Updated: November 25, 2026, 3:42 PM IST
| New Delhi
سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کی مبینہ سازش کے معاملے میں طویل عرصے سے جیل میں بند عمر خالد اور شرجیل امام کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے دہلی پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت پر غور کرنے سے پہلے پولیس کا موقف سنا جائے گا۔
سپریم کورٹ آف انڈیا۔ تصویر: آئی این این
سپریم کورٹ نے ۲۰۲۰ء کے دہلی فسادات کی مبینہ سازش کے معاملے میں طویل عرصے سے جیل میں بند عمر خالد اور شرجیل امام کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کو دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت پر غور کرنے سے پہلے پولیس کا موقف سنا جائے گا۔ سماعت کے دوران عمر خالد کے وکیل کپل سبل نے طویل عرصے سے جاری حراست کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ضمانت دینے کی درخواست کی، جبکہ شرجیل امام کے وکیل سدھارتھ ڈیو نے بھی اپنے موکل کیلئے اسی طرح کی راحت طلب کی۔ سبل نے عدالت کو یاد دلایا کہ اسی معاملے میں شریک ملزم تسلیم احمد کو عبوری ضمانت دی گئی تھی، جس پر چیف جسٹس نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، ’’آج نہیں۔‘‘ عدالت نے معاملے کو چیف جسٹس کے سامنے انتظامی سطح پر پیش کرنے کی ہدایت دی، تاکہ تین ججوں پر مشتمل بنچ تشکیل دی جاسکے۔ دونوں ملزمان نے دہلی ہائی کورٹ کے ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ریشم باغ میدان میں ملک کا پہلا اے آئی پر مبنی اسمارٹ بیت الخلاء شروع
سماعت کے دوران ۲۰۲۱ء کے کے۔اے۔ نجیب فیصلے کا حوالہ بھی سامنے آیا، جس میں سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) جیسے سخت قانون کے تحت بھی طویل حراست اور مقدمے کی سماعت میں غیر معمولی تاخیر کی صورت میں آئینی عدالتیں ضمانت دے سکتی ہیں۔ یہ فیصلہ موجودہ چیف جسٹس سوریہ کانت نے تحریر کیا تھا۔ گزشتہ مئی میں سپریم کورٹ نے اس فیصلے کی مختلف تشریحات سے متعلق قانونی سوال کو بڑی بنچ کے حوالے کیا تھا۔ اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ چونکہ زیر بحث فیصلہ ان ہی کا تحریر کردہ ہے، اس لیے انہیں اس معاملے میں کچھ جھجک محسوس ہورہی ہے۔ تاہم شرجیل امام کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ قانونی سوال کا حوالہ موجودہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، کیونکہ یہ درخواستیں سپریم کورٹ کے جنوری میں دئیے گئے حکم کے مطابق دائر کی گئی ہیں۔ دہلی پولیس کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ بڑی بنچ کو بھیجا گیا قانونی سوال اسی ایف آئی آر سے متعلق ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ’یومِ آئین‘ پر ابھیجیت دپکے کا ’جمہوریت بچاؤ‘ ریلی نکالنے کا اعلان
سپریم کورٹ نے ۵؍ جنوری کو عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ درخواست دینے کی اجازت دی تھی، تاہم اس کیلئے شرط رکھی گئی تھی کہ استغاثہ محفوظ گواہوں کی جانچ مکمل کرلے یا ایک سال گزر جائے، ان دونوں میں سے جو پہلے واقع ہو۔ دونوں ملزمان نے اپنی تازہ درخواستوں میں کہا ہے کہ ۵؍ جنوری ۲۰۲۷ء تک محفوظ گواہوں کی جانچ مکمل ہونے کا امکان نہیں، اس لیے انہیں طویل حراست کے پیش نظر ضمانت دی جائے۔ عمر خالد کو ۱۳؍ ستمبر ۲۰۲۰ء اور شرجیل امام کو ۲۵؍ اگست ۲۰۲۰ء کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں پر فروری ۲۰۲۰ء میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے پس منظر میں مبینہ سازش کا الزام ہے، جس کی سماعت ابھی جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے فی الحال ان کی عبوری ضمانت پر کوئی فیصلہ نہیں دیا اور دہلی پولیس کا جواب سننے کے بعد معاملے پر مزید غور کیا جائے گا۔