Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اوبی سی سماج کی فلاح صرف بی ایس پی حکومت میں ممکن ہے‘‘

Updated: June 17, 2026, 12:32 PM IST | Agency | Lucknow

پسماندہ طبقات کے ووٹرس کو مایاوتی کاانتباہ، آئندہ سال اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے بی ایس پی کی مہم کا آغاز۔

Mayawati.Photo:INN
مایاوتی۔ تصویر:آئی این این
بی ایس پی کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے۲۰۲۷ء میں ہونےوالے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں کامیابی  کیلئے  اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔اسی مہم کے تحت انہوں نے ایک طرح سے پسماندہ طبقات کے رائے دہندگان کو انتباہ دیا ہے کہ ان کی فلاح صرف بی ایس پی حکومت میں ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوبی سی سماج کے مفادات اور فلاح و بہبود کا تحفظ صرف بی ایس پی کی حکومت ہی کر سکتی ہے۔
 
 
منگل کو پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں مایاوتی نے کہا کہ او بی سی طبقے نے۲۰۰۷ء میں ریاست میں بی ایس پی کی پہلی مکمل اکثریتی حکومت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا تھا۔ پارٹی اب۲۰۲۷ء کے انتخابات میں اس تاریخ کو دہرانے کیلئے نچلی سطح پر تیاریاں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران لکھنؤ میں منعقد ہونے والی میٹنگوں میں او بی سی طبقے کے درمیان پارٹی کی حمایت اور اس سے متعلق سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پارٹی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ او بی سی برادری میں یہ یقین مزید مضبوط کریں کہ ان کی حقیقی فلاح و بہبود صرف بی ایس پی کے ساتھ وابستہ ہے۔کسی سیاسی جماعت کا نام لئے بغیر مایاوتی نے اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیگر پارٹیاں سیاسی اور انتخابی فائدے کیلئے کچھ افراد کو آگے بڑھاتی ہیں لیکن او بی سی طبقے کی سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی کے معاملے میں ان کا رویہ تنگ نظر اور ذات پات پر مبنی رہا ہے۔
 
 
 انہوں نے منڈل کمیشن کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ۲۷؍ فیصد ریزرویشن کی سخت مخالفت کرنے والی جماعتیں آج بھی اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس کے برعکس بی ایس پی نے ابتدا ہی سے منڈل کمیشن کی سفارشات کی حمایت کی اور اقتدار میں آنے کے بعد آئین کے مطابق او بی سی طبقے کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے۔ پارٹی کے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ بی ایس پی حکومت نے مہاتما جیوتی با پھولے اور چھترپتی شاہوجی مہاراج جیسے سماجی مصلحین کو مناسب احترام اور شناخت دے کر’سماجی تبدیلی اور معاشی آزادی‘ کی مضبوط بنیاد رکھی تھی۔مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ دلتوں اور او بی سی طبقات کی ترقی کیلئے علاحدہ وزارتیں، کمیشن اور فلاحی اسکیمیں قائم کرنے والی پہلی حکومت بی ایس پی کی تھی لیکن اب یہ اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK