• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی فٹبال ٹیم پہلی بار نیوزی لینڈ کے دورے پر جائے گی

Updated: November 11, 2026, 8:04 PM IST | New Delhi

ہندوستانی فٹبال ٹیم نومبر ۲۰۲۶ء کی فیفا انٹرنیشنل ونڈو کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر دو بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی۔ یہ ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ کا پہلا دورہ ہوگا۔

Indian Players.Photo:X
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی فٹبال ٹیم نومبر ۲۰۲۶ء کی فیفا انٹرنیشنل ونڈو کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر دو بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی۔ یہ ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ کا پہلا دورہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ جمعرات کو آکلینڈ کے گو میڈیا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ اتوار کو کرائسٹ چرچ کے ون نیوزی لینڈ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ہندوستان میں ان دونوں مقابلوں کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب رہے گی۔

یہ بھی پڑھئے:راک اسٹار گیمز نے’ ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کردی

دو میچوں کی یہ سیریز بلیو ٹائیگرز یعنی ہندوستانی ٹیم کا نیوزی لینڈ کا پہلا دورہ ہے۔ ۲۰۰۵ء میں فجی کے خلاف دو دوستانہ میچ کھیلنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اوشیانا فٹبال کنفیڈریشن (او ایف سی) کے کسی رکن ملک کی سرزمین پر ہندوستانی ٹیم مقابلہ کرے گی۔ فیفا رینکنگ میں ۱۳۸؍ویں مقام پر موجود ہندوستان کا سامنا۸۸؍ویں نمبر کی نیوزی لینڈ ٹیم سے ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم، جسے آل وائٹس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے رواں سال فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں حصہ لیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں اس نے ایران کے خلاف میچ ڈرا کھیلا، جبکہ مصر اور بلجیم  کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس دورے کے لیے کوچ خالد جمیل نے ۲۳؍ رکنی ہندوستانی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ اس میں ریان ولیمز، منویر سنگھ، لسٹن کولاسو، محمد سہیل اور ایڈمنڈ لالرنڈیکا جیسے کھلاڑی حملے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔بجوئے ورگیز، محمد سہیل اور لسٹن ہندوستان کی سیف چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء کی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ یہ کھلاڑی ڈھاکہ میں جاری ٹورنامنٹ چھوڑ کر نیوزی لینڈ دورے کے لیے سینئر ٹیم سے وابستہ ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:لیکچرر پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے فیفا صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا

نیوزی لینڈ کی ۲۲؍ رکنی ٹیم میں پریمیئر لیگ کے فارورڈ کرس ووڈ نمایاں نام ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے۹۵؍ سینئر بین الاقوامی میچوں میں ۴۵؍ گول کیے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن فینکس کے تین کھلاڑیوں کوربن پائپر، میتھیو شیریڈن اور نیتھن واکر کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا ہے، جبکہ چوٹ کے باعث فیفا ورلڈ کپ سے باہر رہنے والے میٹ گاربیٹ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ہندوستانی نژاد نیوزی لینڈ کے مڈفیلڈر سرپریت سنگھ اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ وہ پرتگالی کلب فارینسے کی ابتدائی الیون میں اپنی جگہ مستحکم کرنے کے بعد اب بھی اسی کلب کے ساتھ وابستہ ہیں۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کوچ ڈیرن بیزلی نے ان کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک صرف دو مقابلے ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ  ۱۹۸۱ء میں ملائیشیا میں منعقدہ مرڈیکا ٹورنامنٹ میں کھیلا گیا تھا، جو بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ اس کے بعد  ۲۰۱۸ء میں ممبئی میں انٹرکانٹی نینٹل کپ کے دوران نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو ۱۔۲؍گول  سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK