Inquilab Logo

سلمان کی رہائش گاہ پرفائرنگ کرنے والے پنویل میں مقیم تھے

Updated: April 16, 2024, 7:02 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جانچ میں انکشاف، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی مگرپولیس موٹر سائیکل مالک کے توسط سے خاطیوں تک پہنچنے کیلئے کوشاں۔

The shooters were caught on CCTV at Bandra station. Photo: INN
فائرنگ کرنےوالے افراد باندرہ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی میں قید ہوگئے۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے سلسلے میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے پیر کو نوی ممبئی سے تعلق رکھنے والے ۳؍ افراد  سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ جن سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے ان میں سے ایک شخص اس موٹر سائیکل کا مالک ہے جسے ملزمین نے  واردات انجام دینے کیلئے مبینہ طور پر استعمال کیا تھا اور دوسرا اس موٹرسائیکل کو فروخت کرنے والا ایجنٹ ہے جبکہ تیسرا شخص اس مکان کا مالک ہے جس میں حملہ آور ایک ماہ سے کرایے پر رہائش پذیر تھے۔
 یاد رہے کہ پولیس نے اتوار کو ہی سلمان خان کی رہائش گاہ ’گیلیکسی اپارٹمنٹ‘ سے تقریباً ایک کلو میٹر کی دوری پر واقع مائونٹ میری چرچ کے پاس سے وہ موٹر سائیکل برآمدکرلی تھی جسے حملہ آوروں نے واردات میں استعمال کیا تھا۔ فائرنگ کے بعد فرار ہوتے وقت وہ بائیک  وہیں  چھوڑ کر  ایک رکشا میں سوار ہوکر باندرہ ریلوے اسٹیشن چلے گئے تھے۔ وہاں سے  وہ  بوریولی کی ٹرین میں سوار ہوئے اور پھر سانتاکروز اسٹیشن پر اتر کے وہاں سے باہر نکل گئے۔ باندرہ اسٹیشن پر وہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مانسون سے قبل مخدوش عمارتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت

 ضبط شدہ موٹرسائیکل کی تفصیلات حاصل کرنے پر پولیس کو پتہ چلا کہ وہ گاڑی پنویل میں رہائش پذیر ایک شخص کے نام پر رجسٹر ہے۔ جب اس شخص کو ممبئی میں کرائم برانچ کے دفتر میں لاکر پولیس نے پوچھ تاچھ کی تو اس نے بتایا کہ وہ کچھ عرصہ قبل اپنی موٹر سائیکل کسی دیگر شخص کو فروخت کرچکا ہے۔اس کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے اس ایجنٹ سے بھی تفتیش کی جس نے اس موٹر بائیک کو فروخت کرنے میں مدد کی تھی۔ 
 تفتیش کے دوران پولیس کو یہ بھی پتہ چلا کہ ملزمین ایک ماہ سے نوی ممبئی کے پنویل میں ہری گرام علاقہ میں ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھے اور پنویل میں سلمان خان کا فارم ہائوس بھی ہے جہاں وہ اداکار اکثر وقت گزارتے ہیں۔ حملہ آور مارچ سے اس گھر میں کرایے پر مقیم تھے۔
 اس دوران سلمان خان کی رہائش گاہ ’گیلیکسی اپارٹمنٹ‘ کے باہر فائرنگ کرنے والوں کی تلاش جاری ہے اور پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس سلسلے میں اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ البتہ تفتیش کیلئے تقریباً ۱۵؍ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کئی افراد سے پوچھ تاچھ کررہی ہیں اور چند ٹیموں کو بہار، راجستھان اور دہلی روانہ کیا گیا ہے۔
 اس فائرنگ کے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے بھی تفتیش میں ممبئی پولیس اور کرائم برانچ کی مدد شروع کردی ہے۔ دہلی پولیس نے ممبئی پولیس کو بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ سے ملزمین کی جو تصویر حاصل کی گئی ہے اس میں لال رنگ کی ٹی شرٹ پہنا ہواشخص وشال عرف کالو نظر آرہا ہے۔ کالو گینگسٹر روہت گودیرا کیلئے جرائم انجام دیتا ہے۔ گودیرا بیرون ملک میں ہے اور یہ لوگ راجستھان اور ہریانہ میں زیادہ سرگرم ہیں۔
 گودیرا لارینس بشنوئی، اس کے بھائی انمول اور گولڈی برار کے ساتھ مل کر بھی مجرمانہ سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔ کالو کے خلاف گروگام میں قتل، اقدام قتل، لوٹ مار اور گاڑی چوری کے کیس درج ہیں۔ اس پر ہریانہ میں بھنگار کے ایک بڑے تاجر سچن مُنجل کے قتل کا بھی الزام ہے اور روہت گودیرا نے سچن کے قتل کی ذمہ داری سوشل میڈیا پر قبول کی تھی۔
 واضح رہے کہ پولیس کے مطابق ماضی قریب میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی ۳؍ مرتبہ کوشش کی جاچکی ہے جبکہ ۲۰۲۳ء میں ’این آئی اے‘ (نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے تصدیق کی تھی کہ جیل میں قید گینگسٹر لارینس بشنوئی جن افراد کو قتل کرنا چاہتا ہے سلمان خان اس فہرست میں پہلے ۱۰؍ لوگوں میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK