این سی پی (شرد) نے ملزم کی تصویر شیئر کی اور سوال کیا کہ ’’ بیڑ تشدد میں وزیراعلیٰ کا ہاتھ ہے یا شری کانت شندے کا؟‘‘
EPAPER
Updated: November 29, 2023, 10:58 AM IST | Agency | Beed
این سی پی (شرد) نے ملزم کی تصویر شیئر کی اور سوال کیا کہ ’’ بیڑ تشدد میں وزیراعلیٰ کا ہاتھ ہے یا شری کانت شندے کا؟‘‘
ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ جالنہ میں پولیس پر پتھرائو کے الزام میں گرفتار کئے گئے رشی کیش بیدرے کا تعلق این سی پی (اجیت) سے ہے۔ اب بیڑ میں سیاستدانوں کے گھر توڑ پھوڑ کرنے والوں کا تعلق بھی حکومت میں بیٹھے لوگوں سے ہونے کا معاملہ سامنے آ رہا ہے۔ بیڑ میں پولیس نے سندیپ شیر ساگر کے گھر آتشزدگی کے الزام میں جسے گرفتار کیا ہے مبینہ طور پر اسکی تصویریں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کے بیٹے رکن پارلیمان شری کانت شندے کے ساتھ ملی ہیں۔
بیڑ میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کا ملزم گورکھ عرف پپو شندے کئی دنوں سے فرار تھا۔ پیر کو پولیس نے اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے اسے ۴؍ دنوں کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ہے۔ اسی دوران این سی پی ( شرد پوار) کے کارکن محبوب شیخ نے ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں پپو شندے وزیر اعلیٰ کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے جبکہ دوسری تصویر میں وہ وزیر اعلیٰ کے بیٹے اور رکن پارلیمان شری کانت شندے کے ساتھ سیلفی لیتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ محبوب شیخ نے لکھا ہے ’’بیڑ آتشزنی اور توڑ پھوڑ کے ملزم پپو شندے کی تصویر دیکھ کر اب بی جے پی لیڈروں کو بتانا چاہئے کہ اس تشدد میں وزیر اعلیٰ کا ہاتھ ہے یا رکن پارلیمان شری کانت شندے کا۔ ‘‘ یاد رہے کہ اس سے قبل جالنہ میں پتھرائو کے ملزم رشی کیش بیدرے کی تصویر شرد پوار کے ساتھ ملی تھی جسے بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے یہ کہتے ہوئے شیئر کیا تھا کہ ’’ یکم ستمبر کو جالنہ میں پتھرائو اور ۳؍ ستمبر کو شرد پوار سے ملاقات ۔ آخر مہاراشٹر میں کون آگ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ رشی کیش بیدرے کا تعلق اجیت پوار والی این سی پی سے ہے۔