حکومت کی جانب سے’مائی گَو‘ پورٹل پر آئین کی تمہید پڑھنے کا نظم ، سرٹیفکیٹ ملےگا، آئین کوئزاور وِکست بھارت یوا سمواد کا بھی اہتمام۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 11:06 AM IST | Agency | New Delhi
حکومت کی جانب سے’مائی گَو‘ پورٹل پر آئین کی تمہید پڑھنے کا نظم ، سرٹیفکیٹ ملےگا، آئین کوئزاور وِکست بھارت یوا سمواد کا بھی اہتمام۔
جمعرات (۲۶؍ نومبر) کو یوم آئین کے پیش نظر مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
آئین کی تمہید پڑھنے کا نظم
وزارتِ پارلیمانی امور نے شہریوں کو آئین کی تمہید پڑھنے اور اس میں درج اصولوں و اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے ’مائی گَو‘ (My Gov)پورٹل پر اسے آن لائن پڑھنے کا نظم کیا ہے۔ مودی سرکار نے یہ اقدام عوام اور بطور خاص نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوشش کے تحت کی ہے۔ تمہید آن لائن پڑھنے کا نظم پورٹل پر ۲۳؍ زبانوں میں جن میں انگریزی اور ہندوستان کی ۲۲؍ شیڈولڈ زبانیں شامل ہیں، کیاگیاہے۔ شہری پورٹل پر آئین کی تمہید پڑھنے کے بعد سرٹیفکیٹ بھی حاصل اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرسکیں گے۔
تمام ریاستوں میں آئین کوئز کا اہتمام
اس کے علاوہ یوم آئین کی تقریبات کے تحت ’مائی گو‘ اور ’مائی بھارت‘ پورٹل پر ۱۸؍ نومبر سے ہی ’’آئین کوئز‘‘ کاآغاز کردیا گیا تھا جو آج (۲۶؍ نومبر)کو مکمل ہوگی۔ نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کیلئے مودی سرکار ’وکست بھارت یوا سمواد‘ کا بھی انعقاد کررہی ہے ۲۴؍ نومبر کو شروع ہوچکاتھا اور آج (۲۶؍ نومبر) کو مکمل ہوگا۔اس کا انعقاد ملک کی تمام۳۶؍ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے۷۸۶؍اضلاع میں ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا بھر میں ہر گھنٹے ۵؍ خواتین قتل، یو این نے انصاف کے نظام کی ناکامی بھی بے نقاب کی
آئین کی تمہید کا اجتماعی مطالعہ
یومِ دستور کے موقع پر سرکاری وزارتوں، محکموں، تعلیمی اداروں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے آئین کی تمہید کواجتماعی طور پر پڑھنے ، سمینار، مباحثے، کوئز، مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں سمیت مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ اسکولوں اور کالجوں میں تقاریر اور مباحثوں کے ذریعہ طلبہ کو آئین کی تیاری اور اس کی خصوصیات سے واقف کرانے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔
آئین کا پیغام عوام تک پہنچانے کی کوشش
شہریوں، نوجوانوں اور طلبہ کی فعال شرکت کے ذریعے یومِ آئین کی تقریبات کو عوامی اورآبادی کی نچلی سطح تک پہنچانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آئین اور ملک کے جمہوری نظام میں اس کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ڈجیٹل پلیٹ فارمز اور مقامی و سماجی سطح پر مختلف آگاہی مہمات اور سرگرمیاں بھی انجام دی جا رہی ہیں۔اس کے ذریعہ عوام میں آئینی اصولوں کافروغ مقصود ہے۔
۲۶؍ نومبر کو یوم آئین کیوں منایا جاتا ہے؟
ہندوستان میں ہر سال۲۶؍نومبر کو یوم آئین اس لئے منایا جاتا ہے کہ اس دن ۱۹۴۹ء کو دستور ساز اسمبلی نے ہندوستان کے آئین کو منظور کیا تھا۔ ملک میں اس کا نفاذ چونکہ ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء کو ہوا اس لئے ۲۶؍ جنوری کو یوم جمہوریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یومِ آئین منانے کا مقصد شہریوں کو آئین میں درج بنیادی اقدار اور اصولوں، یعنی انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت سے واقف کرانا اور ان کے تئیں بیداری پیدا کرنا ہے۔یہ دن کب سے منایا جا رہا ہے؟ ملک میں یوم آئین منانے کا سلسلہ ۲۰۱۵ء سے شروع ہوا جب حکومت ہند نے۱۹؍نومبرکو باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ ہر سال۲۶؍نومبر کو یومِ آئین کے طور پر منایا جائے گا۔ یہ اعلان ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکرکے۱۲۵؍ویں یومِ پیدائش پر کیا گیا تھا۔