جونپور میں خطاب کرتےہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے۸؍ سالہ دور حکومت میں ایک بھی فساد نہیں ہوا، ایس بی ایس پی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔
EPAPER
Updated: July 01, 2025, 12:12 PM IST | Agency | Jaunpur
جونپور میں خطاب کرتےہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے۸؍ سالہ دور حکومت میں ایک بھی فساد نہیں ہوا، ایس بی ایس پی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔
: سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے قومی صدر اور ریاستی پنچایتی راج کے وزیر اوم پرکاش راج بھر نے پیر کو سماجوادی پارٹی (ایس پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کے دور حکومت میں ریاست میں تقریباً۸۰۰؍ فساد ہوئےتھے جبکہ بی جے پی کے۸؍ سالہ دور حکومت میں ایک بھی فساد نہیں ہوا، یہ فرق عوام کو سمجھنا ہوگا۔
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے قومی صدر اوم پرکاش راج بھر نے ضلع کے کھیتا سرائے علاقے میں امریتھوا، نولی سمیت ۳؍مختلف مقامات پر منعقدہ ایس بی ایس پی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے تنظیم کو بوتھ کی سطح تک مضبوط کرنے کی حکمت عملی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا تاکہ آئندہ انتخابات میں ایس بی ایس پی کا کردار فیصلہ کن ہو۔
انہوں نے اٹاوہ اور پریاگ راج میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ وارانسی میں جب صحافیوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کو `’دوست‘ کہے جانے کے بارے میں سوال کیا تو راج بھر نے صرف اتنا کہا کہ بی جے پی میں سب ٹھیک ہے۔ انہوں نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ وہ اس وقت سیاسی صف بندی سے دور رہ کر تنظیم کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کے ایک بیان پر اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ اکھلیش یادو رات کو گھر میں جاگتے رہتے ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے بے چین ہیں۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اکھلیش اقتدار حاصل کرنے کے لئے بے چین ہیں لیکن ہم نے سنجے نشاد، انوپریا پٹیل اور جینت چودھری کے ساتھ مل کر ان کے لئے ’نو انٹری‘ کا بورڈ لٹکا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس بی ایس پی کی سیاست اقتدار کے لئے نہیں بلکہ سماجی احترام اور انصاف کے لئے ہے۔ راج بھر نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں ایس بی ایس پی کی کارکردگی پہلے سے زیادہ متاثر کن ہوگی۔
راج بھر نے پوروانچل کی سیاست کو ایک بار پھر گرما دیا ہے۔ جہاں ایک طرف انہوں نے بی جے پی حکومت کی اسکیموں کی تعریف کی وہیں دوسری طرف انہوں نے ایس پی اور اس کی قیادت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے گاؤں والوں کے مسائل سنے نیز مرکزی و ریاستی حکومتوں کی عوامی و فلاحی اسکیموں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت غریبوں کے مفاد میں کام کر رہی ہے۔ سرکار کے پاس نیت اور وسائل دونوں ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ راج بھر نے خاص طور پر سولر انرجی اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کو خود کفیل بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے گاؤں والوں سے اس اسکیم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ جن چوپال کے دوران جب غازی میاں کے میلے پر سوال کیا گیا تو اوم پرکاش راج بھر نے بیان دیتے ہوئے کہا، ’’اب غازی میاں کا میلہ نہیں ، سہیل دیو کا میلہ لگے گا۔ ‘‘