• Sat, 31 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹورنٹو: اسلاموفوبیا کے خلاف یکجہتی، سی این ٹاور سبز روشنیوں سے منور

Updated: January 30, 2026, 10:12 PM IST | Toronto

کنیڈا کے شہر ٹورنٹو میں تاریخی سی این ٹاور کو سبز روشنیوں سے روشن کیا گیا تاکہ کیوبیک سٹی مسجد حملے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے اور اسلاموفوبیا کے خلاف قومی عزم کا اظہار ہو۔ خیال رہے کہ یہ حملہ ۲۹؍ جنوری ۲۰۱۷ء کو عشا کی نماز کے دوران ہوا تھا، جس میں ۶؍ مسلمانوں کی موت ہوئی تھی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

۲۹؍ جنوری کو کنیڈا کے سب سے نمایاں قومی نشان سی این ٹاور کو سبز روشنیوں سے منور کیا گیا، جس کا مقصد کیوبیک سٹی مسجد حملے کی یاد منانا اور ملک بھر میں اسلاموفوبیا کے خلاف عملی اقدامات کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ یہ اقدام ’’کیوبیک سٹی مسجد پر حملے اور اسلامو فوبیا کے خلاف کارروائی کی یاد کا قومی دن‘‘ کے موقع پر کیا گیا، جو ہر سال ۲۹؍ جنوری کو منایا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۹؍ جنوری ۲۰۱۷ء کو کیوبیک سٹی کے اسلامک کلچرل سینٹر میں نمازِ عشاء کے دوران ایک مسلح شخص نے مصلیان پر فائرنگ کر دی تھی۔ اس دہشت گردانہ حملے میں ۶؍ نمازی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ کنیڈا کی تاریخ کے بدترین اسلام مخالف حملوں میں شمار ہوتا ہے جس نے ملک بھر میں مسلمانوں کے تحفظ، مذہبی آزادی اور نفرت انگیز جرائم کے خلاف سخت بحث کو جنم دیا تھا۔
اسی پس منظر میں سی این ٹاور کو سبز رنگ میں روشن کیا جانا محض علامتی عمل نہیں بلکہ ایک قومی پیغام ہے۔ سبز رنگ کو امن، زندگی اور امید کی علامت سمجھا جاتا ہے اور اس کا انتخاب اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کنیڈا میں مسلمان برادری کا تحفظ اور وقار سرکاری ترجیح ہے۔ ٹورنٹو انتظامیہ کے مطابق، یہ روشنی ان تمام افراد کی یاد میں ہے جو نفرت اور تعصب کا نشانہ بنے، اور اس عزم کے اظہار کیلئے بھی کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جائے گا۔ کنیڈا کی وفاقی حکومت نے ۲۰۲۱ء میں باضابطہ طور پر ۲۹؍ جنوری کو اسلاموفوبیا کے خلاف قومی دن قرار دیا تھا، تاکہ عوام میں شعور اجاگر کیا جا سکے کہ مذہب یا شناخت کی بنیاد پر نفرت نہ صرف اخلاقی طور پر ناقابلِ قبول ہے بلکہ جمہوری اقدار کے بھی منافی ہے۔ اس دن ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی مراکز میں یادگاری تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

مسلم تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے سی این ٹاور کو سبز روشنیوں سے منور کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، ایسے اقدامات متاثرہ خاندانوں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ ان کا غم فراموش نہیں کیا گیا اور ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا جاتا ہے کہ اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں کنیڈا میں نفرت انگیز جرائم، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف واقعات، پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، یادگاری دن اور علامتی اقدامات کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں، تعلیمی نظام اور میڈیا کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نفرت پر مبنی بیانیے کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔ سی این ٹاور کی سبز روشنیاں اس حقیقت کی علامت بن گئیں کہ کیوبیک مسجد حملے کے شہداء کو نہ بھلایا گیا ہے اور نہ ہی ان کی قربانی کو محض ایک ماضی کا واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔ یہ روشنی ایک اجتماعی وعدہ ہے کہ کنیڈا میں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور امن کو ہر صورت فروغ دیا جائے گا، اور اسلاموفوبیا سمیت ہر قسم کی نفرت کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ پالیسی اپنائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK