اجلاس کی میزبانی کرنےوالےچینی صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کی قیام کی تجویز پیش کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: September 02, 2025, 1:18 PM IST | Agency | Tianjin
اجلاس کی میزبانی کرنےوالےچینی صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کی قیام کی تجویز پیش کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا۲۵؍ واں سربراہان مملکت کا اجلاس چین کے شہر تیانجن میں جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب میں کہا یہ تنظیم باہمی اعتماد اور باہمی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ تنظیم تناور درخت بن چکی ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔ شی جن پنگ نے کہا رکن ملکوں کو تجارت اور معیشت کے شعبوں دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، وسائل میں اضافے کیلئے استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز بھی پیش کی اور کہا ترقیاتی بینک قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ایس سی او کے اہداف حاصل کرنے کیلئے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کے قیام کی ضرورت ہے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط بڑھانا ہوں گے، چین رکن ملکوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اپنے عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ایس سی او ملکوں کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انھوں نے کہا ایس سی او ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے، اقوام متحدہ منشور کی ہدایات میں دنیا بھر میں قائم کثیر الجہتی تجارتی نظام کے فروغ کی ضرورت ہے، اور برابری کی بنیاد پر کثیرالجہتی کاروباری اور سماجی نظام کو تقویت دینے کی ضرورت ہے، دنیا میں ایسا کثیر الجہتی نظام ہو جہاں تمام اقوام برابری کی بنیاد پر فائدہ حاصل کر سکے۔
امریکی صدر نے یوکرین میں امن کا راستہ کھولا ہے: پوتن
روسی صدر ولاد میر پوتن کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرین میں امن کے راستے کو کھولا ہے۔ ایس سی اومیں خطاب کرتے ہوئے پوتن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اس اصول پر قائم ہے کہ کوئی ملک دوسرے کے نقصان پر اپنی سلامتی کو یقینی نہیں بنا سکتا ہے۔ پوتن نے یوکرین کے بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں بحران حملے سے نہیں بلکہ یوکرین میں مغربی اتحادیوں کی حمایت یافتہ بغاوت سے ہوا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے چینی صدر کی تعریف کی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے چینی صدر شی جن پنگ کو "واضح اسٹریٹجک وژن کا حامل شخص” قرار دیا ہے۔ اتوار سے پیر تک تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ صدر شی ہمیشہ طویل المدتی نقطہ نظر سے معاملات کو دیکھتے ہیں اور ان کے مقرر کردہ اہداف متوقع طور پر وقت سے پہلی ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ’’اگر مجھے ایک ایسی خصوصیت کا انتخاب کرنا ہو جو میرے خیال میں صدر شی جن پنگ کی شخصیت کو نمایاں کرتی ہے تو وہ ہے ان کا واضح اسٹریٹجک وژن اور انہیں مقرر وقت میں کرنے کی صلاحیت، وہ نہ صرف اپنے اہداف کو حاصل کرتے ہیں بلکہ وہ انہیں وقت سے پہلے پورا کرتے ہیں، اس طرح کی کئی مثالیں بھی ہمارے سامنے ہیں۔
پاکستان اپنے پڑوسیوں سے مستحکم تعلقات چاہتا ہے: شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں سے معمول کے مطابق مستحکم تعلقات چاہتا ہے، تنازعات اور کشیدگی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیر الجہتی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور یکطرفہ رویے سے گریز کرتا ہے اور گزشتہ چند مہینوں کے دوران خطے نے جس طرح نہایت تشویشناک واقعات کا مشاہدہ کیا اس پر ہمیں شدید صدمہ اور گہری مایوسی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں اور تمام ایس سی او ارکان کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت اور احترام کرتا ہے۔
ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں:خامنہ ای
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ چین کے موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے چینی زبان میں سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور چین، دونوں قدیم تہذیبی پس منظر رکھنے والے ممالک ہیں جو ایشیا کے دو سروں پر واقع ہیں، انہوں نے ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو عملی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایران کے رہبر انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ملک خطے اور دنیا میں تبدیلی لانے کی طاقت رکھتے ہیں، ایران۔چین اسٹریٹجک معاہدے کے تمام پہلوؤں کو عملی جامہ پہنانا اس راستے کو ہموار کرے گا۔ اس سے قبل ایرانی وزارت امور خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے چینی خبر رساں ایجنسی شینہوا کے ساتھ گفتگو میں ایران و چین تعلقات، بیجنگ میں منعقدہ شنگھائی اجلاس اور اس بین الاقوامی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی شرکت پر روشنی ڈالی تھی۔ ترجمان وزارت امور خارجہ نے اس انٹرویو میں شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک ابھرتا ہوا بین الاقوامی گروہ قرار دیا۔