Inquilab Logo Happiest Places to Work

حادثات کا سبب بننے والی زیادہ روشنی والی ہیڈ لائٹس لگانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی

Updated: August 12, 2026, 10:39 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہر اور مضافات میں اکثر گاڑی چلانے والے جن میں نوجوانوں کی گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے، ایل ای ڈی یا لیزر لائٹس لگاتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہونے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

Traffic police personnel. Picture: INN
ٹریفک پولیس کے اہلکار۔ تصویر: آئی این این

شہر اور مضافات میں اکثر گاڑی چلانے والے جن میں نوجوانوں کی گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے، ایل ای ڈی یا لیزر لائٹس لگاتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہونے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ اسی طرح بہت تیز لائٹس لگانے سے مخالف سمت میں گاڑی چلانے والے کو سامنے سے آتی ہوئی گاڑی دکھائی نہیں دیتی جس کی وجہ سےہونے والے حادثہ میں جانی اور مالی دونوں ہی نقصان ہوسکتا ہے۔ مذکورہ معاملہ میں ممبئی ٹریفک پولیس نےشکایتیں موصول ہونے پرخصوصی مہم چلائی اور سیکڑوں افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے جرمانہ وصول کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جین زی رائزنگ ٹور: نیہا، رانچی کے بعد کولکاتا میں، کہا’’پیپر لیک سسٹم کا مسئلہ ہے‘‘

ٹریفک پولیس نے تیز روشنی والی لائٹس لگانے والوں کے خلاف موصولہ شکایت پرٹریفک پولیس کی ۴۱؍ ڈیویژن کو کارروائی کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔ اس سلسلےمیں ۶؍ اگست تا ۹؍ اگست کے درمیان خصوصی مہم چلاتے ہوئے شہر اور مضافات میں ایک دو نہیں بلکہ ایک ہزار ۱۹۴؍ گاڑی مالکان کے خلاف گاڑیوں میں ایل ای ڈی، لیزر یا بہت تیز روشنی والی لائٹس کا استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران کی گئی کارروائی کے دوران گاڑی مالکان سے ۷؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: یوم آزادی پر مفت فُٹ ویئر تقسیم کرنے کااعلان

ٹریفک پولیس نےگاڑیوں میں ہائی انٹینسٹی ڈسچارج(ایچ آئی ڈی) ہیڈلائٹس، فلیش لائٹس اور ایل ای ڈی و لیزرلائٹس لگانے کے خلاف مہاراشٹر موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے۔ پولیس کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد ان لائٹس کی وجہ سے ہونے والے حادثات کو روکنا تھا۔ سینئر افسر کے بقول گاڑیوں میں تیز روشنی والی لائٹس لگانے سےمخالف سمت سے آنے والے ڈرائیورکی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا سکتا ہے، اس کی آنکھیں متاثر ہوسکتی ہیں، حادثہ کی شکل میں جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کارروائی کے ساتھ گاڑی چلانے والوں سے کم روشنی والی جسے ’لوبیم ہیڈ لائٹس‘ کہا جاتا ہے، کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مذکورہ معاملہ میں قانونی کے مطابق سے پہلی بار تیز روشنی والی ہیڈ لائٹس لگانے پر ۵؍ سو روپے جرمانہ وصول کیا جاسکتا ہے اور۳؍ ماہ کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ دوسری بار وہی غلطی کرنے پر ۱۰؍ ہزار روپے جرمانہ اور ۶؍ ماہ کی قید بھی ہوسکتی ہے یا پھر دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں ۔ ٹریفک پولیس نے اس مہم کے دوران گاڑیاں چلانے والوں کو لو بیم لائٹس لگانے اور اپنے ساتھ دوسروں کے سفر کو محفوظ بنانے کی درخواست بھی کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK