• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مجھے اپنی بیٹنگ لائن اپ پر پورا بھروسہ ہے‘‘

Updated: November 09, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Rawalpindi

سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم پاکستان سے مقابلے کیلئے تیار ہے۔

Sri Lanka captain Kusal Mendis. Picture: INN
سری لنکا کے کپتان کوسل مینڈس۔ تصویر: آئی این این

سری لنکا کے نئے ٹیسٹ کپتان کوسل مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالات جیسے بھی ہوں انہیں اپنی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ پر پورا بھروسہ ہے۔ اور ٹیم مقابلے کیلئے تیار ہے۔راولپنڈی میں پیر کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل مینڈس نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ مینڈس نے اپنی ٹیم کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ایسی پچ پر بھی اچھا کھیل سکتی ہے جو تیز گیند بازوں کیلئے مددگار ہو - جو کہ حالیہ برسوں میں پاکستان میں دیکھنے کو ملنے والی اسپن فرینڈلی  پچز سے بالکل مختلف ہوگا۔ مینڈس کو پچھلی گرمیوں میں انگلینڈ کے حالات میں سری لنکا کی کارکردگی سے کافی حوصلہ ملا ہے اور انہوں نے اپنی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی گہرائی اور تجربے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا’’ہمیں معلوم ہے کہ وہ تھوڑی الگ طرح کی پچ دیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے بلے بازوں کو اپنی اسلز اور تیاریوں کو اچھے سے سنبھالنا ہوگا۔ مجھے معلوم ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے، جس میں کئی سینئر کھلاڑی شامل ہیں. جیسے دنیش چندی مل، دھننجے ڈی سلوا، میں خود اور کچھ دیگر کھلاڑی۔

یہ بھی پڑھئے: کیپ وردے کے گول کیپر ووزینا کی زندگی مشکلات کا شکار، شہرت نے رازداری چھین لی

انہوں نے مزید کہا’’ہر کوئی جانتا ہے کہ ہری پچ پر کیسے کھیلنا ہے۔ ہم نے انگلینڈ میں بھی بہت اچھا کھیلا تھا، اس لئے مجھے اپنی بیٹنگ لائن اپ پر پورا بھروسہ ہے۔ سچ کہوں تو، ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ کے مقابلے ٹیسٹ کرکٹ کافی الگ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ زیادہ تر لوگ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں اور میں بھی ان میں سے ایک ہوں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی کرنے کے تعلق سے  میں بہت خوش ہوں۔ ہم ایک مہینے سے زیادہ وقت سے پاکستان میں ہیں۔ یہ آسان نہیں ہے۔کبھی کبھی ہم بس ہوٹل میں رہتے ہیں اور پریکٹس کے لئے میدان پر آتے ہیں، بس اتنا ہی۔ ایک مہینے تک ہوٹل میں رہنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن ہم ٹیم روم میں کچھ چیزیں کرتے ہیں، جیسے گیمز کھیلنا یا دیگر سرگرمیاں، تاکہ ہمارا دل بہلتا رہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’مجموعی طور پر، ہم صحیح راستے پر ہیں۔ اب جب ہم ٹیسٹ کرکٹ کی بات کر رہے ہیں تو ہمیں اپنے ٹیسٹ کھیل پر فوکس کرنا ہوگا۔ گھر سے دور ٹیسٹ میچ کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میں ہمیں بہت اچھی پچ ملے گی اور ہمارے پاس ایک پلان ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK