Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۱؍ویں میں داخلہ کیلئے رجسٹریشن کاعمل تیسرے دن بھی پیچیدگیوں بھرا رہا

Updated: May 29, 2025, 10:24 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

تکنیکی دشواریوں سےقطع نظر پسندیدہ کالج کےکالم میں کچھ کالجوں کےنام نہ ہونے سے طلبہ فارم مکمل نہیں کر پا رہے ہیں۔

Students trying to fill out forms in a cyber cafe. Picture: INN
ایک سائبر کیفے میں طلبہ فارم بھر نے کی کوشش کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

گیارہویں میں داخلے کیلئے رجسٹریشن کاعمل تیسرے دن بھی پیچیدگیوں بھرارہا۔ رجسٹریشن کی ویب سائٹ کبھی سست روی تو کبھی پوری طرح بند ہونے کے مراحل سے گزرتی رہی ۔ اس کےباوجود رجسٹریشن کروانےکیلئے طلبہ کی قطار سائبر کیفے اور متعدد سماجی اورتعلیمی اداروں کے مراکز پر دکھائی دی۔ تکنیکی دشواریوں سے قطع نظر ایک نئے مسئلے سے طلبہ اور والدین کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔ فارم پُر کرنے کے دوران پسندیدہ کالج کے کالم میں متعدد کالجوں کے ناموں کے درج نہ ہونے سے سیکڑوں طلبہ فارم بھرنے کی کارروائی مکمل نہیں کر پارہے ہیں۔ ان کالجوں میں بیلاسس روڈ پرواقع مہاراشٹر کالج بھی شامل ہے۔ جس کی وجہ سے مدنپورہ، آگری پاڑہ ،ناگپاڑہ، دوٹانکی، بائیکلہ اور اطراف کے دیگر علاقوں کے طلبہ اپنا فارم مکمل نہیں کرسکے ہیں۔ متعلقہ محکمہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی ہے۔ اُمید ہےکہ جلد ہی مسئلہ حل ہوجائے گا۔
جنوبی ممبئی کے ایک سائبر کیفے کےمالک نے بتایاکہ ’’ رجسٹریشن کےتیسرے دن بھی متعلقہ ویب سائٹ کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس کے باوجود طلبہ کے رجسٹریشن کا عمل جاری رہا۔  بدھ کو دوپہر سے سیکنڈ پارٹ کی ویب سائٹ بھی شروع ہوگئی ہے لیکن ایک نئے مسئلہ سے طلبہ اور والدین فکرمند ہیں۔ پسندیدہ کالج کے انتخاب کیلئے دی جانے والی فہرست میں کچھ کالجوں کا نام نہیں دکھائی دے رہاہے جس کی وجہ سے طلبہ اپنا فارم مکمل نہیں کرپا رہے ہیں۔ مثلاً ناگپاڑہ، مدنپورہ ،ڈنکن روڈ، کماٹی پورہ، مورلینڈ روڈ ،  بائیکلہ اور مجگائوں وغیرہ کے بیشتر طلبہ مہاراشٹر کالج میں داخلے کے متمنی ہیں لیکن فہرست میں مہاراشٹر کالج کانام نہ ہونے سے، ان کے رجسٹریشن کاعمل پورانہیں ہوسکاہے جس کی وجہ سے طلبہ اوران کے سرپرست تشویش میں مبتلاہیں۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ہمارےیہاں سے ایک سرپرست اسی تعلق سےمعلومات حاصل کرنے مہاراشٹر کالج گیاتھا۔اُسے بتایا گیا ہے کہ  متعلقہ محکمہ اور کالج کاعملہ مل کر اس مسئلہ کو حل کرنےکی کوشش کررہاہے،جلدہی مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ‘‘اس تعلق سے تعلیمی تنظیم کاوش کے سربراہ عامر انصاری نے بھی ایک ویڈیوشیئر کیا جس میں طلبہ کو گیارہویں میں داخلہ کیلئے رجسٹریشن فارم پُرکرنے کی اہم معلومات دیتے ہوئے  کہا ہے کہ متعلقہ ویب سائٹ پر پسندیدہ کالجوںکی فہرست والے کالم میں مہاراشٹر کالج کے علاوہ دیگر کچھ کالجوںکے نام بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں، چنانچہ طلبہ اور والدین جلد بازی نہ کریں، جلدہی سبھی کالجوں کے نام اس میں شامل ہوجائیں گے۔ پہلے رائونڈ میںفارم پـُر کرنے کی۳؍جون آخری تاریخ ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK