۲۰۱۸ء میں شروع کئے گئے اس پروجیکٹ کی تعمیر کاکام ۷؍ سال بعد بھی پورا نہیں ہو سکا ، اسکی تکمیل سے ممبئی تا مروڈ سفر ۲؍ گھنٹے کا ہوجائے گا۔
EPAPER
Updated: September 27, 2025, 11:20 AM IST | Siraj Sheikh | Murud-Janjira
۲۰۱۸ء میں شروع کئے گئے اس پروجیکٹ کی تعمیر کاکام ۷؍ سال بعد بھی پورا نہیں ہو سکا ، اسکی تکمیل سے ممبئی تا مروڈ سفر ۲؍ گھنٹے کا ہوجائے گا۔
مروڈ تعلقہ میں واقع کاشد ساحل پر بریک واٹر کے ساتھ رو رو جیٹی اور پسنجر جیٹی کی تعمیر کا کام گزشتہ ۵؍ سال سے جاری ہے۔ تاہم یہ کام سست روی کا شکار ہے۔ ۵؍ سال گزرجانے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا جس سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔ کاشدسے ممبئی رورو سروس کا انتظار طویل ہوتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ رائے گڑھ ضلع کا کاشد ساحل سیاحوں کیلئے ہمیشہ پرکشش رہا ہے۔ ہر سال یہاں دو لاکھ سے زیادہ سیاح آتے ہیں۔ ممبئی سے وہ مانڈوا کے راستے، کار کے ذریعے مانڈوا پہنچتے ہیں اور پھر مانڈوا سے علی باغ کے راستے کاشد پہنچتے ہیں۔ اسلئے سیاحوں کو ممبئی سے کاشد جانے کیلئے ۳؍ تا ۴؍گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ سفر میں وقت گزر جانے کی وجہ سے سیاحوں کو ساحل کی سیر کیلئے زیادہ وقت نہیں ملتا......سیاحوں کی اس پریشانی کو کم کرنے کیلئے ممبئی سے کاشد ، رو رورو سروس شروع کی جا رہی ہے۔
مانڈوا سے بھاؤکادھکا (ممبئی) تک کے کامیاب پروجیکٹ کے بعد، مرکزی حکومت نے ساگر مالا اسکیم کے تحت ممبئی سے کاشد رو رو خدمات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا کام ۲۰۱۸ءمیں شروع ہوا تھا۔ ۷؍ سال ہو چکے ہیں مگر اس کا کام اب تک جاری ہے۔ سمندر کی لہروں کو روکنے کیلئے رو رو جیٹی، پسنجر جیٹی، ٹرمنل کے ساتھ بریک واٹر کی تعمیر کا کام بھی ہو رہا ۔ یہ پروجیکٹ ۱۱۲؍ کروڑ روپے کا ہے اور اب تک اس پر ۹۹ء۹۹؍ کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ منصوبے کا کام اب تک ۹۲؍ فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ آبی نقل و حمل کے ذریعے ممبئی سے کاشد تک صرف دو گھنٹوں میں پہنچا جا سکے گا اس لئے یہ سروس سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گی۔ تاہم کاشد میں بریک واٹر، پارکنگ اور سڑک کا کام سست رفتاری کا شکار ہے۔ اطلاع کے مطابق جیٹی کا کام ریاستی حکومت کے ذریعے کیا جائے گا۔اس کیلئے ۴۲؍ کروڑ روپے کا فنڈ خرچ کیا جائے گا۔ ٹینڈر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم کام کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے رو رو سروس کا انتظار طویل ہو گیا ہے۔
سیاح اس انتظار میں ہیں کہ ممبئی سے کاشد رو۔رو سروس کب شروع ہوگی۔ اس سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کا سفری وقت بچ جائے گا۔ اب یہ مطالبہ بڑھتا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ رو رو جیٹی کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔اس پر ۴۲؍کروڑ روپے کا فنڈ خرچ کیا جائے گا۔ اس وقت بریک واٹر روڈ اور پارکنگ کا کام جاری ہے۔ یہ کام دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ جیٹی کا کام اگلے ماہ سے شروع ہو جائے گا۔