مفتی سلمان ازہری کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پرالگ الگ گروپوں میں علماء اوراہم شخصیات نے اتحاد کاپیغام دیا۔
EPAPER
Updated: February 07, 2024, 7:18 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
مفتی سلمان ازہری کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پرالگ الگ گروپوں میں علماء اوراہم شخصیات نے اتحاد کاپیغام دیا۔
مفتی سلمان ازہری کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پر الگ الگ گروپوں میں علماء اور ذمہ دار شخصیات نے یہ پیغام دیا کہ اس وقت حالات کی سنگینی کے پیش نظر اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے ساتھ ہی اِس گرفتاری کے پیچھے کے عوامل اور مقاصد کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس تعلق سے پیغام دیا اور متحد ہوکر حالات کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی۔
مولانا محمودخان دریابادی(علماء کونسل) نےلکھا کہ’’ آج کے پُر آشوب دور میں امت مسلمہ جس ابتلاء سے گزر رہی ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔افسوس ہوتا ہے کہ ایسے ہولناک حالات میں بھی کچھ احمق عوامی طور پر آپسی اختلافات کو ابھارتے ہیں، کہیں تقریریں ہورہی ہیں جن میں کھلے عام کسی مسلک کی تکفیر و تفسیق کی جارہی ہے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی لکھا کہ ’’میںنے اس سلسلے مفتی سلمان کے بھائی مفتی زبیر مصباحی (خطیب وامام سنّی بڑی مسجد مد نپورہ) سے بات چیت کی اوران سےکہاکہ وہ اس مشکل وقت میںخود کوتنہانہ سمجھیں،ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔ شاہ امان اللہ ندوی( صدر طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ )نےمفتی سلمان ازہری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ بہت شرم ناک حرکت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ ہمیں متحد ہوکر ان طاقتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔مفتی سلمان ازہری نے کوئی غلط بات نہیں کی بلکہ انہوں نے چند اشعار پڑھے جوبہت پرانے ہیں۔‘‘ ابوسالم اعظمی ( تلوجہ ) نے لکھا کہ ’’اللہ کے واسطے ایک ہو جاؤ۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ایک ایک کرکے نشانہ بنائے جاؤ۔ آج مفتی سلمان ازہری (بریلوی) کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کل کسی دوسرے کے ساتھ ہوسکتا ہے۔اس لئے مسلک کا چشمہ نکال کر ایک قوم و ملت بن کر آگے آئیں اور کھل کر ساتھ دیں۔‘‘ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(ایس آئی او) جنوبی مہاراشٹر نے بھی مفتی سلمان ازہری کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔