• Wed, 04 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرمیں گندگی کرنے والوں کی اب خیر نہیں، جرمانہ عائد کیا جائے گا

Updated: February 04, 2026, 11:44 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہری انتظامیہ کا ا نتباہ ۔ عوامی مقامات پر تھوکنے، کوڑا کرکٹ پھینکنے ، گیلے اور خشک کچرے کو الگ نہ کرنے اور بغیر اجازت ملبہ پھینکنے پر بالترتیب۲۵۰، ۵۰۰ ، ۲۰۰؍ اور ۲۵؍ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

BMC headquarters building. Picture: INN
بی ایم سی ہیڈکوارٹرز کی عمارت۔ تصویر: آئی این این
بی ایم سی کے محکمہ صفائی  نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے  گندگی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ۲۱؍ طرح کاجرمانہ  عائد کرنے کا اعلان کیا گیا  ہے۔اس کے مطابق عوامی مقامات پر تھوکنے پر ۲۵۰؍ روپے، کوڑا کرکٹ پھینکنے پر ۵۰۰؍ روپے، گیلے اور خشک کچرے کو الگ نہ کرنے پر ۲۰۰؍ روپے اور بغیر اجازت ملبہ پھینکنے پر ۲۵؍ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بی ایم سی کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں۔ یہ جرمانہ بی ایم سی محکمہ صفائی کے ملازمین وصول کریں گے۔
بی ایم سی کے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ نے صاف صفائی   اور حفظان صحت ۲۰۲۵ءسے متعلق ضابطے جاری کئے ہیں۔  یہ ضوابط سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ، اسٹوریج، ڈسٹری بیوشن اور پروسیسنگ سے متعلق ہیں۔اگر شہری یا ادارے اس سلسلے میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کے خلاف جرمانہ وصول کی کارروائی کی جائے گی۔ 
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کی ہدایات کے مطابق  ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی کی رہنمائی میں  اور  ڈپٹی کمشنر (سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ) کرن دیگھاوکر کی نگرانی میں  شہر اور مضافات  کے علاقوں کو صاف رکھنے کیلئے باقاعدہ اقدام کئے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً خصوصی صفائی مہم اور سرگرمیاں بھی کی جاتی ہیں۔  
اس ضمن میںبی ایم سی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی نے کہا کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کا سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ ممبئی کے علاقے میں کچرے کا موثر طریقے سے انتظام کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ اسی مناسبت سے ممبئی میں پیدا ہونے والے یا لائے جانے والے گیلے اور سوکھے کچرے کی درجہ بندی اور پروسیسنگ سے متعلق تمام معاملات کو ریگولیٹ کرنے کیلئےاور محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی، حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز ۲۰۱۶ءکے تناظر میںبی ایم سی کی جانب سے صاف صفائی کے نئے اصول بنائے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ ’’مذکورہ ضمنی قوانین تمام افراد، عوامی اور نجی جگہوں پر نافذ  ہوں گے۔ رہائشی، کاروباری، تجارتی، پیشہ ورانہ، صنعتی، سرکاری، نیم سرکاری، انتظامی، تعلیمی، مذہبی، تفریحی، سماجی اور دیگر تمام قسم  کے مقامات یہ اصول نافذ ہوں گے۔ اس کا بنیادی مقصد صحن/احاطے/ جگہوں کو یقینی  طور پر صاف ستھرا رکھنا ہے ۔
جاری کردہ نئے اصولوں میں سوکھے  اور گیلے کچرے کو علاحدہ کرنا،میونسپل ٹھوس فضلہ کا ذخیرہ اور تقسیم، کوڑا کرکٹ پیدا ہونا ، میونسپل انتظامیہ، عوامی نمائندوں اور ٹھیکیداروں کی ذمہ داریاں اور فرائض، مٹیریل ری گوری فیسیلٹی(ایم آر ایف)، کوڑا کرکٹ، بائیو میڈیکل ویسٹ، ای ویسٹ، تعمیراتی اور مسمار کرنے والا ملبہ، پلاسٹک کا کچرا وغیرہ سے متعلق تفصیلی ضوابط واضح کئے گئے ہیں۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر کے بقول مختلف شہریوں، اداروں اور تمام متعلقہ افراد کو ممبئی کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اپنے گھر، احاطے اور دیگر عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے پہل کریں۔ ڈاکٹر اشونی جوشی نے ضمنی قوانین میں تمام قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔
کس کیلئے کتنا جرمانہ :
ضمنی قوانین کے تحت میونسپل کارپوریشن نے۲۱؍ مختلف قسم کے اصولوںکی خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو درج ذیل ہیں:
 (۱)  سڑکوں/فٹ پاتھوں/ باغیچوں/عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر ۵۰۰؍روپے  جرمانہ (۲)عوامی مقامات پر تھوکنے پر ۲۵۰؍ روپے  جرمانہ  (۳)کھلے اور عوامی مقامات پر نہانے پر ۳۰۰؍ روپے  جرمانہ  (۴) پیشاب کرنے پر ۵۰۰؍ روپے   (۵)  رفع حاجت  کرنے پر ۵۰۰؍ روپے    جرمانہ (۶) کھلے عام جانوروں کو کھانا کھلانے پر ۵۰۰؍ روپے  جرمانہ   (۷) عوامی مقامات پر برتن/کپڑے/دیگر اشیاء دھونے پر ۳۰۰؍  روپے جرمانہ  (۸)  گاڑیاں دھونےپر۵۰۰؍ روپے  (۹)صحن کو صاف نہ رکھنا (اس جگہ کے مالکان/ مقیم افراد کیلئے ۵۰۰؍ روپے اور دیگر گندگی کرتے ہیں تو ان کیلئے ۱۵۰۰؍ روپے جرمانہ   (۱۰) کوڑا کرکٹ کو بغیر چھانٹے بی ایم سی صفائی ملازم کے حوالے کرنے اور گیلا اور سوکھا کچرا الگ الگ ڈبوں میں جمع نہ کرنے پر ۲۰۰؍ روپے  جرمانہ (۱۱) بڑے پیمانے پر کوڑا کرکٹ پیدا کرنے والوں سے ایک ہزار روپے  جرمانہ  (۱۲) غیر مجاز  جگہوں پر تعمیراتی اور مسمار کرنے والے ملبہ کو پھینکنے پر ہر گاڑی کیلئے ۲۰؍ ہزار روپے  جرمانہ  (۱۳)بغیر لائسنس کے تعمیراتی اور مسمار کرنے والے ملبہ کے نقل و حمل  پر فی گاڑی   ۲۵؍ ہزار روپے جرمانہ  (۱۴) باغیچے کے کوڑا کرکٹ اور درختوں کی کٹائی میں لاپروائی برتنے پر ۲۰۰؍ روپے  جرمانہ  (۱۵)تجارتی مقاصد کیلئے کوڑا کرکٹ جلانے پر ۱۰؍  ہزار روپے  جرمانہ  (۱۶)مچھلی، مرغی اور گوشت کے فضلے کو معمول کے کچرے سے الگ نہ دینے پر ۷۵۰؍ روپے  جرمانہ  (۱۷)دکاندار/ ہاکر اگر کنٹینرز/کوڑے دان یا  ڈسٹ بین نہیں رکھتا ہےتو   ۷۵۰؍ روپے جرمانہ  (۱۸)دکاندار/ہاکر کچرے کو الگ الگ نہ کرنے پر ۷۵۰؍ روپے  جرمانہ  (۱۹) گھر کے سامنے سے گزرنے والی نالی /نالے کو صاف نہ رکھنے پر ۵۰۰؍ روپے  جرمانہ  (۲۰)پالتو جانوروں کو عوامی مقامات پر رفع حاجت کروانے  پر ایک ہزار روپے  جرمانہ  (۲۱)عوامی اجتماع/پروگرام کے بعد۴؍گھنٹے کے اندر صاف صفائی نہ کرنے پر صفائی ڈپازٹ کی رقم ضبط کرلی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK