Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام میں ایک بار پھر سیاحوں کی چہل پہل، ہوٹلوں میں بھاری بکنگ

Updated: June 25, 2025, 11:56 AM IST | Agency | Srinagar

جلد ہی امر ناتھ یاترا کے آغاز کے ساتھ پہلگام میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع،  حکام کے مطابق موسم سازگار رہا تو وادی میں سیاحت ایک بار پھر پٹری پر لوٹ سکتی ہے۔

Long queue of vehicles in Pahalgam. Photo: INN
پہلگام میں گاڑیوں کی طویل قطار ۔ تصویر: آئی این این

جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں قریب دو ماہ تک سناٹا چھایا رہنے کے بعد ان دنوں ایک بار پھر بازاروں میں چہل پہل، ہوٹلوں میں بھاری بُکنگ اور سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر دیکھے جا رہے ہیں۔ 
 ذرائع کے مطابق پہلگام میں ہوٹلوں کی۷۰؍ فیصد سے زائد بکنگ درج کی گئی جبکہ تفریحی مقامات اور بازاروں میں بھی قابل ذکر رش دیکھنے کو ملا۔ 
 یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے علاقے کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ لدر ندی کے کنارے، آرُو ویلی سمیت متعدد سیاحتی مقامات پر مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کا رش دیکھا جار ہا ہے۔ 
  ایک مقامی تاجر ریاض احمد نے بتایا، ’’حملے کے بعد مایوسی کا عالم طاری تھا، دکانیں کھلی تھیں لیکن گاہک نہیں تھے لیکن گزشتہ ۲؍ دن کے دوران سیاحوں کی ایک بڑی تعداد پہلگام وارد ہوئی ہے۔ ‘‘
 انہوں نے کہا، ’’ سیاحوں کی آمد میں اضافے سے اس شعبے سے جڑے تمام افراد کے چہروں پر مسکراہٹ کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ ‘‘محکمہ سیاحت کے ایک سینئر افسر نے بتایا، ’’ ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ پہلگام کو محفوظ، خوشگوار اور ہر موسم میں فعال سیاحتی مرکز کے طور پر پیش کیا جائے۔ ‘‘
 حکام کے مطابق جلد ہی امر ناتھ یاترا کے آغاز کے ساتھ پہلگام میں سیاحتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا ہے، ’’ اگر موسم سازگار رہا تو وادی میں سیاحت ایک بار پھر پٹری پر لوٹ سکتی ہے۔ ‘‘ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے کہا، ’’یہاں کے لوگ بے حد خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں۔ ہمیں یہاں آنے پر بہت خوشی ہوئی۔ پہلگام کا حسن الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں حالات بالکل معمول پر ہیں۔ ‘‘
 ایک اور سیاح جو دہلی سے پہلی بار وادی آئے ہیں، نے کہا، ’’ہمیں یہاں نہ کوئی خوف محسوس ہوا نہ کوئی ڈر، جو کچھ میڈیا میں دکھایا جاتا ہے، وہ حقیقت سے بہت دور ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ باقی ملک کے لوگ بھی یہاں آئیں اور خود دیکھیں کہ کشمیر کتنا خوبصورت اور پُرامن ہے؟‘‘سیاحوں کا کہنا تھا، ’’حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کے تمام انتظامات مناسب ہیں اور پہلگام میں سیاحوں کو ہر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ‘‘
 سیاحتی محکمے کے ایک سینئر اہلکار نے بھی تصدیق کی، ’’ وادی میں حالات مکمل طور پر پُرامن ہیں اور بیرونی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ایک مثبت اشارہ ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا، ’’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں کشمیر کو ایک بار پھر سیاحوں کے لئے دنیا کا سب سے محفوظ مقام بنایا جائے۔ ‘‘ واضح رہے کہ۲۲؍ اپریل کو پہلگام میں پیش آ نے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی میں ایک خوف کی لہر دوڑ گئی تھی لیکن اب صورتحال معمول پر ہے اور سرکاری و عوامی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں سیاحتی شعبہ واپس پٹری پر آ رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK