موجودہ حالات کے سبب سعودی سے ممبئی کا سفر ۲۰؍ گھنٹے میں۔ پہلے جہاں ۱۰؍ ویزے پر ۵۰؍ امیدوار ہوتے تھے، اب ۵۰؍ ویزے پربمشکل ۱۰؍ ملازمین رابطہ قائم کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 25, 2026, 12:50 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
موجودہ حالات کے سبب سعودی سے ممبئی کا سفر ۲۰؍ گھنٹے میں۔ پہلے جہاں ۱۰؍ ویزے پر ۵۰؍ امیدوار ہوتے تھے، اب ۵۰؍ ویزے پربمشکل ۱۰؍ ملازمین رابطہ قائم کرتے ہیں۔
حوثیوں کے حملے کے سبب ہوائی خدمات بری طرح متاثر ہونے کے سبب ملازمت یا کاروبار کے لئے ہندوستان سے سعودی عرب جانے والوں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہوائی خدمات بند ہونے کے سبب مجبوراً وایا جہازوں کے ذریعے سفر کرنےوالے ۲۰؍ گھنٹے اور ۲۴؍ گھنٹے کے بعد سعودی عرب سے ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ انتہائی مہنگا ہوائی ٹکٹ اس پر دوسری مشکل ہے۔ نمائندۂ انقلاب نے اس تعلق سے سفر کرنے والے اوراس کاروبار سے وابستہ (ریکروٹمنٹ ایجنٹ )شخصیات سے بات چیت کی، اسے ذیل میں درج کیاجارہا ہے۔ یاد ر ہےکہ ہوائی خدمات بند ہونے کے سبب معتمرین اور ٹور آپریٹرز کو بھی ان ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عمرہ سے فارغ ہونے والے بہت سے معتمرین جہاں واپس آچکے ہیں وہیں کئی معتمرین وطن لوٹنے کے لئے کوشاں ہیں ۔
ریاض سے دمام پھربحرین اس کےبعد ممبئی پہنچے
زید شعیب خان نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ وہ ریاض سے اپنی گاڑی کے ذریعے دمام آئے، دمام سے بحرین پہنچے وہاں سے بذریعہ ہوائی جہاز براہ مسقط ممبئی پہنچے۔ اس طرح سے ریاض سے ممبئی پہنچنے میں ۲۰؍گھنٹے سے ز یادہ وقت لگ گیا۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ کنیکٹیویٹی کا بڑا مسئلہ ہے، دوسرے ریاض ایئرپورٹ بند ہے، ورنہ سعود ی عرب سے براہ راست فلائٹ کے ذریعے ممبئی۴؍سےساڑھے ۴؍گھنٹے کا ہی سفر ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ حالات کے سبب ہوائی جہازوں کےٹکٹ میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہےجو عام آدمی کےلئے مزید سنگین مسئلہ ہے۔ اگر ایمرجنسی حالات میں کسی کوسفر کرناہوتو اس وقت ٹکٹ کی کتنی قیمت ادا کرنی ہوگی، کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے اورمرکزی ایف ایس ایس اے آئی کے درمیان اختیارات کا تنازع عدالت پہنچا
زید خان نےیہ بھی بتایا کہ’’ وہ بیرون ممالک ملازمت کے لئے لوگوں کو بھیجتے ہیں، اس ضمن میں ان کا کہناتھاکہ ملازمین میں خوف پایا جارہا ہے، وہ سفر کرنے سےکترا رہے ہیں جس سے یہ شعبہ کافی متاثر ہوا ہے حالانکہ سعودی عر ب میں حالات پوری طرح سے معمول پر ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کئی ایئرلائنز نےاپنی خدمات ۲۸؍اکتوبر تک ملتوی کردی ہیں ۔ ‘‘
حازم ٹور اینڈٹراویلس کے ذمہ داراشفاق اعظمی نے بتایاکہ’’ جتنی باتیں سامنے آرہی ہیں وہ درست ہیں، واقعی حالات بہت خراب ہیں۔ یہ شعبہ بری طرح سےمتاثر ہوا ہے اور اس پیشے سے وابستہ افراد مسائل کا شکار ہیں۔ ‘‘
’’ملازمین کوتلاش کرناپڑرہا ہے ‘‘
نیو ٹریک انٹرپرائزز کے سربراہ لقمان ندوی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’موجود ہ حالات کے سبب بیرون ممالک روزگار کی فراہمی کا شعبہ کافی متاثر ہوا ہے۔ یہ سلسلہ اسرائیل امریکہ اورایران جنگ سے شروع ہوا تھا مگر حوثیوں کے حملے کےبعد توخاص طور پرسعودی عرب متاثر ہوا ہے۔ اس کا بآسانی اندازہ اس سے کیاجاسکتا ہے کہ پہلے اگر ۱۰؍ ویزے پر۵۰؍افراد یا اس سے زائدملازمت کے خواہشمند رابطہ قائم کیا کرتے تھے تو اب ۵۰؍ ویزے پر ۱۰؍ لوگ بمشکل رابطہ قائم کررہے ہیں ۔ ا س طرح ملازمین کوتلاش کرناپڑرہا ہے۔ ‘‘مولانا لقمان ندوی کے مطابق ’’اس کی مختلف وجوہات میں غیریقینی حالات، ہوائی کمپنیوں کا اپنی خدمات وقتی طور پرروک دینا، ملازمین میں خوف اور ہوائی کرائے میں بےتحاشہ اضافہ وغیرہ شامل ہے۔ سبھی کی نگاہیں اس پر ہیں کہ حالات میں جلد ازجلد بہتری آئے تاکہ یہ شعبہ پہلے کی طرح فعال ہو اورروزگار کی فراہمی میں تیزی آئے اور موجودہ حالات کے سبب جو نقصان ہورہا ہے اس کا ازالہ ہوسکے۔ ‘‘