Inquilab Logo

بیڑ میں صورتحال دِگر گوں،عثمان آباد میں بھی کرفیو

Updated: November 01, 2023, 9:31 AM IST | Agency | Beed/Mumbai

جالنہ میں پنچایت سمیتی کا دفتر آگ کے حوالے ،پونے میں بنگلور -ممبئی ہائی وے پر احتجاج مراٹھواڑہ کے ۵؍ اضلاع میں بس سروس ٹھپ ،جرنگے کو منانے کی کوشش ناکام۔

Protesting on the Mumbai-Bangalore highway in Pune on Tuesday. Photo: PTI
پونے میں منگل کو ممبئی-بنگلور ہائی وے پر احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مراٹھا ریزرویشن تحریک نے اب وہ شکل اختیار کر لی ہے جس کی تو قع شاید ہی کسی کو رہی ہو۔ غیر معمولی تشدد کے بعد  شندے سرکار کی نیند حرام ہوچکی ہے۔   پیر کو  این سی پی کے رکن اسمبلی پرکاش سولنکے کےبنگلے اور بی جےپی ایم ایل اے پرشانت  بمب کے دفتر کو آگ کے حوالے کرنے کے بعد مظاہرین نے  شیوسینا (شندے گروپ)  کے لیڈر  جے دت شِرساگر کے دفتر  اور ان کے بھتیجے سندیپ شر ساگر جو این سی پی میں ہیں،  کے گھر کو نذر آتش کردیا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سمیت تمام وزراء کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے اور حکومت نے تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔ 
بیڑ اور عثمان آباد میں کرفیو
بیڑ میں دیکھتے ہی دیکھتے شہر کے کئی لیڈروں کی رہائش گاہوں کےنشانہ بنائے جانے اور آتشزنی کی وارداتوں کے بعد انتظامیہ نے کرفیو نافذ کردیا ہے۔ یہاں ۴۹؍ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ کرفیو کےنفاذ کے بعد انتظامیہ حالات قابو میں ہونے کا دعویٰ  کیا ہے۔ اُدھر عثمان آباد میں  بھی حکم امتناعی کے ساتھ ہی کرفیو نافذ کردیاگیاہے۔اس دوران  تمام اسکول، کالج اور دکانیں بند رکھنے کا حکم دیا گیاہے۔ البتہ میں میڈیکل اسٹور، اسپتال  اور میڈیا کے دفاتر کو مستثنیٰ رکھا گیاہے۔
مزید کئی لیڈر مظاہرین کا نشانہ بنے
بیڑ میں رکن اسمبلی پرکاش سولنکے کے مکان  پر پتھرائو اور  آتشزنی  کے بعد مظاہرین نے این سی پی (شرد پوار خیمہ) کے ایم ایل اے  سندیپ شِرساگر اور او بی سی لیڈر جے دت شر ساگر کے مکانات کو نذر آتش کردیا۔ بیڑ کی ضلع کلکٹر دیپا منڈے نے کرفیو کا حکم جاری کر دیاہے۔ شہر کے ۵؍ کلو میٹر کے اطراف میں اگلےحکم تک دفعہ ۱۴۴؍ نافذ رہے گی۔ یہاں   انٹرنیٹ بھی بند کرنے کی اطلاعات ہیں۔ 
جالنہ : پنچایت سمیتی کا دفتر پھونک دیاگیا
جالنہ میں ’’ایک مراٹھا، لاکھ مراٹھا‘‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے چند مظاہرین نے پیر اور  منگل کی درمیابی شب میں جالنہ میں پنچایت سمیتی کے دفتر کو نذر آتش کردیا۔ حالانکہ پولیس نے فوری طور پر وہاں پہنچ کر آگے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے مگر تب تک کئی اہم دستاویز  جل کرخاک ہوچکے تھے۔ یہاں شیلگاؤں میں پٹریوں پر احتجاج کرکے ٹرین خدمات کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔ ریلوے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چند نوجوان ٹرین کی پٹریوں پر بیٹھ گئے تھے۔ آر پی ایف کے سب انسپکٹر سندیپ کمار نے بتایا کہ فوری طور پر آر پی ایف اور ریلوے افسران نے  جائے واقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو سمجھایا بجھایا جس کےبعد وہ وہاں سے ہٹے۔ 
پونے میں ممبئی-بنگلور شاہراہ پر احتجاج
  پونے میں مراٹھا ریزرویشن کا مطالبہ کرتے ہوئے نوجوانوں  نے ممبئی-بنگلور شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کئے۔اس کی وجہ سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ سینھ گڑھ روڈ پولیس اسٹیشن  کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’نوالے بریج کے قریب مظاہرین نے دوپہر کو ممبئی -بنگلور ہائی وے کو جام کردیا تھا ۔ انہوں نے جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے ۷؍ سے ۸؍ مقامات پر ٹائر نذر آتش کئے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ سے کچھ دیر تک سڑک کی دونوں جانب ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہی تاہم جلد ہی حالات پر قابو پالیا۔
۵؍ اضلاع میں بس سروس متاثر
 مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ جسے عرف عام میں ایس ٹی کہا جاتاہے، کی بسوں کی خدمات  ریاست کے ۵؍ اضلاع میں ٹھپ پڑ گئی ہے۔ پربھنی، عثمان آباد، لاتور، جالنہ اور ناندیڑ میں تشدد کو دیکھتے ہوئےایس ٹی کی بس سروس گزشتہ ۳؍ سے ۴؍ دنوں سے پوری طرح بند ہے۔ ان کے علاوہ بیڑ اور اورنگ آباد میں بھی بس کی خدمات بری طرح  متاثر ہیں۔ 
 منوج جرنگے کو منانے کی کوشش ناکام
اس بیچ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے قائد منوج جرنگے کو منانے کی حکومت کی ساری کوششیں  ناکام ہوگئی ہیں۔ منگل کو وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان سے طویل بات چیت کی مگر جرنگے نے اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماراٹھا سماج ’’نامکمل ریزرویشن‘‘کو قبول نہیں کریگا۔  انہوں نے کہا کہ اس  مطالبے کو پورا کرنے کیلئے مہاراشٹر حکومت کو چاہئے کہ وہ اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK