Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیروں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے والمک تھاپر کا ۷۳؍ سال کی عمر میں انتقال

Updated: May 31, 2025, 3:25 PM IST | New Delhi

والمک تھاپر جنگلی حیات خاص طور پر شیروں کے تحفظ کے اپنے کام کیلئے جانے جاتے ہیں۔ ۲۰۲۴ء میں انہیں کینسر تشخیص ہوا تھا۔

Valmik Thapar. Picture: INN
والمک تھاپر۔ تصویر: آئی این این

جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کامکرنے والے مشہور والمک تھاپر کا آج نئی دہلی میں ۷۳؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ۲۰۲۴ء میں انہیں کینسر تشخیص ہوا تھا۔ تھاپر تقریباً پانچ دہائیوں سے، خاص طور پر راجستھان کے رنتھمبور نیشنل پارک میں جنگلی شیروں کے تحفظ کی کوششوں میں شامل تھے۔ ۱۹۸۷ء میں انہوں نے مقامی کمیونٹیز کو تحفظ کی کوششوں میں ضم کرنے کیلئے رنتھمبور فاؤنڈیشن کی مشترکہ بنیاد رکھی اور بعد میں ایک این جی او کے ساتھ مل کر بے گھر دیہاتیوں کی روزی روٹی کمانے میں مدد کی۔ والمک تھاپر نے ۱۵۰؍ سے زیادہ سرکاری پینلز اور ٹاسک فورسیز کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، بشمول نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف اور ٹائیگر ٹاسک فورس، جو راجستھان کے سرسکا سے لاپتہ ہونے والے شیروں کیلئے قائم کی گئی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ریلائنس جیو نے ریکارڈ ۴ء۲۶؍لاکھ نئے سبسکرائبرس بنائے : ٹرائی

اپنی ۲۰۱۲ء کی کتاب’’ ٹائیگر مائی لائف، رنتھمبور اینڈ بیونڈ‘‘ میں تھاپر نے اپنے مشن کو بیان کیا تھا کہ شیروں کیلئے ’’آزاد جگہیں‘‘ بنانا شامل تھا، جہاں وہ ’’آزاد، شور سے دور، اور انسانوں سے دور رہ سکیں۔‘‘ وہ غیر قانونی شکار کے خلاف سخت قوانین کیلئے آواز بلند کرتے تھے۔ تھاپر ایک مصنف اور فلمساز بھی تھے۔ انہوں نے ۳۰؍ سے ​​زیادہ کتابیں لکھیں اور ان میں ترمیم کی، جن میں ’’لینڈ آف دی ٹائیگر‘‘ اور ’’ٹائیگر فائر‘‘ شامل ہیں، اور بی بی سی کی ایک دستاویزی سیریز ’’لینڈ آف دی ٹائیگر‘‘ کو شریک پروڈیوسر کے طور پر پیش بھی کیا۔


تھاپر کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ’’مشہور تحفظ پسند کے انتقال کے بارے میں جان کر انہیں بہت دکھ ہوا۔‘‘ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ تھاپر کی موت ایک بڑا نقصان ہے۔ آج کا رنتھمبور، خاص طور پر، ان کی گہری وابستگی اور ناقابل تسخیر جوش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ حیاتیاتی تنوع سے متعلق مختلف امور کے بارے میں غیر معمولی طور علم رکھتے تھے اور میرے وزارتی دور کے دوران ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب ہم ایک دوسرے سے بات کئے بغیر رہے ہوں۔‘‘ 
تحفظ حیاتیات کی ماہر نیہا سنہا نے انہیں کئی برسوں سے ہندوستانی شیروں کی بین الاقوامی آواز کہا۔ مصنف اور جنگلی حیات کے تحفظ کے ماہر نرمل گھوش نے کہا کہ تھاپر نے ’’شیر کے عالمی ترجمان کے طور پر ایک پائیدار میراث‘‘ چھوڑی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK