موسم خوشگوار ہو گیا، درجہ حرارت میں واضح گراوٹ ،، جھیلوں، مشرقی مضافات اور تھانے میں معمولی بارش، محکمہ موسمیات نے ۴؍ بار ’اورینج‘ اور ایک بار ’یلو‘ الرٹ جاری کیا ۔
ممبئی مانسون۔ تصویر:آئی این این
معمول کی تاریخ سے ۱۲؍ دنوں کی تاخیر سے بالآخر منگل، ۲۳؍ جون کو محکمہ موسمیات نے ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں موسم باراں کی باقاعدہ آمد کا اعلان کردیا۔اس روز دن بھر کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں، مشرقی مضافات اور تھانے میں معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے میں ۲۵؍ جون تک جبکہ رائے گڑھ، رتنا گیری، سندھو درگ، پونے، کولہا پور، ستارا، شولا پور اور لاتور میں ۲۷؍ جون تک کیلئے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے ان علاقوں میں گھن گرج اور تیز ہوائوں کے ساتھ اوسط سے بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے منگل کو دن بھر میں مختلف اوقات میں ممبئی، رائے گڑھ اور اطراف کے علاقوں کیلئے ۵؍ بار تین تین گھنٹوں کیلئے بھاری بارش کی وارننگ جاری کی تھی جس میں ۴؍بار اورینج الرٹ اور ایک مرتبہ یلو الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
منگل کو محکمہ موسمیات کی قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ پر ۳۵ء۶؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۸ء۹؍ ایم ایم اور تھانے میں محض ۲؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۶ء۸؍ ڈگری ، سانتا کروز میں ۲۹ء۴؍ اور تھانے میں ۳۲ء۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔منگل کی صبح ۶؍ بجے تک ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ میں سے ۴؍ جھیلوں پر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی جو اس طرح ہے کہ مودک ساگر پر ۲۱ء۰۶؍ ملی میٹر، تانسا پر ۲ء۲۱، مڈل ویترنا۵۵؍ اور بھاتسا۱۶؍ ملی میٹر۔ جبکہ اپر ویترنا، ویہار لیک اور تُلسی جھیل پر بارش نہیں ہوئی۔ اس سال جون میں اب تک ان تمام جھیلوں پر مجموعی طور پر محض ۱۰۸؍ ملی میٹر بارش ہوئی ہے اور منگل کو ان جھیلوں میں ۸ء۰۷؍ فیصد پانی بچا ہوا تھا۔ گزشتہ برس ۲۳؍ جون کو ان جھیلوں میں ۲۸ء۲۱؍ فیصد جبکہ ۲۰۲۴ء میں ۵ء۳۱؍ فیصد پانی تھا۔ممبئی میں صبح ۸؍ بجے سے شام ۷؍ بجے کے درمیان شہر و مضافات میں محکمہ موسمیات اور بی ایم سی کے سب اسٹیشنوں پر نصب ویدر گیج پر جو بارش ریکارڈ کی گئی وہ اس طرح ہے۔ شہر میں نائر اسپتال پر ۷۸ء۹۶، لوور پریل میں این ایم جوشی مارگ میونسپل اسکول پر ۷۴ء۴، ایف سائوتھ وارڈ آفس پر ۷۲ء۶۳، پریل میں سی آئی ڈی ایم (سٹی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ) ۶۲ء۸، سیوڑی کولی واڑہ میونسپل اسکول ۶۰ء۶، بائیکلہ ۴۲ء۵، سائن ۲۱ء۵؍ اور مہالکشمی ۱۸؍ملی میٹر۔ مغربی مضافات میں ملاڈ ڈپو ۶۱ء۸، مالونی فائر اسٹیشن ۵۲ء۲، ملاڈ ایم ایچ بی میونسپل اسکول ۴۴ء۶، چنچولی فائر اسٹیشن ۴۲ء۶، باندرہ فائر اسٹیشن ۴۰ء۳۷؍ ملی میٹر۔ مشرقی مضافات میں مانخورد ایم پی ایس مہاراشٹر نگر اسکول ۵۱ء۲، پاسپولی پوائی میونسپل اسکول ۳۷ء۴، ایم سی ایم سی آر پوائی ۳۵، نوتن ودیا مندر ۳۰ء۸؍ اور مانخورد فائر اسٹیشن ۲۷ء۴؍ اور رام مندر ۱۳؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شہر و مضافات میں اوسط بارش کے باوجود کہیں سے بھی بارش سے متعلق کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ اس سال ممبئی میں موسم باراں کی آمد ۲۳؍ جون کو ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق ۱۹۵۰ء سے ۲۰۲۶ء تک اس سے قبل ۱۹۸۲ء میں ممبئی میں مانسون ۲۳؍ جون کو شروع ہوا تھا۔ دیگر جن برسوں میں مانسون تاخیر سے شروع ہوا ان میں ۱۹۷۴ء میں ۲۴؍ جون، ۱۹۵۹ء، ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۳ء میں ۲۵؍ جون ہے۔