مالیگائوں کے بھکو چوک پر مقامی باشندوں کا مظاہرہ ، عدالت کے فیصلے کے خلاف نہیں تفتیشی ایجنسی کے طریقۂ کار سے ناراض ہیں
EPAPER
Updated: August 02, 2025, 11:54 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
مالیگائوں کے بھکو چوک پر مقامی باشندوں کا مظاہرہ ، عدالت کے فیصلے کے خلاف نہیں تفتیشی ایجنسی کے طریقۂ کار سے ناراض ہیں
حسب اعلان مالیگائوں کے باشندوں نے سنیچر کو شہر کے بھِکّو چوک پر مظاہرہ کیا ۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں ۲۹؍ ستمبر ۲۰۰۸ء کو بم دھماکہ ہوا تھا جس کے ملزمین کی فہرست میں سادھوری پرگیہ اور کرنل پروہت کا نام کلیدی طور پر شامل تھا۔عدالت کی جانب سے ان سارے ملزمین کو بری کر دیا گیا ہے۔ مالیگائوں کے باشندوں میں اس فیصلے کےبعد سے اضطراب ہے۔
مظاہرین میں شامل ایک شخص نے ہاتھوں میں زعفرانی رنگ کا ترازو پکڑ رکھا تھا جو اِس بات کی علامت تھی کہ انصاف پر بھگوا رنگ چڑھ رہا ہے ۔ اس مظاہرے کا اہتمام’ لوک سنگھرش سمیتی‘ نامی تنظیم نے کیا تھا ۔ سمیتی کے کنوینر لقمان انیس کمال نے کہا کہ ’’ ہم عدالت اور اس کے احکامات کے خلاف ہرگز نہیں ہیں ۔ ہماری ناراضگی تفتیشی ایجنسی این آئی اے کے طریق کار پر ہے ۔ اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ کے چیف آنجہانی ہیمنت کرکرے اور ان کے ساتھیوں نے پختہ شواہد و ثبوتوں کو اکٹھا کیا تھا ۔ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ایک ایسے گروہ پر شکنجہ کسا تھا جسے ہندوستان کے عوام نے پہلے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ملزمین کو بچانے کیلئے تفتیشی ایجنسی نے نرم روی اختیار کی جو عدالتی احکامات سے بالکل واضح ہوتی ہے ۔ اِس طرح تخریب کاروں کو تحفظ ملتا رہا تو ملک کی سلامتی پر سوالیہ نشان لگ جائے گا ۔ ‘‘ احتجاج میں سلیم احمد عرف ایکّا،سلمان ضیاء،حماد عتیق کمال،انجم انجانا،محمد وسیم،رئیس احمد،شفیق احمد اور عقیل دادا شامل تھے ۔
پولیس نے مظاہرہ کرنے سے روکا
لوک سنگھرش سمیتی نے مظاہرہ کرنے کیلئے قانونی اجازت نامہ لینے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس انتظامیہ نے ٹال مٹول کا راستہ اختیار کیا ۔ بات چیت کے ذریعے سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ اس نوعیت کا اقدام نہ کریں ۔سمیتی کے کارکنان بضد تھے کہ جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے انہیں مظاہرہ کرنے دیا جائے ۔منتظمین نے ایک تحریری یادداشت پولیس انتظامیہ کے سپرد کی ۔ جائے مظاہرہ پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات دِکھائی دیئے ۔ سمیتی کے عہدے داران پولیس کو میمورنڈم دینا چاہتے تھے لیکن پولیس افسران نے لینے سے انکار کردیا ۔