• Sat, 06 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کورونامیت کی آخری رسوم بڑاقبرستان ٹرسٹ کی ٹیم نے ادا کی

Updated: June 13, 2020, 4:22 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

یہاں کے ایک بنگلے میں رہنے والی ۲؍ سگی بہنوں میں سے ایک بہن کی کووِڈ-۱۹ ؍ سے کوپر اسپتال میں موت ہوگئی ۔ دوسری بہن ذہنی معذور ہے اس لئے وہ اپنی بہن کی آخری رسوم ادا نہیں کرسکتی تھی ۔

View of the cremation ground. Photo: INN
شمشان بھومی کا منظر۔ تصویر: آئی این این

یہاں کے ایک بنگلے میں رہنے والی ۲؍ سگی بہنوں میں سے ایک بہن کی کووِڈ-۱۹ ؍ سے کوپر اسپتال میں موت ہوگئی ۔ دوسری بہن ذہنی معذور ہے اس لئے وہ اپنی بہن کی آخری رسوم ادا نہیں کرسکتی تھی ۔ متوفی کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے جب کوئی آگے نہیں آیا تو اس کی اطلاع مرین لائنس بڑا قبرستان ٹرسٹ کو دی گئی۔ ٹرسٹ نے یہ ذمہ داری لی اور اپنی ایمبولنس کے ذریعہ لاش کو جوہو شمشان بھومی لے جاکر اپنے اخراجات سے اپنی ٹیم کے ساتھ اس خاتون کی آخری رسوم ادا کی ۔ بڑا قبرستان جامع مسجد آف بامبے ٹرسٹ کی ٹیم میں شامل اقبال ممدانی (صحافی) نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوہو کے علاقے میں واقع ایک بنگلے میں سندھی برادری سے تعلق رکھنے والی ۲؍ بہنیں رہتی تھیں جن کی عمریں ۶۲؍اور ۶۴؍ سال کے درمیان میں تھیں ۔ ۶۱؍ سالہ خاتون کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے یکم جون کو علاج کیلئے کوپر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرنے والی خاتون کی دوسری بہن کی ذہنی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ اپنی بہن کے آخری رسومات میں حصہ لے سکے ۔ بڑا قبرستان ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو جب اس تعلق سے معلوم ہوا کہ خاتون کی آخری رسومات کیلئے کوئی آگے نہیں آرہاہے تو انھوں نے اس کی ذمہ داری لی ۔ انھوں نے قبرستان ٹرسٹ کے ٹیم لیڈر صادق نائیک اور شاداب نائیک کی رہنمائی میں اپنی ایمبولنس کے ذریعہ خاتون کی لاش کو جوہو شمشان بھومی پہنچایا اور وہاں پر اس کی بہن کےہاتھوں آخری رسومات ادا کیں ۔ اقبال ممدانی نے یہ بھی بتایا کہ لاک ڈاؤن سے لے کر اب تک بڑا قبرستان ٹرسٹ نے برادرانِ وطن سے تعلق رکھنے والے ۲۰۰؍ افراد کی لاشوں کو اپنی ایمبولنس کے ذریعے شمشان بھومی تک پہنچایا اورآخری رسومات میں جو خرچ آیا ، بڑا قبرستان ٹرسٹ نے اسے ادا کیا ۔
 اس ضمن میں بڑا قبرستان ٹرسٹ کے صدر شعیب خطیب سے بات چیت کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کی جانب سے ممبئی کے تمام بڑے اسپتالوں میں ہماری ٹیم ۶؍ ایمبولنس کی مددسے کام کررہی ہے۔ ٹرسٹ جو کام کررہا ہے ،وہ کسی سماج ، مذہب اور برادری کے نام پر نہیں کررہا ہے بلکہ ہم نےبھائی چارگی ، ملک کی گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کا خیال رکھتے ہوئےیہ کام شروع کیا ہے۔الحمدللہ ہم لوگ بغیر کسی نام ونمود کے یہ کام کررہے ہیں ۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے ۔ فی الحال اس کی اشدضرورت ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK