کوئی رابطہ یا منتقلی کی قانونی دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔ چینل نے بتایا کہ ۱۸؍مئی ۵۸؍گدھوں کی پہلی کھیپ بین گوریان ایئرپورٹ سے بلجیم منتقل کی گئی اور پھر انہیں فرانس اور بلجیم کے جانوروں کے پناہ گزین مراکز میں بھیج دیا گیا۔ چینل نے یہ بتایا کہ یہ تمام گدھے غزہ سے چرائے گئے ہیں۔