Inquilab Logo Happiest Places to Work

ماتھیران جانے والے سیاح دھیان دیں، ٹوائے ٹرین میں سیٹیں محدود ہوتی ہیں!

Updated: May 01, 2025, 1:46 PM IST | Sajid Khan | Nerul

سیکنڈکلاس کی زیادہ سے زیادہ سیٹیں۹۰؍ اورکم از کم ۷۸؍ ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کیلئے صرف ۱۶؍ تا ۲۶؍ سیٹیں ہیں۔ معلومات نہ ہونے پر سیاحوں کا طویل قطار میں کافی وقت ضائع ہوجاتا ہے۔

Tourists are seen standing in a long queue at Neral station to buy tickets for the toy train. Photo: Inqilaba
نیرل اسٹیشن پر سیاح ٹوائے ٹرین کی ٹکٹ کیلئے طویل قطار میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

ماتھیران ممبئی سے قریب ایک پُرفضا سیاحتی مقام ہے جہاں لو گ بڑی تعداد میں تفریح کیلئے جاتے ہیں خاص طورپر تعطیلات میں۔ یہاں کی تاریخی ٹوائے ٹرین سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ کیا بچے کیا بڑے سبھی اس کی سواری کے خواہشمند ہوتے ہیں کیونکہ اس میں سفر کے دوران وہ پہاڑوں کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ تاہم سبھی کو نیرل سے ماتھیران جانے والی ٹوائے ٹرین میں سفرکرنا نصیب نہیں ہوتا۔ نیرل ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد انہیں ٹوائے ٹرین کیلئے ٹکٹ کی قطار میں صبح سے لگنا پڑتا ہے لیکن بہت کم سیاحوں کو ٹکٹ مل پاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس ٹرین میں سیٹیں محدود ہوتی ہیں۔ 
 معلوم ہوکہ اس ٹوائے ٹرین کی سیکنڈ کلاس کی زیادہ سے زیادہ سیٹیں ۹۰؍ اورکم از کم۷۸؍ ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کی صرف ۱۶؍ تا ۲۶؍سیٹیں ہیں ۔ اسلئے صبح ۳۰:۶؍ بجے سے ٹوائے ٹرین کی ٹکٹ کیلئے قطار میں کھڑے رہنے والے بہت سے مسافروں کو ۸؍ بجکر ۵؍ منٹ پر ٹکٹ کاؤنٹر کھلنے کے بعد مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
کتنی سروسیز چلائی جاتی ہیں ؟
 صبح کے اوقات میں نیرل سے ماتھیران جانے والی ٹوائے ٹرین کی صرف ۲؍ سروسیز ہیں ۔ پہلی ٹرین صبح ۸؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر اور دوسری ٹرین ۱۰؍ بجکر ۲۵؍ منٹ پر روانہ ہوتی ہے۔ ان کیلئے ٹکٹ کاؤنٹر ٹوائے ٹرین کی روانگی کے وقت سے ۴۵؍ منٹ قبل کھلتا ہے۔ جوسیاح ممبئی اور تھانے سےپہلی لوکل ٹرین سے آتے ہیں ، وہ صبح سوا۶؍ بجے اورصبح ساڑھے ۶؍ بجے نیرل اسٹیشن پہنچتے ہیں اور تیزی سے دوڑ کر ٹوائے ٹرین کی ٹکٹ کیلئے کاؤنٹر پر قطار میں کھڑے ہوجاتے ہیں۔ انہیں ٹکٹ کاؤنٹر کھلنے تک ڈیڑھ تا پونے ۲؍ گھنٹے قطار میں کھڑے رہنا پڑتا ہے اور جب ٹکٹ کاؤنٹر کھلتا ہے تو سیٹیں محدود ہونے کی وجہ سے چند ہی مسافروں کو ٹکٹ مل پاتا ہے یعنی جو قطار میں پہلے کھڑے ہوتے ہیں ، انہیں ٹکٹ ملتا ہے، بقیہ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح فرسٹ کلاس کی ٹکٹوں کا حال ہوتا ہے۔ ایک مسافر کو ۴؍ ٹکٹ لینے کی اجازت ہے یعنی اگر سیکنڈ کلاس کی ۹۰؍ سیٹیں ہوئیں تو ۴؍ ٹکٹ کے حساب سے ۲۲؍ یا ۲۳؍ مسافروں ہی کوٹکٹ ملے گا، بقیہ محروم رہ جائیں گے جبکہ ٹوائے ٹرین میں سفر کے خواہشمند قطار میں سیٹوں سے ۳؍ تا ۴؍ گنا زیادہ کھڑے ہوتے ہیں۔ 
افسر کا کیا کہنا ہے؟
 اس بارے میں ڈپٹی اسٹیشن منیجر کے آفس میں موجود افسر جتیندر بھاٹی سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ٹوائے ٹرین میں سیکنڈ کلاس کی سیٹیں کبھی ۷۸؍ ہوتی ہیں اور کبھی ۹۰۔ اسی طرح فرسٹ کلاس کی سیٹیں کبھی ۱۶، کبھی ۲۱؍ اور کبھی ۲۶؍ ہوتی ہیں۔ اس کا فیصلہ صبح ہوتا اور اسی کی مناسبت سے ٹکٹ دیئے جاتے ہیں۔ 
بورڈ آویزاں  کرنے کی ہامی بھری گئی لیکن...
 جب اس بارے میں نمائندے نے نیرل جنکشن کے اسٹیشن منیجرگروناتھ یشونت پاٹل سے استفسار کیا تو انہوں نے بھی سیٹوں کی تعداد کم یازیادہ ہونے کے بارے میں بتایا۔ اس پر جب انہیں مشورہ دیا گیا کہ مسافروں کی اطلاع کیلئے وہاں ریلوے کی جانب سے ایک بورڈ آویزاں کردیا جائے جس پر فرسٹ، سیکنڈ اور دیگر کلاس کی سیٹوں کی تعداد کی نشاندہی کی گئی ہو تو اس پر انہوں نے انتظامیہ سے اس تعلق سے گفتگو کی ہامی بھری لیکن کئی مہینے گزرجانے کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ 
 یہی مشورہ گزشتہ مہینے ڈپٹی اسٹیشن منیجر کے آفس میں موجود افسر جتیندر بھاٹی کو بھی دیاگیا تو انہوں نے پہلے تواس مشورے کو کچھ پسند کیا لیکن بار بار توجہ دلانے پر بھی جب کچھ نہیں ہوا تو اس نمائندے نے اس تعلق سے استفسار کیا جس پر انہوں نے جواز پیش کرتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا کہ چونکہ سیٹیں کم زیادہ ہوتی ہیں اس لئے ٹکٹ کاؤنٹر کھلنے پر مسافر ہم سے جھگڑا کریں گے۔ اس پر اس نمائندے نے کہاکہ بورڈ آویزاں ہونے سے انہیں سمجھانے میں آسانی ہوگی اور بہت کم مسافر اس کے سبب متاثر ہوں گے، بقیہ وہ لوگ جو صبح پہلی یا دوسری ٹرین سے نیرل پہنچیں گے تو انہیں اندازہ ہوجائے گا کہ ٹکٹیں کم ہیں لہٰذاوہ قطار میں کھڑے رہنے کے بجائے شیئرنگ ٹیکسی کے ذریعے ماتھیران پہنچ جائیں گے۔ اس پر وہ کوئی جواب نہ دے سکے اور خاموش رہے۔ 
  نیرل ریلوے اسٹیشن کو بہتر بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور حال ہی میں ٹوائے ٹرین کے ٹکٹ کاؤنٹر کو بھی رنگ و روغن کیاگیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کیلئے ٹوائے ٹرین کا ٹائم ٹیبل اور ٹکٹ کے علاوہ دیگر ہدایات کانیا بورڈ بھی ٹکٹ کاؤنٹر کے اوپر آویزاں کیا گیا ہے لیکن اس تاریخی ٹرین سے سفر کے متمنی افرادکو ہونے والی سب سے زیادہ پریشانی کو حل کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جبکہ ریلوے کا دعویٰ کیا ہے کہ مسافروں کو راحت پہنچانا اس کی اوّلین ترجیح ہے۔ 


نیرل سے ماتھیران:
روانگی کا وقت                  پہنچنے کا وقت 
 صبح ۸؍ بجکر۵۰؍ منٹ    :  صبح ساڑھے ۱۱؍ بجے
 صبح ۱۰؍ بجکر ۲۵؍ منٹ :  ایک بجکر ۵؍ منٹ
ماتھیران سے نیرل :
روانگی کا وقت             پہنچنے کا وقت 
 دوپہر ۲؍ بجکر۴۵؍ منٹ :   شام ساڑھے ۵؍ بجے
 شام ۴؍ بجے               :  شام ۶؍ بجکر ۴۰؍ منٹ

ٹکٹ                        قیمت         سیٹوں کی تعداد
سیکنڈ کلاس  :           ۹۵؍ روپے       ۷۸ ؍ یا ۹۰
 فرسٹ کلاس :         ۳۴۰؍روپے       ۱۶، یا ۲۱ ؍ یا ۲۶
ڈیلکس سلون  :       ۱۷۰۰؍ روپے      ۵ (گارڈ سے پہلے والا یہ ڈبہ۵؍افراد کیلئے مختص ہے)
اے سی ویسٹاڈوم  :  ۷۵۰؍ روپے       یہ ابھی دستیاب نہیں ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK