شیئر مارکیٹ پر اس ہفتے کچھ اہم ڈیٹا بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، صنعتی پیداوار، مینو فیکچرنگ پی ایم آئی اور دیگر ڈیٹا اسی ہفتے جاری ہونے کی امید ہے۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 1:14 PM IST | Mumbai
شیئر مارکیٹ پر اس ہفتے کچھ اہم ڈیٹا بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، صنعتی پیداوار، مینو فیکچرنگ پی ایم آئی اور دیگر ڈیٹا اسی ہفتے جاری ہونے کی امید ہے۔
گھریلو اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ چند ہفتے سے جاری گراوٹ کے درمیان آنے والے ہفتے میں ایک بار پھر سرمایہ کاروں کی نظر ایران جنگ کی صورتحال پر ہوگی۔ اس کے علاوہ آنے والے ہفتے میں کچھ اہم ڈیٹا بھی آنے والے ہیں۔ پیر کو فروری کے لیے صنعتی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کیے جائیں گے۔ مارچ کا پہلا بڑا ڈیٹا جو مغربی ایشیا کے بحران کے آغاز کے بعد کی تصویر پیش کرے گا، مینوفیکچرنگ پی ایم آئی کا ہو گا، جو ۲؍ اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ گاڑیوں کی فروخت سے متعلق کمپنیوں کے الگ الگ ڈیٹا بھی یکم اور ۲؍اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔ ان تمام عوامل کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر نظر آئیں گے۔
پچھلے ہفتے، جمعرات کو رام نومی کی تعطیل کی وجہ سے، بازار صرف چار دن تجارت کے لیے کھلا تھا۔ پیر اور جمعہ کو زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی جبکہ منگل اور بدھ کو خریداری کا زور رہا۔ بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس گزشتہ ہفتے ۹۴۹؍ پوائنٹس گرکرجمعہ کو ۷۳۵۸۳؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی۵۰؍ انڈیکس بھی اس دوران۲۹۴؍ پوائنٹس یعنی۱ء۲۷؍ فیصد گر کر ۲۲۸۱۹؍ پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں پر بھی دباؤ رہا۔ ہفتے کے دوران، نفٹی مڈ کیپ ۵۰؍ انڈیکس۱ء۱۳؍ فیصد اور اسمال کیپ ۱۰۰؍ انڈیکس ۰ء۶۳؍فیصد گر کر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: یکم اپریل سے مالیاتی اور روزمرہ سے وابستہ قوانین میں تبدیلی
سینسیکس کی ۳۰؍ اہم کمپنیوں میں سے ۲۰؍ کے حصص میں ہفتہ وار کمی درج کی گئی۔ بی ای ایل سب سے زیادہ ۵؍ فیصد گر گیا۔ ریلائنس انڈسٹریز ۴؍ فیصد، ٹرینٹ ۴؍ فیصد، اسٹیٹ بینک آف انڈیا ۳ء۶۲؍فیصد، ایچ ڈی ایف سی بینک ۳ء۱۰؍ فیصد، ٹائٹن ۳ء۰۹؍ فیصد اور اڈانی پورٹس کے شیئرس ۲؍فیصد پھسل گئے۔ ٹاٹا اسٹیل کا شیئر ۱ء۷۵؍ فیصد، آئی ٹی سی کا ۱ء۷۲؍، ماروتی سوزوکی کا ۱ء۷۰؍، این ٹی پی سی کا ۱ء۲۹؍ فیصد اور انڈیگو ۱ء۱۶؍ فیصد گرے۔ آئی سی آئی سی آئی بینک، بجاج، فنسرو، مہندرا اینڈ مہندرا، پاور گرڈ، ہندوستان یونی لیور، کوٹک مہندرا بینک، بھارتی ایئرٹیل اور ٹی سی ایس کے شیئر بھی نیچے ہی بند ہوئے۔
ایل اینڈ ٹی میں سب سے زیادہ۳ء۸۲؍ فیصد کی ہفتہ وار تیزی درج کی گئی۔ ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کا شیئر ۲ء۲۲؍فیصد، بجاج فائنانس کا ۱ء۶۸؍ فیصد، انفوسس کا ۱ء۲۳؍ فیصد، الٹرا ٹیک سیمنٹ کا ۱ء۱۴؍ فیصد اور سن فارما کا ایک فیصد اوپر رہا۔ ایشین پینٹس، ٹیک مہندرا، ایٹرنل اور ایکسس بینک کے حصص میں بھی اضافہ ہوا۔ اب یہ دیکھنا ہو گا کہ اس ہفتے سرمایہ کار کیا رخ اختیار کرتے ہیں۔