Inquilab Logo

حج کمیٹی کی تشکیل نہ ہونے پر سپریم کورٹ سخت برہم، مرکزی حکومت کو نوٹس

Updated: November 25, 2023, 8:58 AM IST | Agency | New Delhi

توہین عدالت کی عرضی پر مرکزکو ایک ہفتہ کے اندرجواب داخل کرنے کا حکم،عرضی گزار حافظ نوشاد اعظمی کے وکلاء نے کورٹ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

The Supreme Court has adopted a strict attitude in the case of the Hajj Committee. Photo: INN
سپریم کورٹ نے حج کمیٹی کے معاملہ میں سخت رویہ اپنایا ہے۔ تصویر : آئی این این

سپریم کورٹ نے آئین وقانون کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا کی تشکیل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو ایک ہفتہ کے اندرجواب دینے کا حکم  دیا ہے ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس  چندر چڈ کی سربراہی والی بنچ نے اس سال مارچ میں سماعت میں وزارت اقلیتی امور کو ہدایت دی تھی کہ وہ تین ماہ کے اندرحج ایکٹ ۲۰۰۲ء کی دفعہ ۴؍اور۱۷؍ کے تحت حج کمیٹی کی تشکیل کا عمل مکمل کرلے تاہم ۶؍ماہ گزرنے کے باوجود وزارت نے اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ 
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن اور عرضی گزار حافظ نوشاد احمد اعظمی حج کمیٹی کی تشکیل نہ ہونے پر اکتوبر میں توہین عدالت کی عرضی دائر کرکے مرکزی حکومت کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعہ کو اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس چندر چڈ ،جسٹس جےبی پاردی والا اور جسٹس منوج مشراکی بنچ نے مرکزی حکومت کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔عرضی دہندہ کے وکلاءسنجے ہیگڑے اور طلحہ عبدالرحمٰن نےعدالت عظمیٰ کی اس بات پر توجہ دلائی کہ بار بار عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور اس پر عمل نہیں کیا جارہاہے،اس لئے اس معاملہ میں سخت کارروائی کی جائے۔ 
 مرکزی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کےنٹراج پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے مرکز کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ توہین عدالت کا معاملہ ہے اور اس کے ساتھ ہدایت دی کہ حکومت جواب دے کہ اس نے اب تک حج کمیٹی کی تشکیل کیوں نہیں کی؟مرکز ی حکومت نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملہ میں ایک ہفتہ کے اندر جواب داخل کرے گی۔ 
خیال رہے کہ حافظ نوشاد اعظمی نے اکتوبر ۲۰۲۱ء میں مفاد عامہ کی عرضی داخل کی تھی جس میں صوبائی حج کمیٹیاں اور مرکزی حج کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیاتھا۔ حج کمیٹی آف انڈیا میں۹؍ ممبران صوبائی حج کمیٹیوں سے منتخب  کئے جاتے ہیں۔عدالتی فیصلہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نوشاد احمد اعظمی نے کہا کہ انہیں امید ہےکہ بہت جلد حج کمیٹی کی تشکیل سے متعلق عدالتی فیصلہ پر عمل در آمد ہوگا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK