Inquilab Logo

آج دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا آخری دن، پارٹیوں نے پوری طاقت جھونکی

Updated: April 24, 2024, 12:04 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

منگل کو راجستھان اور چھتیس گڑھ میں ریلیاں کرنے کے بعدبدھ کو وزیراعظم مودی کا مدھیہ پردیش کے تین اضلاع میں خطاب۔ پرینکا بنگلور میں جبکہ یوگی، اکھلیش اور مایاوتی مغربی یوپی میں سرگرم۔

In an election rally held in Rajasthan, Prime Minister Narendra Modi left here for Chhattisgarh. Photo: PTI
راجستھان میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی میں وزیراعظم نریندر مودی، یہاں سے پھر چھتیس گڑھ چلے گئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

بدھ کو دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ ان تمام لوک سبھا حلقوں میں جہاں ۲۶؍ اپریل کو پولنگ ہوگی، وہاں پر ۲۴؍ اپریل کی شام ۶؍ بجے تک ہی انتخابی مہم چلائی جاسکے گی۔ اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ بی جے پی کی طرف سے وزیراعظم مودی نے کمان سنبھال رکھی ہے۔ منگل کو انہوں نے راجستھان اور چھتیس گڑھ میں انتخابی مہم چلائی جبکہ بدھ کو پورا دن وہ مدھیہ پردیش میں رہیں گے اور ایک ہی دن تین اضلاع میں رائے دہندگان سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح منگل کو کانگریس لیڈرپرینکاگاندھی نے بنگلور میں روڈ شو کیا جبکہ اترپردیش میں وزیراعلیٰ یوگی، سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریم مایاوتی مغربی اترپردیش میں سرگرم ر ہے جہاں دوسرے مرحلے کے تحت ۸؍ لوک سبھا حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 
 پہلے مرحلے میں کم پولنگ سے پریشان وزیراعظم مودی نے اس مرتبہ ماحول کو پولرائز کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ لگاتار تین دنوں سے ان کی انتخابی مہم کا سارا زور ہندو مسلم پر ہی رہا ہے۔ منگل کو انہوں نے راجستھان اور چھتیس گڑھ کے کئی حلقوں میں ریلیوں سے خطاب کیا۔ اسی طرح بدھ کا دن ان کا مدھیہ پردیش میں گزرے گا جہاں وہ ایک ہی دن میں تین اضلاع ساگر، ہردا اور بیتول میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کھرگے کی عوام سے اپیل، آؤ! ساتھ مل کر جمہوریت اور آئین کی حفاظت کریں

منگل کو کانگریس کی طرف سے پرینکا گاندھی نے بنگلور میں اور الکا لامبا نے جموں میں عوام سے خطاب کیا۔ اس دوران مغربی بنگال میں ادھیر رنجن چودھری نے اپنے انتخابی حلقے میں شاندار رہلی کااہتمام کیا تھا۔ اسی طرح کانپور میں بھی کانگریس کے امیدوار کی حمایت میں ایک ریلی ہوئی جس میں انڈیا اتحاد کی طرف سے سماجوادی پارٹی کے مقامی لیڈروں نے شرکت کی۔ 
 اس دوران سب سے زیادہ سرگرمی مغربی اُترپردیش میں دکھائی دی۔ یہاں پر دوسرے مرحلے میں آٹھ لوک سبھا سیٹوں امروہہ، میرٹھ، باغپت، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ اور متھرا میں جمعہ کو ووٹ ڈالے جائیں   گے۔ گزشتہ لوک سبھاالیکشن میں ان آٹھ سیٹوں میں سے ۷؍ سیٹوں پر بی جے پی اور ایک پر بی ایس پی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ ان تمام سیٹوں  پر مجموعی طور پر ۹۱ ؍ امیدوار میدان میں ہیں، جن کی قسمت کا فیصلہ ایک کروڑ ۶۷؍ لاکھ ۷۷ ؍ہزار ووٹر کریں گے۔ اس مرحلے میں متھرا لوک سبھا سیٹ سے فلم ادا کارہ ہیما مالنی اور غازی آباد سےسابق مرکزی وزیر ڈاکٹر مہیش شرما کےعلاوہ ٹی وی سیریل راما ئن میں رام کا کردار اداکرنےوالے ارون گوول، کانگریس کے کنور دانش علی اور بی ایس پی کے گریش چند جیسے امیدوار وں کے نام شامل ہیں۔ 
  منگل کو تمام سیاسی پاریٹوں کے اسٹار پرچارکوں نے تشہیر میں  اپنی اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں جم کر پسینہ بہایا۔ ان میں مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور بی ایس پی سربراہ مایاو تی کے نام قابل ذکر ہیں۔ بدھ کوشام چھ بجے کے بعد دوسرے مرحلے کی تشہیر پوری طرح سے تھم جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK