۱۵۰۰؍سالہ جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے مضافات کے تمام مسلم علاقوں میںجلوس کا اہتمام ۔ آتش بازی سے بچنے ،ڈی جے نہ بجانے اور دل آزار نعرے بازی سے مکمل گریز کی ہدایت۔۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 8:47 AM IST | Agency | Mumbai
۱۵۰۰؍سالہ جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے مضافات کے تمام مسلم علاقوں میںجلوس کا اہتمام ۔ آتش بازی سے بچنے ،ڈی جے نہ بجانے اور دل آزار نعرے بازی سے مکمل گریز کی ہدایت۔۔
پیر(آج)۱۵۰۰؍ سالہ جشن آمد سرکار دوعالمؐ کی مناسبت سے آل انڈیا خلافت کمیٹی کے زیراہتمام۱۰۷؍ واں جلوسِ عید میلادالنبیؐ نکالا جائے گا۔ یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں کھڑا پارسی (بائیکلہ)،فائربریگیڈ، ہنس روڈ، کالا پانی، مدنپورہ ، ناگپاڑہ جنکشن، سورتی محلہ، جے جے جنکشن، بھنڈی بازار، محمد علی روڈ، کرافورڈ مارکیٹ اور عبدالرحمٰن اسٹریٹ ہوتے ہوئے مستان تالاب پر ختم ہوگا۔ جلوس کے پورے راستے جگہ جگہ استقبال کے لئے اسٹیج لگائے گئے ہیں۔ علماء اور ذمہ داران کی جانب سے شرکاء جلوس سے خاص طور پر کہا گیا ہے کہ وہ آتش بازی ، دل آزار نعروں اور ڈی جے بجانے سے مکمل گریز کریں۔ باوضو رہیں اور درود پاک وکلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہیں اور وقت آنے پر نماز ادا کریں۔
آل انڈیا خلافت کمیٹی کے۱۰۷؍سالہ مرکزی جلوس کے علاوہ تمام مسلم علاقوں ماہم ، باندرہ، وکھرولی، کانجورمارگ، سانتاکروز، اندھیری، کرلا، گوونڈی، چیتاکیمپ، مالونی، ملاڈ، بوریولی ، میراروڈ، وسئی، نالاسوپارہ اور ویرار وغیرہ میں بھی جلوس نکالا جائے گا۔
مضافات کا بڑا جلوس چراغ نگر ،گھاٹکوپر سے سنی سینٹرل کمیٹی کے زیراہتمام نکالا جاتا ہے۔ امسال یہاں جلوس کے۷۳؍سال پورے ہوں گے۔ اس جلوس کی قیادت مولانا محمد احمد نقشبندی جنیدی (حیدرآباد) کریں گے۔
اسی طرح خلافت ہاؤس سے نکلنے والے جلوس کے قائد مولانا توصیف رضا خان (بریلی شریف) ہوں گے اور مہمان خصوصی ریاستی وزیر برائے شہری رسد و خوراک چھگن بھجبل ہوں گے۔ حالات کے پیش نظر پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ جلوس کے پورے راستے پولیس کے جوان تعینات رہیں گے۔
کس طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں؟
گزشتہ سال کی طرح امسال بھی میونسپل کارپوریشن نے جلوس کے انتظامات کیلئے فنڈ مختص کیا ہے۔ اس سے جلوس کے شرکاء کی آسانی کے لئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے متعدد جگہ اسٹینڈ بنائے گئے ہیں جہاں بیٹھ کر وہ جلوس دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح اسپیڈ بریکر ہٹانے کے ساتھ ان سڑکوں کے گڑھے بھی بھرے گئے ہیں ، شرکاء جلوس کیلئے ناشتہ اور پانی بھی مہیا کرایا جائے گا۔ جلوس کے راستے میں واچ ٹاور نصب کرنے کے ساتھ ۱۲؍ بڑے سائز کے اسکرین بھی لگائے گئے ہیں، اس سے شائقین جلوس کا نظارہ کرسکیں گے۔
’’ہدایات پر توجہ دی جائے‘‘
آل انڈیا خلافت کمیٹی کی جانب سے جلوس کے روٹ کے تعلق سے یہ بتایا گیا کہ طے شدہ ترتیب کے مطابق امسال جلوس سورتی محلہ ہوکر گزرے گا، گزشتہ سال ڈنکن روڈ سے گزارا گیا تھا۔اس کے علاوہ شرکائے جلوس کو یہ یاددہانی کرائی گئی ہے کہ (۱)طے شدہ ترتیب سے گاڑیاں لائیں۔ (۲)بچوں کو لانے سے گریز کریں۔(۳) گاڑی کے کاغذات اور لائسنس وغیرہ درست ہوں۔ (۴) قطار میں چلیں، لین کٹ نہ کریں۔ (۵) ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں۔ (۶) جو بھی ممنوعہ چیزیں تلوار ، بھالے اور ایسی دیگر چیزیں ہیں، اسے ہرگز نہ لائیں۔ (۷) اگر ضابطہ شکنی پر پولیس کی جانب سے کارروائی کی جاتی ہے تو خلاف ورزی کا مرتکب خود ذمہ دار ہوگا۔