• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سلمان خان کی فلم ’’ماتربھومی‘‘ کا ٹریلر جاری

Updated: November 11, 2026, 4:04 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم’ ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘‘ کا طویل انتظار کے بعد ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ حب الوطنی، فوجی جوانوں کی بہادری، قربانی اور جنگ کے تباہ کن اثرات پر مبنی اس فلم کے ٹریلر نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔

Salman Khan.Photo:INN
سلمان خان۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم’ ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘‘  کا طویل انتظار کے بعد ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ حب الوطنی، فوجی جوانوں کی بہادری، قربانی اور جنگ کے تباہ کن اثرات پر مبنی اس فلم کے ٹریلر نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ فلم میں سلمان خان ایک ہندوستانی فوجی افسر کے کردار میں نظر آرہے ہیں، جب کہ ٹریلر میں سرحد پر کشیدگی، فوجیوں کی قربانیوں، خاندانی جذبات اور امن کی اہمیت کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔فلم کا ٹریلر ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۶ءکی شام جاری کیا گیا۔ تقریباً ساڑھے چار منٹ کے اس ٹریلر کی شروعات مشرقی لداخ کے برف پوش پہاڑی علاقوں سے ہوتی ہے، جہاں سلمان خان ۱۶؍ بہار رجمنٹ کے ایک فوجی افسر کے کردار میں دکھائی دیتے ہیں۔ وہ ملک کی حفاظت کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی خاطر مشکل حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔


 ٹریلر میں ان کی فوجی زندگی کے ساتھ ساتھ ان کے خاندانی تعلقات اور ذاتی جذبات کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔فلم میں سلمان خان کی اہلیہ کا کردار اداکارہ چترانگدا سنگھ نے ادا کیا ہے۔ ٹریلر میں دونوں کے درمیان جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ سلمان خان کا کردار ایک جانب ملک کی حفاظت کے لیے سرحد پر دشمن کا مقابلہ کرتا ہے تو دوسری جانب اپنے خاندان سے گہری محبت بھی رکھتا ہے۔ اپنے بیٹے سے جذباتی الوداعی ملاقات کے دوران وہ اسے سمجھاتے ہیں کہ فوجی الوداع نہیں کہتے بلکہ سلام کرتے ہیں۔ اسی طرح ایک منظر میں وہ اپنے خاندان کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ جس طرح ایک ماں کے لیے اس کا بیٹا اہم ہوتا ہے، اسی طرح مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اس کے سپاہی ضروری ہیں۔
سرحدی کشیدگی اور فوجیوں کی بہادری کی کہانی ٹریلر میں ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی کے پس منظر کو پیش کیا گیا ہے۔ کہانی میں ہندوستانی فوجیوں کو سرحد کے قریب چینی فوجیوں کی سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سلمان خان کا کردار ابتدا میں معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اپنے ساتھی فوجیوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ بہادری کا مطلب ہمیشہ جنگ کرنا نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات جنگ کو روکنا بھی بڑی بہادری ہوتی ہے۔تاہم، حالات اس وقت سنگین ہوجاتے ہیں جب مخالف فوجیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود ہندوستانی جوانوں کو پیچھے ہٹنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ سلمان خان کا کردار اپنے ساتھیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہتا ہے کہ ہم فوجی ہیں اور ایسے ہی دنوں کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔ اس کے بعد ٹریلر میں برفانی پہاڑوں کے درمیان زبردست ہاتھا پائی اور ایکشن کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔فلم میں ’’ایک بہاری، سو پر بھاری‘‘ جیسا مکالمہ بھی سننے کو ملتا ہے، جو ۱۶؍ بہار رجمنٹ کے جوانوں کے حوصلے اور بہادری کی عکاسی کرتا ہے۔جنگ کے بجائے انسانیت اور امن کا پیغام  فلم کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ صرف جنگ اور فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ جنگ کے انسانی اور جذباتی پہلوؤں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں بی ٹی ایس کے آر ایم سے متاثر ’نام جوننگ‘ کورس متعارف

ٹریلر میں دونوں جانب کے فوجیوں کے خاندانوں کی پریشانیوں، اپنے پیاروں سے جدائی اور جنگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو دکھایا گیا ہے۔چترانگدا سنگھ کا کردار اپنے شوہر سے کہتا ہے کہ جب بھی گھر واپس آئیں تو اپنے ساتھ صرف کہانیاں لے کر آئیں، زخموں کے نشان نہیں۔ یہ مکالمہ فوجی جوانوں کے خاندانوں کی بے چینی اور ان کی قربانیوں کو نمایاں کرتا ہے۔ٹریلر کے اختتام پر سلمان خان کا کردار ایک اہم پیغام دیتا ہے کہ انسانیت اور حب الوطنی کا مطلب دشمن کو ختم کرنا نہیں بلکہ دشمنی کو ختم کرنا ہے۔ یہی پیغام فلم کے عنوان’ ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘‘ یعنی ’’مادرِ وطن: جنگ کو سکون نصیب ہو‘‘ کی بنیادی سوچ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔پہلے ’’بیٹل آف گلوان‘‘ تھا فلم کا نامقابل ذکر ہے کہ اس فلم کا ابتدائی نام ’’بیٹل آف گلوان‘‘   رکھا گیا تھا اور اسے ۲۰۲۰ء میں وادیٔ گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے پس منظر میں تیار کیا گیا تھا۔
 ابتدا میں سلمان خان کو کرنل بی سنتوش بابو کے کردار میں پیش کرنے کا منصوبہ تھا۔ تاہم بعد میں فلم کی کہانی اور عنوان میں تبدیلیاں کی گئیں اور دوبارہ شوٹنگ بھی کی گئی۔فلم کے ہدایت کار اپوروا لاکھیا ہیں، جب کہ اسے سلمان خان فلمز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔ فلم میں سلمان خان اور چترانگدا سنگھ کے علاوہ مکیش رشی، انکور بھاٹیا، زین شاہ اور دیگر اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی کہانی میں فوجی جوانوں کی زندگی، ان کے فرائض اور دونوں ملکوں کے فوجیوں کے حالات کو نمایاں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بھیشم ساہنی اداکار، انگریزی کے استاد، ادیب، مدیر اور کامیاب ڈرامانگار بھی تھے

فلم کی ریلیز میں کئی مرتبہ تاخیر ہوئی۔ سلمان خان کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ فلم کے بصری اثرات (وی ایف ایکس) کو بہتر بنانے میں لگنے والا وقت تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ فلم کے مناظر بڑے پردے پر شاندار انداز میں پیش کیے جائیں اور ناظرین کو کسی قسم کی کمی محسوس نہ ہو۔ اس کے علاوہ چترانگدا سنگھ کی چوٹ اور فزیوتھراپی کے باعث بھی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوا۔سلمان خان نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فلم کا مقصد کسی ملک یا قوم کو منفی انداز میں پیش کرنا نہیں بلکہ دونوں جانب کے فوجیوں کی زندگی، ان کی مشکلات اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو دکھانا ہے۔ ان کے مطابق جنگ میں حالات بعض اوقات ایسے ہوجاتے ہیں کہ فوجیوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا ہونا پڑتا ہے، حالانکہ وہ بھی انسان ہیں اور اپنے خاندانوں سے محبت کرتے ہیں۔
 ۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر سلمان خان کے مداحوں اور فلم شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی ناظرین نے فلم کے ایکشن مناظر، جذباتی مکالموں اور امن کے پیغام کی تعریف کی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان خان کی یہ فلم ریلیز کے بعد باکس آفس پر کس طرح کی کارکردگی دکھاتی ہے اور ناظرین کی توقعات پر کس حد تک پوری اترتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK