Inquilab Logo

وزیر اعظم آج جموں میں ۳۰؍ہزار کروڑ کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

Updated: February 20, 2024, 10:27 AM IST | Agency | New Delhi

یہ پروجیکٹ صحت، تعلیم، ریل، سڑک، ہوا بازی، پیٹرولیم، بلدیاتی انفرااسٹرکچر سمیت کئی شعبوں کے ہیں۔ وزیر اعظم ۱۵۰۰؍افراد کو تقرر نامے بھی تقسیم کریں گے۔

Narendra Modi on Lucknow visit. Photo: PTI
لکھنؤ کے دورے پر نریندر مودی۔ تصویر : پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو جموں میں ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے، جن میں جموں و کشمیر کو باقی ہندوستان سے جوڑنے والا ادھم پور- بانہال ریلوے سیکشن کا بانہال سے سنگلدان تک تقریباً ۴۸؍ کلومیٹر کا حصہ شامل ہے۔ یہ پروجیکٹ صحت، تعلیم، ریل، سڑک، ہوا بازی، پیٹرولیم، بلدیاتی انفرااسٹرکچر سمیت کئی شعبوں سے متعلق ہیں۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم جموں و کشمیر کے تقریباً۱۵۰۰؍ نئے سرکاری طور پر بھرتی ہونے والے افراد کو تقرر نامے تقسیم کریں گے۔ وزیر اعظم ’وکست بھارت وکست جموں ‘ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مختلف سرکاری اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بھی بات چیت کریں گے۔ 
وزیر اعظم ملک میں ۳؍ نئے آئی آئی ایم یعنی آئی آئی ایم جموں، آئی آئی ایم بودھ گیا اور آئی آئی ایم وشاکھاپٹنم کا افتتاح کریں گے۔ وہ کیندریہ ودیالیہ(کے وی ایس ) کے لئے ۲۰؍ نئی عمارتوں اور ملک بھر میں نوودیہ ودیالیہ (این وی ایس) کی ۱۳؍ نئی عمارتوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم ملک بھر میں نوودیہ ودیالیوں کیلئے ۵؍ کیندریہ ودیالیہ کیمپس، ایک نوودیہ ودیالیہ کیمپس اور ۵؍ کثیر المقاصد ہال کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ نو تعمیر شدہ این وی ایس اور کے وی ایس عمارتیں ملک بھر کے طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ 
ایک ایسا قدم جو جموں و کشمیر کے لوگوں کو جامع، معیاری اور تیسرے درجےکی مکمل صحت خدمات فراہم کرے گا، وزیر اعظم آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس)، وجے پور (سامبا)، جموں کا افتتاح کریں گے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ، جس کا سنگ بنیاد بھی وزیر اعظم نے فروری۲۰۱۹ء میں رکھا تھا، مرکزی سیکٹر اسکیم پردھان منتری سواستھیہ سرکشا یوجنا کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ 
 ۱۶۶۰؍ کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے قائم کیا گیا اور ۲۲۷؍ ایکڑ سے زیادہ رقبے پر محیط یہ اسپتال ۷۲۰؍ بستروں، ۱۲۵؍ نشستوں والا میڈیکل کالج، ۶۰؍نشستوں والا نرسنگ کالج، ۳۰؍بستروں والا آیوش بلاک، فیکلٹی اور عملےکیلئے رہائش، پی جی اور یو جی طلباء کیلئے ہاسٹل، نائٹ شیلٹر، گیسٹ ہاؤس، آڈیٹوریم، شاپنگ کمپلیکس وغیرہ جیسی سہولیات سے آراستہ ہے۔ وزیر اعظم جموں ہوائی اڈے پر ایک نئی ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ۴۰؍ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط، اس نئی ٹرمینل عمارت کو مصروف اوقات کے دوران تقریباً ۲۰۰۰؍ مسافروں کو خدمات فراہم کرنے سے متعلق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ نئی ٹرمینل عمارت ماحول دوست ہوگی اور اس طرح تعمیر کی جائے گی کہ یہ علاقے کی مقامی ثقافت کو ظاہر کرے۔ اس سے فضائی رابطہ مضبوط ہوگا، سیاحت اور تجارت کو فروغ ملے گا اور خطے کی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔ 
 وزیر اعظم جموں و کشمیر میں مختلف ریل پروجیکٹوں کو ملک کے نام وقف کریں گے جن میں بانہال-کھاری- سمبر- سنگلدان (۴۸؍ کلومیٹر) کے درمیان نئی ریل لائن اور بارہمولہ- سرینگر- بانہال-سنگلدان سیکشن(۱۸۵ء۶۶؍کلومیٹر) کے درمیان نئی ریل لائن شامل ہے۔ وزیراعظم وادی میں پہلی الیکٹرک ٹرین اور سنگلدان اسٹیشن اور بارہمولہ اسٹیشن کے درمیان ٹرین خدمات کوبھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ 
پروگرام کے دوران، وزیر اعظم جموں سے کٹرا کو جوڑنے والے دہلی-امرتسر- کٹرا ایکسپریس وے کے دو پیکیج (۴۴ء۲۲؍کلومیٹر) سمیت اہم سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سری نگر رنگ روڈ کو ۴؍ لین کرنے کا دوسرا مرحلہ - این ایچ -۰۱؍ کے۱۶۱؍ کلومیٹر طویل سری نگر-بارہمولہ-اوڑی حصے کو اپ گریڈ کرنے کیلئے ۵؍ پیکیج اور این ایچ۴۴۴؍ پر کولگام بائی پاس اور پلوامہ بائی پاس کی تعمیر شامل ہے۔ 
وزیر اعظم جموں میں سی یو ایف (عام کامن یوزر فیسلیٹی) پیٹرولیم ڈپو کو فروغ دینے کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ جدید مکمل طور پر خودکار ڈپو جو تقریباً۶۷۷؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا، اس میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس)، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)، اسپیریئر کیروسین آئل (ایس کے او، ایوی ایشن ٹربائن فیول(اے ٹی ایف)، ایتھنول، بائیو ڈیزل اور سرمائی گریڈ ایچ ایس ڈی) کو ذخیرہ کرنے کیلئے تقریباً ایک لاکھ کے ایل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ 

مودی نے یوپی میں ۱۰؍ لاکھ کروڑ روپے  کے پروجیکٹس کا افتتاح کیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو یہاں منعقد گراؤنڈ بریکنگ سریمنی(جی سی بی۴) کے ذریعہ اترپردیش میں۱۰؍لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے۱۴؍ ہزار سے زیادہ پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ نریندر مودی نے ریموٹ  کا بٹن دبا کر منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مودی کو ریاستی حکومت کی حصولیابیوں پر مبنی ایک شارٹ فلم بھی دکھائی گئی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ جی بی سی ۴ء۰؍کے ذریعہ اترپردیش میں تقریباً ۳۴؍ لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے  امکانات ہیں۔ اس سے پہلے، یوگی حکومت نے ۳؍ جی سی بی کا انعقاد کیا ہے جس کے ذریعے ریاست میں۱۰ء۲؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری  ہوئی تھی۔اتر پردیش حکومت نے فروری ۲۰۱۸ء میں پہلی بار یوپی سرمایہ کاروں کے سمٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK