Inquilab Logo

آج اسکولی طلبہ کی معلومات یوڈائس پلس سسٹم پر اپ لوڈ کرنے کا آخری دن

Updated: December 31, 2023, 12:17 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاست بھر میں ۵؍ لاکھ طلبہ کی معلومات جمع کروانا اب بھی باقی ہے ، چھٹی کے باوجوداساتذہ کو کام مکمل کرنے کا حکم، کارروائی کا انتباہ۔

Funds may be withheld if information is not submitted. Photo: INN
معلومات جمع نہیں ہوئی تو فنڈ روکا جا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

محکمہ تعلیم نے سبھی اسکول کے طلبہ کی معلومات ۳۱؍دسمبر تک یوڈائس پلس سسٹم پر درج کرنےکی ہدایت دی ہے لیکن ابھی بھی تقریباً ۵؍لاکھ طلبہ کی معلومات اس سسٹم پر درج نہیں کی گئی ہے ۔ جس سے مرکزی حکومت کی طرف سےریاست کو ملنےوالی مالی امداد کے متاثرہونےکا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس کام کے پورا نہ ہونے پرذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 
 واضح رہےکہ محکمہ تعلیم نے سبھی اسکول کے طلبہ کی معلومات یوڈائس پلس نظام پر۳۱؍دسمبر تک درج کرنےکی ہدایت جاری کی ہے۔ لیکن ایک رپورٹ کےمطابق ابھی بھی ۴؍لاکھ ۹۸؍ہزار ۸۸۸؍طلبہ کی معلومات یوڈائس پلس سسٹم پر درج کرنا باقی ہے۔ اس سے مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو ملنے والے فنڈ میں رکائوٹ پیداہونے کا امکان ہے۔ اس وجہ سے ریاست کے ثانوی اور اعلی ٰ تعلیم کے ڈائریکٹر سمپت سوریاونشی نےکہاہےکہ اس معاملہ میں جو لوگ قصووار ہیں ان کے خلاف انتظامی کارروائی کی جائے گی۔ یوڈائس سسٹم پر ریاست کے ایک لاکھ ۸؍ہزار۳۲۶؍اسکولوں کے ۲؍کروڑ ۸؍لاکھ ۷۶؍ہزار ۶۲۵؍ طلبہ میں سے ۲؍کروڑ ۳؍لاکھ ۷۷؍ہزار ۷۳۷؍ طلبہ کی معلومات یوڈائس سے یوڈائس پلس سسٹم پر اپ لوڈ کردی گئی ہیں لیکن ۴؍لاکھ ۸؍ہزار ۸۸۸؍ طلبہ کی معلومات ابھی درج کرنی باقی ہے۔ان میں سرکاری اسکول کے ۷۵؍ہزار ۱۳۰؍، نجی (امداد یافتہ) اسکولوں کے ایک لاکھ ۵۵؍ہزار ۴۲۳؍ ، نجی( غیر امدادیافتہ) اسکولوں کے ۳۸؍ہزار ۷۸۵؍ ، خود مختار اداروں کے ۲؍لاکھ ۲۳؍ہزار ۴۴۰؍اور غیر قانونی اسکولوں کے ۶؍ہزار ۱۳۷؍ طلبہ شامل ہیں ۔
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نےاس ضمن میں کہاکہ ’’ یوڈائس سسٹم پر طلبہ کی تفصیلات درج کرنےکا کام بڑی ذمہ داری سے کیاجارہاہے لیکن متعدد طلبہ کی تفصیلات کےنہ ملنے سے دشواری آرہی ہے۔ اس لئے محکمہ تعلیم کو چاہئےکہ اسکولوں کو اس کیلئے مز ید کچھ وقت دے۔‘‘ریاست کے ۱۰۰؍فیصد اسکولوں کی معلومات کو یوڈائس سسٹم پر درج کرنا ضروری ہے۔ یہ کام ۳۱؍دسمبر کے بعد نہیں ہو سکتا۔ ۳۰؍اور ۳۱؍ دسمبر کو چھٹی ہے ۔ اس کےباوجود سمپت سوریاونشی نے ایک سرکیولر کے ذریعے اس کام کو ۳۱؍دسمبر تک پورا کرنےکی ہدایت دی ہے اورمتنبہ کیا ہےکہ اگر یہ معلومات نہیں دی گئی تو متعلقہ عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK