Inquilab Logo

’یہ آئین کو بچانے اور اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کا الیکشن ہے‘

Updated: May 05, 2024, 8:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اندھیری میںمہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم کے زیراہتمام ۱۴؍سماجی، تعلیمی اور رفاہی تنظیموں کے ہندو ،مسلم ، سکھ ،عیسائی اور بودھ نمائندوں کی سنتوشی ماتا مندر ہال میںمیٹنگ ۔ مقررین نے کہا:’ہرشہری کا ووٹ دینا اورووٹوں کو بکھرنے سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اگرغفلت برتی توہونے والے نقصان کاتصور محال ہوگا۔‘

Testa Setalvad speaking at a meeting organized under the aegis of Maharashtra Democratic Forum in Andheri. Photo: INN
اندھیری میں مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم کے زیراہتمام منعقدہ میٹنگ میں ٹیسٹا سیتلواد خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

’ہرشہری کا ووٹ دینا اورووٹوں کو بکھرنے سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے‘۔ اندھیری میںمہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم کے زیراہتمام ’ووٹ کی اہمیت اورموجودہ الیکشن ‘عنوان پر گزشتہ شب ۱۴؍سماجی ،تعلیمی اور رفاہی تنظیموں کے ہندو ،مسلم، سکھ، عیسائی اور بودھ نمائندوں کی سنتوشی ماتا مندر ہال میں میٹنگ بلائی گئی، اس میں بڑی تعداد میں ذمہ داران نے شرکت کی ۔اس موقع پر مقررین نے ووٹنگ کی اہمیت بتاتے ہوئے کہاکہ یہ آئین کوبچانے اور اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کاالیکشن ہے، اس لئے ہرشخص کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔
اگرغفلت برتی توہونے والے نقصان کاتصور محال ہوگا
اس میٹنگ میںمعروف سماجی خدمت گار ٹیسٹا سیتلواد نے کہا کہ ’’یاد رکھئے !یہ آئین کو بچانے ،اپنے آئینی حقوق کےتحفظ کا الیکشن ہے اوراب تو آئین سے لفظ سیکولرہٹانے کا بھی فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ اس لئے ووٹ نہ توبکھرے اور نہ چھوٹے۔ہر شخص اپنی ذمہ داری محسوس کرے اورسیکولر امیدوارو ں کوکامیاب بنانے کیلئے متحد ہوکر ووٹنگ کی جائے۔‘‘ 
 انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ ملک کے موجودہ حالات کسی سے مخفی نہیں ہیں اورکس طرح سے من مانی کی جارہی ہے، آئینی اداروں  کوختم کیا جارہا ہے ، ملک کے اثاثوں کو فروخت کیا جارہا ہے، عام آدمی کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ سب سے اہم یہ کہ وہ آئین جو ہرہندوستانی کو ملک میں اپنی شناخت کے ساتھ بے خوف اورباعزت طریقے سے رہنے کی ضمانت دیتاہے، اسی کوختم کرنے کا تہیہ کیا گیا ہے ۔یہ کوئی معمولی قدم نہیں ہے بلکہ اگر ایسا ہوا اورہماری غفلت سے وہ طاقتیں پھر اقتدار میں آئیں تو اتنا  بڑا نقصان ہوگا کہ ہم اس کاتصور نہیں کرسکتے۔ اس لئے اس خطرے کوآج ہی محسوس کیجئے اوراس کے پیش نظر ووٹ کی اپنی طاقت کااستعمال کیجئے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: عوام بی جےپی کے در پردہ امیدواروں سے ہوشیار رہیں : عمر عبداللہ

ہمارا شمار آئینِ ہند کے محافظوں میں
شاکر شیخ (جماعت ِ اسلامی )نے کہا کہ ’’حق رائے دہی صد فیصد ہو،سیکولر امیدوارو ںکے حق میں ہو، اس کی جوکوشش کی جارہی ہے، یہ میٹنگ اسی کی ایک کڑی ہے۔ یہ کا م فردِ واحد کا نہیں بلکہ اُن تمام ہندوستانیوں کا ہے جو آئین میں یقین رکھتے ہیں اور جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ اس لئے ۲۰؍مئی کو ہمارے دن کا آغاز ووٹ دے کرہو۔ہماری یہ کوشش ہوکہ گھر میں سے کوئی ایک بھی بالغ شہری ووٹ دینے سے محروم نہ رہے۔ ووٹ کی طاقت اوراس کےصحیح استعمال سے سب سے پہلے ہم اپنا فائدہ کریں گے اورآئین کے محافظوں میں ہمارا شمار ہوگا۔‘‘
کی جانے والی کوششوں کی عملی تصویر بوتھ سینٹرز پرنظرآئے
محمد سلیمان شاہ نے کہاکہ ’’یہ یادرکھئے !یہ صرف ایک میٹنگ نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے جو کوشش ہورہی ہے۲۰؍مئی کو عملاً اس کا نظارہ بوتھ سینٹرز پرہو،تبھی ہماری کوششیں بارآور ہوں گی اور ہم ان طاقتوں کے منصوبوں کو خاک میں ملاسکیں گے جو ملک کی گنگا جمنی تہذیب کوتباہ کرنے ،آئین کوبدلنے، جمہوری تانے بانے کوختم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔‘‘
اس موقع پرجماعت اسلامی لیڈیز ونگ کی سربراہ ممتاز نذیر شیخ، کے نارائن (سی پی ایم )، محمد طلحہ (این سی پی )اور پرساد اہیرے (شیوسینا ادھو)وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔میٹنگ میں نور مسجدٹرسٹ(اندھیری مغرب)، غلامِ مصطفےٰمسجدومدرسہ، شانتی نکیتن ، پٹھان واڑی ایجوکیشنل اینڈویلفیئر ٹرسٹ، الفلاح ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، بلوچ فاؤنڈیشن، غریب نواز کمیٹی،  اندھیری یونائیٹیڈ سوسائٹی، جماعتِ اسلامی ، ایس آئی او، سی پی ایم ، این سی پی ، شیوسینا اورکانگریس کے نمائندے موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK