• Fri, 24 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وسئی قلعہ پر ویڈیو گرافی سے روکنے پر مراٹھی بولنے کا موضوع چھڑ گیا

Updated: October 24, 2025, 11:18 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مراٹھی نہ آنے پر سیکوریٹی گارڈ کی سرزنش، ویڈیو وائرل، ایم این ایس ورکر نےاسے طمانچہ مارا۔

A scene of repetition at Vasai Fort. Photo: INN
وسئی قلعہ میں تکرار کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
ممبئی میں مراٹھی بولنے کا معاملہ ایک بار پھر اس وقت موضوع بحث بن گیا جب وسئی قلعہ پر ایک شخص شیواجی مہاراج کا بھیس بنا کر فوٹو شوٹ کر رہا تھا جسے ایک سیکورٹی گارڈ نے آکر فوٹو گرافی سے روک دیا۔ بات چیت میں پتہ چلا کہ گارڈ کو مراٹھی نہیں آتی ہے جس پر فوٹو نکلوانے والے شخص نے گارڈ کی سرزنش کی اور اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ مزید طول پکڑ گیا کیونکہ اس کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ایک ایم این ایس ورکر سجیت آگرے نے اس سیکوریٹی گارڈ کو تلاش کرکے اسے مبینہ طور پر طمانچہ رسید کیا اور معافی مانگنے پر مجبور کیا۔
اس دوران سوشل میڈیا پر اس موضوع پر خود مراٹھی بولنے والے بھی شیواجی مہاراج کا بھیس بناکر آنے والے پر تنقیدیں کرنے لگے کہ بھلے ہی وہ لوگ مہاراشٹر میں مراٹھی بولے جانے کے حق میں ہیں اور باہر سے آنے والوں کو ملازمت میں ترجیح دیئے جانے کے بھی خلاف ہیں لیکن ان کا سوال ہے کہ کیا یہ انجان شخص شیواجی مہاراج جیسے کپڑے پہن کر خود کو شیواجی سمجھنے لگا ہے اور کیا اس جگہ پر تصویر کشی کی اجازت ہے۔ 
لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر متذکرہ مقام پر فوٹو کشی کی اجازت نہیں ہے تو اسے فوٹو اور ویڈیو نہیں نکالنی چاہئے اور اس کا رویہ دیکھ کر محسوس ہو رہا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ لوگ اسے شیواجی ہی مان لیں۔ مزید یہ کہ اگر وہاں فوٹوگرافی منع ہے تو وہ سیکورٹی گارڈ اپنا فرض نبھا رہا ہے، زبان کے نام پر اس کو اپنے فرض کی انجام دہی سے روکنا صحیح نہیں۔ البتہ ایک دیگر شخص کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ  شخص کسی نجی سوسائٹی کا چوکیدار نہیں ہے بلکہ ایک تاریخی مقام پر تعینات ہے اس لئے اسے مراٹھی آنی ہی چاہئے۔ اگر شیواجی کا بھیس بنا کر آنے والے شخص نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے لیکن اس سیکوریٹی گارڈ کو بھی ملازمت سے نکال دینا چاہئے۔
ایک شخص نے کہا کہ مہاراج کا بھیس بنا کر کسی سیکوریٹی گارڈ کی سرزنش کرکے وائرل ہونے کے پیچھے کیا مقصد ہے؟ پتہ نہیں لیکن ممبئی میں بڑے بڑے صنعت کاروں کو مراٹھی نہیں آتی اور ان کے تعلق سے ایسی کوئی کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔
واضح رہے کہ معاملہ یہ ہے کہ ایک جوان شخص شیواجی مہاراج کا بھیس بنا کر وسئی قلعہ پر غالباً ویڈیو بنا رہا تھا کہ ایک سیکوریٹی گارڈ نے اسے اس سے منع کردیا۔ اس پر اس شخص نے گارڈ سے مراٹھی میں بات کرنے کو کہا جب وہ مراٹھی نہیں بول سکا تو اس شخص نے سیکوریٹی گارڈ، جو یوپی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا نام برجیش کمار گپتا ہے، کی خوب سرزنش کی۔ اس ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ برجیش نے ایک ساتھی سینئر چوکیدار کو بھی بلا لیا تھا جو مراٹھی بول سکتا تھا اس پر بھی وہ شخص بضد تھا کہ اس سیکوریٹی گارڈ کو مراٹھی بولنا آنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK