Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ اجیت پوار سے دبنے کی ضرورت نہیں ہے ‘‘

Updated: May 29, 2025, 10:33 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بی جے پی کارکنان کی شکایت پر امیت شاہ نے کہا ’’ آپ اتنا جارح رخ اختیار کریں کہ اجیت پوار خود آکر مجھ سے آپ کی شکایت کریں۔‘‘

Ajit Pawar (right) with Union Home Minister Amit Shah. Picture: INN
اجیت پوار (دائیں) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سہ روزہ دورے پر مہاراشٹر آئے تھے۔  یہاں انہوں نے ممبئی میں پارٹی عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔ نیز مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں عوام سے خطاب بھی کیا۔ اسی دوران بی جے پی کے بعض لیڈران نے امیت شاہ سے اجیت پوار کی شکایت کی کہ وہ بی جے پی والوں کی چلنے نہیں دیتے ہیں بلکہ بی جے پی مخالف طاقتوں کی مدد کرتے ہیں۔ اس پر امیت شاہ نے ان لیڈران کو تلقین کی کہ انہیں اجیت پوار سے دبنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ان کے سامنے جارح رویہ اختیار کیجئے تاکہ اجیت پوار خود آکر مجھ سے آپ لوگوں کی شکایت کریں۔  انہوں نے کارکنان کو یاد دلایا کہ ایوان میں بی جے پی کے اراکین اسمبلی کی تعداد زیادہ ہے اس لئے دبائو میں آنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ 
  اطلاع کے مطابق امیت شاہ مہاراشٹر دورے کے پہلے دن  جب ناندیڑ میں ایک جلسے سے خطاب کرکے فارغ ہوئے تو بعض اراکین اسمبلی اور ریاستی وزیر ان کے پاس آئے اور شکایت کی کہ اجیت پوار جان بوجھ کر ایسے لوگوں کو طاقتور بنا رہے ہیں جو بی جے پی کے سامنے الیکشن لڑ  چکے ہیں۔ وہ بی جے پی والوں کو کمزور کر رہے ہیں لہٰذ آپ ان پر قدغن لگائیے۔ ان اراکین کا کہنا تھا کہ   وہ( اجیت پوار)  بی جے پی والوں کے کام نہیں کرتے ہیں لیکن بی جے پی مخالفین کی مدد کرتے ہیں۔ اس پر امیت شاہ نے ان اراکین اسمبلی کو جواب دیا کہ ’’ ہماری (ایوان میں اراکین اسمبلی کی) تعداد زیادہ ہے۔  آپ لوگوں کو اجیت پوار سے دبنے کی ضرورت نہیں ہے۔  آپ ڈٹ کر ان سے کام کروائیے۔ کوئی کام نہیں ہوتا ہے تو اس پر جارح انداز میں اصرار کیجئے۔ ‘‘ امیت شاہ  نےکہا ’’ آپ کا رویہ ایسا ہونا چاہئے کہ اجیت پوار آکر مجھ سے آپ لوگوں کی شکایت کریں۔‘‘  البتہ انہوں نے یہ بھی واضح کیاکہ ہمیں اتحاد برقرار رکھنا ہے اور مہایوتی کے طور پر مل کر کام کرنا  ہے۔ 
 یاد رہے کہ اجیت پوار نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ وزیر مالیات بھی ہیں ۔ اس لئے ہر ایک محکمے کی فائل ان کے دفتر ضرور جاتی ہے کیونکہ کسی بھی پروجیکٹ کیلئے فنڈ کی منظوری ان کے دستخط کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ اجیت پوار پر بی جے پی اور شیوسینا (شندے) دونوں ہی حلیفوں کی طرف سے یہ الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے وزیروں اور اراکین کی فائلیں تو فوراً کلیئر کر دیتے ہیں لیکن اپنے حلیفوں کو انتظار کرواتے ہیں۔ بلکہ سنجے شرساٹ (شیوسینا) نے تو الزام لگایا تھا کہ اجیت پوار نے ان کے محکمے کی رقم لاڈلی بہن اسکیم کیلئے دیدی تھی جو ادیتی تٹکرے کے محکمے کی اسکیم ہے ۔ ادیتی تٹکرے اجیت پوار کی پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔یہی ساری باتیں امیت شاہ کے سامنے بیان کی گئیں۔  امیت شاہ نے اس تعلق سے خود اجیت پوار سے بات کرنے یا انہیں کوئی ہدایت دینے کا اشارہ نہیں دیا بلکہ پارٹی اراکین سے کہا کہ وہ اجیت پوار کے سامنے جارحانہ رخ اختیار کریں اور ہرممکن طور پر اپنا کام کروائیں۔ حتیٰ کہ اجیت پوار بیزار ہو کر اپنی شکایت لے کر امیت شاہ کے پاس پہنچیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK