Inquilab Logo

پاورلوم کیلئے بجلی سبسیڈی کے اعلان پر بنکروں نے راحت کا سانس لیا

Updated: March 14, 2024, 9:23 AM IST | Malegaon

بیشتر پاورمالکان کی جانب سے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم ، ساتھ ہی صرف فیصلے پر اکتفا کرنے کے بجائے اس پر عمل دار آمد کا مطالبہ

It is hoped that with the decision of the government, the problems of Powerloom will be reduced a little (file).
امید ہے حکومت کے فیصلے سے پاورلوم کے مسائل کچھ کم ہوں گے(فائل)

گزشتہ دنوںریاستی کابینہ کی میٹنگ کے دوران پاورلوم مالکان سے  وصول کئے جانے والی بجلی کی قیمتوں میں سبسیڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سرکاری محکمہ اطلاعات ونشریات سے جاری تحریری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ۲۷؍  ہارس پاورسے کم مقدار بجلی استعمال کرنے والے پارچہ باف صارفین کو ایک روپیہ اور اس سے زیادہ مقدار استعمال کرنے والے پاورلوم مالکان کو ۷۵؍پیسہ سبسیڈی دی جائے گی۔ اس فیصلے کی وجہ سے  مالیگائوں سمیت مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں پارچہ بافوں نے راحت کا سانس لیا ہے۔ 
 دسمبر۲۰۲۳ء  میںناگپور سرمائی اجلاس کے دوران   پاورلوم انڈسٹری کیلئے بنائی گئی جائزہ کمیٹی کی سفارشات کو سامنے رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ اعلان کیا ہے۔ چندرکانت پاٹل ( وزیر برائے ٹیکسٹائل) اور دادابھسے(چیئرمن پاورلوم انڈسٹری جائزہ کمیٹی )نے کہا ہے کہ کابینہ کی میٹنگ کے دوران پاورلوم مالکان کے دیگر مسائل ومعاملات پر بھی گفت وشنید کی گئی۔
 مناسب قیمت پر بجلی کا ملنا ضروری ہے 
 ایڈوکیٹ مومن مجیب احمد (صدر دی رئیل پاورلوم ایسوسی ایشن ،مالیگائوں)نے کہا کہ کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔اس فیصلے  پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس وقت مالیگائوں کے علاوہ بھیونڈی ، ایولہ ، دھولیہ ، اِچل کرنجی ،ناگپور اور کامٹی  وغیرہ میںپاورلوم مراکز پر صنعتی حالات بہت اچھے نہیں ہیں۔بجلی کمپنیوں کے ظالمانہ رویےسے بھی صارفین کو دشواریاں پیش آتی ہیں۔ مومن مجیب کا کہنا ہے ’’صنعت کے استحکام کیلئے مناسب قیمت میں بجلی ملنا چاہئے ۔پاورلوم جائزہ کمیٹی کے صدرواراکین سے مسلسل خط وکتابت ،اور متعلقہ وزارت سے رابطے کی بدولت بُنکروںکو سستی بجلی فراہمی کا مسئلہ حل کروانے کیلئے پیش رفت ہوئی ہے۔
 فیصلے پر عمل ہونا بھی ضروری ہے 
 شبیر احمد دیگ والا(پاورلوم کنزیومرایسوسی ایشن ) نے کہا کہ سستی بجلی دینے کے بارے میں  حکومت کے اقدامات کی ستائش کی جانی چاہئے ۔ بجلی سبسیڈی کیلئے حکومت کو آمادہ کرنے کی سیاسی نمائندوں نے بھی کوششیں کیں۔صنعتی مسائل کو حل کرنے کیلئے سرگرم رہنے والی تنظیموں نے بھی اپنے فرائض اداکئے ۔حکومت نے جیسے اعلان کیاہے اُسی طرح اعلان پر عمل آوری بھی جلد سے جلد کرے تاکہ پارچہ بافوں کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہوسکے۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK