Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر بی جے پی میں ابتک کوئی اتفاق نہیں

Updated: December 08, 2023, 9:44 AM IST | Agency | New Delhi

تین ریاستوں میں جیت کے بعدبی جے پی وزارت اعلیٰ کیلئے کسی چہرے کا انتخاب نہیں کرسکی ہے جس پر سوال اٹھ رہے ہیں،کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نے تلنگانہ میں حلف بھی لے لیا لیکن تین ریاستوں میں کسی کے نام کا اعلان تک نہیں ہوا ہے ،د ہلی میںبی جےپی کی میٹنگوں کادور۔

Prime Minister Modi, Home Minister Amit Shah and JP in New Delhi. Photo: PTI
وزیراعظم مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور جے پی نڈ ادہلی میں۔ تصویر : پی ٹی آئی

 مدھیہ پردیش ، راجستھان اورچھتیس گڑھ اسمبلیوں کے انتخابات میں فتح کے چار دنوں بعد بھی بی جے پی میں ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ  کے ناموں پر کوئی اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔ بی جے پی اب تک ان ریاستوں میں وزیر اعلیٰ  کے چہروں کا انتخاب نہیں کرسکی ہےجس پر سوال اٹھنے لگے ہیں اور کانگریس نے بھی اسے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔  بی جے پی کے  ذرائع کی جانب سے کہا جارہا ہےکہ اعلیٰ کمان حتمی ناموں کے انتخاب پر کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق  پارٹی  ۸؍ دسمبر یعنی آج پہلے تینوں ریاستوں کیلئے مبصرین  مقرر کرے گی جو قانون ساز پارٹی کی میٹنگوںکی نگرانی کریں گے اور پارٹی لیڈر کے انتخاب  میں مدد کریں گے۔واضح رہےکہ تینوں ریاستو ں میں بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ کیلئے کسی چہرے کو پیش کئے بغیر الیکشن لڑا ہے۔ نئی دہلی میںبی جےپی لیڈران پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کیلئے جمع ہوئے تھے۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نے جہاں طوفان میچانگ میں جان گنوانے والوںکے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا وہیں ریاستوں میں بی جے پی اور کانگریس کی جیت کا موازنہ کیا اور کہا کہ عوام بی جے پی کی پالیسیوں اور فیصلوں پسند کررہے ہیں۔
دہلی میں سلسلہ وار میٹنگوں کادور 
تین ریاستوں میں وزرائے اعلیٰ کے ناموں کے اعلان کے سلسلے میںنئی دہلی میں بی جے پی کے اعلیٰ لیڈروں کی میٹنگیں جاری ہیں اور ریاستی لیڈران بھی ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نےوزرائے اعلیٰ کے ناموں کے انتخاب کے سلسلے میں یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے بھی بات چیت کی ہے جبکہ امیت شاہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملے۔  بی جے پی لیڈروں کا کہنا ہے کہ تینوں ریاستوں میں وزیر اعلیٰ کےانتخاب کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان کرے گی۔انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی کی مقننہ پارٹی کی میٹنگ ابھی تک نہیں ہوئی ہے اور میٹنگ سے پہلے دہلی سے پارٹی کے مبصرین کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔ 
مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کی صورتحال 
مدھیہ پردیش میںدوتہائی اکثریت کے سا تھ جیت کے بعد شیوراج سنگھ چوہان ہی مضبوط دعویدار ہیں جبکہ مرکزی وزراء پرہلاد پٹیل، جیوترادتیہ سندھیا اور نریندر سنگھ تومر کو بھی ممکنہ دعویداروں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
چھتیس گڑھ میں، سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ، ریاستی بی جے پی صدر ارون کمار ساؤ، اپوزیشن لیڈر دھرم لال کوشک اور سابق آئی اے ایس افسر او پی چودھری کو سیاسی تجزیہ کار دعویدار مان رہے  ہیں۔رمن سنگھ کو چھوڑ کر تینوں لیڈروں کا تعلق دیگر پسماندہ ذات (او بی سی) سے  ہے۔ دیکھا  گیا ہےکہ بی جے پی قیادت نے ماضی میں متعدد ریاستوں میں اپنے وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے اکثر مبصرین کو حیران کر دیا ہے۔
راجستھان میں وسندھرا یا کوئی اور؟
راجستھان میں سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کو اعلیٰ عہدے کے دعویداروں میں سے ایک  بتایاجارہا  ہے۔ بی جے پی کے تقریباً ۲۵؍ ایم ایل اے نے پیر کو ان سے ملاقات کی تھی جسے حمایت اور طاقت کے اظہار کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ اگرچہ ایم ایل ایز نے اسے ایک  خیرسگالی لی ملاقات قرار دیالیکن انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی قیادت انہیں اعلیٰ عہدے کے لیے منتخب کرتی ہے تو وہ وسندھرا راجے کی حمایت کریں گے۔
کانگریس کی تنقید اور سوال 
 کانگریس نے تین ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے لیے اپنے وزرائے اعلیٰ کے ناموں کا اعلان نہ کرنے پر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ’’تین دسمبر کو انتخابی نتائج آنے کے۲۴؍ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نام نہاد تاخیر کیلئے  کچھ میڈیا اداروں اور لوگوں کی جانب سے کانگریس پارٹی پر تنقید کی جا رہی تھی۔ تلنگانہ کیلئے ہمارے وزیر اعلیٰ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور انہوں نے عہدہ بھی سنبھال لیا۔‘‘انہوں نے مزید کہا ’’لیکن تین دن گزر چکے ہیں اور بی جے پی چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں وزرائے اعلیٰ کیلئے کسی نام کا اعلان بھی نہیں کر پائی ہے۔ اس تاخیر کے لیے بی جے پی سے سوال کیوں نہیں پوچھے جار ہے ہیں؟‘‘خیال رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کے اے ریونت ریڈی نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان کے ساتھ سینئر لیڈر مالو بھٹی وکرمارکا نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر تملسائی سندرراجن نے ایل بی اسٹیڈیم میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں ایک عوامی تقریب کے دوران ریونت ریڈی اور دیگر وزرا ریونت ریڈی، وکرمارکا اور۱۰؍ وزراء  عہدے اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK