ستارا میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے ۴؍ افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ ستارا کے پلٹن تعلقہ کے کھام گائوں میں پیش آیا جب گھر کے سامنے بجلی کی تار کو چھونے سے سبھی کی موت ہو گئی۔
موقع پر پہنچے پولیس اہلکار اور مہلوکین کے پڑوسی۔ تصویر:آئی این این
ستارا میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے ۴؍ افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ ستارا کے پلٹن تعلقہ کے کھام گائوں میں پیش آیا جب گھر کے سامنے بجلی کی تار کو چھونے سے سبھی کی موت ہو گئی۔ یہ بھی ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ مہلوکین میں ۲؍ خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ اس سانحے کے بعد پورے گائوں میں سوگ کا ماحول ہے۔ پلٹن پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق کھام گائوں میں ایک پرائیویٹ انگلش میڈیم اسکول کے پاس رہنے والا شندے خاندان بدھ کی صبح معمول کے مطابق بیدار ہوا اور اپنے گھر سے باہر آیا۔ صبح ساڑھے ۵؍ تا ۶؍ بجے کے قریب کشن شندے(۴۸)کو اس وقت شدید بجلی کا جھٹکا لگا جب انہوںنےگھر کے باہر موجود ایک بجلی کے تار کو چھو لیا جس میں اچانک کرنٹ آ گیا تھا۔ گھر کے دیگر افراد ا نہیں بچانے کیلئے بھاگے ۔ ان کی بیوی گنگوبائی پسوردیا شندے(۴۶)، بیٹا سچن پسوردیا شندے(۲۶) اور بیٹی آرتی پسوردیا شندے(۲۲) تینوں پسوردیا کو بچانے پہنچےلیکن بدقسمتی سے بجلی کے کرنٹ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ایک کے بعد ایک تینوں تارسے چپک گئے اور چند ہی لمحوں میں چاروں افراد کی موت ہو گئی۔
اس دلخراش واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ پلٹن دیہی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر راج کمار بھجبل کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اورواقعہ کا تفصیلی پنچنامہ کیا۔ساتھ ہی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے پلٹن سرکاری اسپتال بھجوا دیا گیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت سے پورے گائوںمیں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔