• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ووٹر لسٹ درست کی جائے پھر الیکشن کروایا جائے ‘‘

Updated: October 16, 2025, 12:47 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اپوزیشن پارٹیوں کی مشترکہ پریس کانفرنس، راج ٹھاکرے نے کہا ’’ وہ ووٹرلسٹ نہیں دکھا رہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ کچھ گڑبڑ ہے.‘‘

From right: Jayant Patil, Uddhav Thackeray, Balasaheb Thorat and Raj Thackeray. Photo: INN
دائیں سے : جینت پاٹل، ادھو ٹھاکرے، بالا صاحب تھورات اور راج ٹھاکرے۔ تصویر: آئی این این
’’الیکشن کمیشن سیاسی پارٹیوں کو ووٹر لسٹ دکھانا نہیں چاہتا، اس کا مطلب ہے کہ اس میں کچھ گڑ بڑ ہے۔ ‘‘ یہ الزام لگایا ہے مہاراشٹر نونرمان سیناکے سربراہ راج ٹھاکرے جو ممبئی میں اپوزیشن پارٹیوں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ منگل کو چیف الیکشن آفیسر سے کےبعداپوزیشن پارٹیوں کے مشترکہ وفد نے بدھ کو ریاستی اور مرکزی دونوں الیکشن کمیشن کے افسران کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں ووٹر لسٹ میں پائی جانے والے کئی فاش غلطیوں سے آگاہ کروایا۔ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ جب تک ووٹر لسٹ درست نہیں ہو جاتی تب تک یہ  میونسپل الیکشن   منعقد نہ کئے جائیں۔
ممبئی کے یشونت رائو چوان ہال میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے بتایا کہ اسمبلی  الیکشن سے قبل ممبئی کے کاندیولی اسمبلی حلقہ کی ایک ووٹر دھن شری کدم کی عمر ۲۳؍ سال بتائی گئی اور ان کے والد دیپک رگھوناتھ کدم کی عمر ۱۱۷؍ سال بتائی گئی ۔ اسی طرح ۱۶۱؍ چارکوپ اسمبلی حلقہ میں ایک ووٹر نندی مہیندر چوہان کی عمر ۱۲۴؍سال بتائی گئی جبکہ اس کے والد مہیندر چوہان کی عمر۸۲؍ سال یعنی  کس نے کس کو پیدا کیا یہ سمجھ میں نہیں آرہاہے۔ ۲۰۲۴ء انتخابات کےبعد اسی حلقہ کی ووٹر لسٹ جو الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ڈالی ہے اس میں صرف نام دیئے گئے ہیں، تصویر ،عمر اور پتہ کچھ نہیں دیا گیا ہے۔ اس طرح کی غلطیاں بتانے کیلئے جب ہم ریاستی الیکشن کمیشن کے افسر سے ملاقات کرتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ یہ مرکزی الیکشن کمیشن کا کام ہے اور ہم مرکزی الیکشن کمیشن سےملاقات کرتے ہیں تو وہ بتاتے ہیں کہ یہ ریاستی الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ دونوں ہی مرکزی الیکشن کمیشن کے ہی نمائندے ہیںاس کے باوجود ٹال مٹول کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیں ووٹر لسٹ نہیں دکھا رہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ اس میں کچھ گڑبڑ ضرورہے۔ 
شیوسینا(ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اس موقع پر کہا کہ’’ جمہوریت کےتحفظ کیلئے مہاراشٹر کی سبھی سیاسی پارٹیاں متحد ہوئی ہیں،اس کیلئے ہم نے بی جے پی کو بھی مدعو کیاتھا لیکن ان کی طرف سے کوئی نہیں آیا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ ’’ ہم نے دونوں ہی الیکشن کمیشن سے یہی درخواست کی ہےکہ اگر الیکشن منعقد کروانا ہے تو ووٹر لسٹ درست کر کے اور شفافیت کے ساتھ الیکشن منعقد کروایا جائے اگر ایسا نہیں کر سکتے ہیں تو الیکشن ڈرامہ نہ کرتے ہوئے ’ الیکشن ‘ کے بجائے ’ سلیکشن ‘ کیاجائے۔‘‘ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیاکہ جن دوافسران سے ہم نے ملاقات کی ان کے بھی کچھ اختیارات ہیں یا وہ بھی محض کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔‘‘
اس پریس کانفرنس سے این سی پی (شرد) کے جینت پاٹل اور کانگریس کے بالا صاحب تھورات نے بھی خطاب کیا۔ جینت پاٹل نے بھی مختلف مثالوں کے ذریعے ووٹر لسٹ میں ہونے والی گڑبڑیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK