Inquilab Logo

’ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے ایک ایک ووٹر کا بوتھ سینٹرز پہنچنا ضروری ہے‘

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ووٹنگ بیداری کے تعلق سےکرلا کمانی میں ہونے والی خصوصی نشست میں مقررین نے کئی امور پرتوجہ دلائی اورصحیح امیدوار کے انتخاب پرزور دیا۔

A view of the vote awareness sit-in held at Kurlahope Banquet Hall. Photo: INN
ووٹ بیداری کے تعلق سے کرلا ہوپ بینکوٹ ہال میں منعقدہ نشست کا منظر۔ تصویر : آئی این این

ووٹنگ فیصد بڑھانے کےلئے ایک ایک ووٹر کا بوتھ سینٹرز پہنچنا ضروری ہے۔ منگل کی صبح کو ہوپ بینکوٹ ہال کمانی کرلا میںووٹ بیداری کے تعلق سے ہونے والی خصوصی نشست میں مقررین نے کئی امور پرتوجہ دلائی اور خاص طور پرصحیح امیدوار کے انتخاب پرزور دیا۔ یہ میٹنگ علماء بورڈ اور دیگر تنظیموں کے ذمہ داران اور سیاسی لیڈران پرمشتمل تھی۔ 
مولانا نوشاد احمد صدیقی نے کہاکہ ’’ اکثریہ سننےمیں آتا ہے کہ مسلمانوں کا ووٹنگ فیصد کم رہتا ہے، ہمیں اس دفعہ یہ ثابت کرنا ہے کہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے اور ملک کی بھلائی کی خاطر ہم کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ اس کےلئے ضروری ہے کہ اِس طرح کی جوکوششیں کی جارہی ہیں، جو آواز لگائی جارہی ہے،اس پرتوجہ دی جائے۔ ورنہ یہ سمجھ لیجئے کہ جس طرح کے حالات ہیںاس میں آئین کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اگرآئین کو خطرہ لاحق ہوا تو پھرسمجھ لیجئے کہ ہمارے حقوق اور ہمارے تشخصات کا تحفظ کسی صورت ممکن نہیں ہوگا۔‘‘ 
 گجرا ت میں اپوزیشن لیڈر وجے بھائی نے کہاکہ ’’دیش کس رخ پرجارہا ہے اورکس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے، کس طرح پسماندہ طبقات کونشانہ بنایا جارہا ہے۔ اسے بدلنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے ووٹ کی طاقت۔ ووٹ کی طاقت کا صحیح استعمال کرکے یہ ثابت کیجئے کہ ہم آئین بدلنے کا خواب دیکھنے والی حکومت کودوبارہ اقتدارمیں نہیں آنے دیںگے۔‘‘
 مہاوکاس اگھاڑی کی امیدوار ورشاگائیکواڑ  نے کہا کہ ’’ حالات اس بات کے غماز ہیں کہ عوام مخالف پالیسی بنانے والی حکومت کوسبق سکھانے کا عوام نے من بنالیا ہے ،بس ۲۰؍ مئی کو بوتھ پراپنی موجودگی سے عملی طورپراسے بتادینا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر میں کہیں بوندا باندی تو کہیں زور دار بارش

رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہاکہ ’’ ووٹ فیصد اسی وقت بڑھتا ہے جب ہم بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکلتے ہیں۔ اس دفعہ ہم سب کویہ ثابت کرنا ہے کہ جو طاقتیں غریب مخالف ہیں، عوام اُن سے حساب لینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ ‘‘ 
 ڈاکٹر ندیم عثمانی نے کہاکہ ’’ یہاں موجود ہرشخص اورعلماء یہ جانتے ہیں کہ میٹنگ کا مقصد کیا ہے ا ورکیوں بار بار اس جانب توجہ دلائی جارہی ہے۔ ووٹنگ میں محض ۵؍دن کاوقت بچا ہے۔ ان ۵؍دنوں میں ہمیں اپنی اس طرح کی تیاری کرنی ہے کہ ایک ایک ووٹر بوتھ سینٹر پر پہنچے اورای وی ایم کا بٹن دباکرایک ذمہ دار اورآئین کی حفاظت کرنے والے شہری کا رول ادا کرے۔‘‘ 
 سلیم الوارے نے کہاکہ ’’ ووٹ ایک ایسی طاقت ہے جس کااستعمال کرکے ہم اپنا ہی نہیں ملک کا بھی بھلاکرتے ہیں اور ایسے امیدوار کا انتخاب کرتے ہیںجو ہماری آوازبن کرپارلیمنٹ پہنچتا ہے۔ اس لئے ووٹ کی طاقت کا صحیح اور بھرپور استعمال کیجئے تاکہ ہم سب کا شمار بیدار اور ذمہ دار شہری کے طور پرہوسکے۔‘‘نظامت کرتے ہوئے مولانا بنی نعیم حسنی نے کہاکہ’’ ووٹ کی طاقت کا استعمال کرنے اوراس کا احساس کرانے کا وقت ۵؍برس میں ایک مرتبہ آتا ہے،وہ موقع پھر ہمارے سامنے ہے۔ اس کا صحیح استعمال کیا جائے تاکہ ہمارے اور آپ کے مفادات کا خیال رکھنے والا نمائندہ پارلیمنٹ پہنچ کرہماری صحیح نمائندگی کرسکے۔‘‘میٹنگ میں دیگر تنظیموں سے وابستہ شخصیات،ڈاکٹرس اور علماء موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK