پارٹی ترجمان سنجے رائوت کی شرد پوار پر تنقید، کہا ’’ ہم اتنے روادار نہیں ہو سکتے کہ غداروں کی چھت کے نیچے بیٹھ کر میٹنگیں کریں۔‘‘
ایکناتھ شندے اور شرد پوار-تصویر:آئی این این
ایک روز قبل این سی پی کے بانی شرد پوار نے تقریباً ۳۰؍ سال بعد مہاراشٹر اسمبلی ( ودھان بھون) میں قدم رکھا تھاکیونکہ حکومت مہاراشٹر۔ کرناٹک سرحد تنازع کے معاملے میںان سے صلاح مشورہ کرنا چاہتی تھی لیکن ان کی حلیف شیوسینا (ادھو) کو یہ بات پسند نہیں آئی ۔ خاص کر اس لئے کہ یہ میٹنگ کے بعد شرد پوار نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کےچیمبر میں جا کر ان سے ملاقات کی تھی جنہوں نے حال ہی میں شیوسینا (ادھو) کے ۶؍ اراکین پارلیمان کو اپنی طرف کر لیا۔
شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ہماری حکومت گرانے والے غداروں کی چھت کے نیچے جانا اور اس طرح کی ملاقاتیں کرنا ایک بڑے لیڈر کی شبیہ کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’( ودھان بھون کے) سامنے ہی این سی پی بھون ہے، وہیں یشونت راؤ چوان پرتشٹھان ہے۔ یہ میٹنگ وہاں بھی ہو سکتی تھی ۔ کیا پورا ودھان بھون ویران تھا؟ ہم اتنے روادار نہیں ہو سکتے کہ غداروں کی چھت کے نیچے بیٹھ کر میٹنگیں کریں۔‘‘ سنجے رائوت نے واضح طور پر کہا ’’انہیں کیا کرنا ہے یہ ان کی پارٹی کا اپنا سوال ہے لیکن این سی پی سربراہ شرد پوار کا ایکناتھ شندے کےچیمبر میں میٹنگ کرنا شیو سینا (ادھو) کیلئے تکلیف دہ ہے‘‘
یہ بات ہمارے دل پر لگی ہے
سنجے راوت نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’اگر آپ غداروں کو عزت دینا چاہتے ہیں تو آپ کو آپ کی پارٹی کے ساتھ ہونے والی بے ایمانی پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اجیت پوار کی قیادت میں آپ کی پارٹی میں جو غداری ہوئی اسے ہم غداری کہتے ہیں، ہم اسے بغاوت نہیں کہتے۔‘‘ شیوسینا (ادھو) ترجمان نے کہا ’’پھر کیوں ہم عدالت میں جاتے ہیں اور غداروں کے خلاف کوئی قدم اٹھائیں؟ ہماری لڑائی تو غداروں کے خلاف ہی ہے۔پھر آپ انہیں عزت کیوں دے رہے ہیں؟ یہ بات ہمارے دل پر لگی ہے۔ ‘‘
ایکناتھ شندے سے ۱۵؍ منٹ گفتگو
یاد رہے کہ حکومت نے ۴؍ بار وزیر اعلیٰ رہ چکے شرد پوار کو مہاراشٹر۔ کرناٹک سرحد تنازع پر ان کے تجربے سے استفادہ کرنے کیلئے ودھان بھون مدعو کیا تھا۔ اس معاملے میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں شرد پوار بھی رکن ہیں۔ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد شرد پوار خود ایکناتھ شندے سے ملنے ان کے چیمبر پہنچے۔ کہا جا رہا ہے کہ ایکناتھ شندے کی طبیعت خراب تھی اور وہ میٹنگ میںشرکت کیلئے اسپتال سے چھٹی لے کر آئے تھے اس لئے پوار ان کی عیادت کیلئے گئے تھے لیکن حال ہی میں شرد پوار کے این ڈی اے میں شامل ہونے کی خبروں کے درمیان یہ ملاقات معنی خیز کہی جا رہی ہے۔