Inquilab Logo

’’جے ڈی ایس سے اتحاد سے قبل امیت شاہ کو پرجول کے ویڈیو کے بارے میں علم تھا‘‘

Updated: April 30, 2024, 9:21 AM IST | Agency | Belagavi

کرناٹک کی وزیر لکشمی ہیبالکر کا الزام ، کہا کہ کرناٹک بی جے پی کے صدر وجیندر یدی یورپابھی اس سے واقف تھے، اس کے باوجود انہوں نے اتحاد قائم رکھا۔

Karnataka Minister Lakshmi Hibalkar. Photo: INN
کرناٹک کی وزیر لکشمی ہیبالکر۔ تصویر : آئی این این

کرناٹک کی خواتین و اطفال کی فلاح وبہبود کی وزیر لکشمی ہیبالکر نے الزام لگایا ہے کہ جنتا دل سیکولر (جے ڈی-ایس) اوربی جے پی کے درمیان اتحاد سے قبل بی جےپی  کے  سینئر لیڈروں کو این ڈی اے امیدوار پرجول ریونا سے متعلق  فحش ویڈیو کے بارے میں  جانکاری دی گئی تھی۔
  ہیبالکر نے دعویٰ کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ ا میت شاہ اور کرناٹک بی جے پی کے صدر وجیندر یدی یورپا سمیت دیگر لیڈروں کو اس ویڈیو کے بارے میں پہلے سے علم تھا، لیکن انہوں نے قطع نظر اس اتحاد کو جاری رکھا۔ انہوں نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ’’ امیت  شاہ اور  وجیندرا کو پہلے ہی اس طرح کی سی ڈیز اور ویڈیوز کی موجودگی کا علم تھا  جیسا کہ بی جے پی لیڈر دیوراج گوڑا کے وجیندرا کے ساتھ بات چیت سے ظاہر ہوتا ہے۔ امیت شاہ کے میسور کے دورے  پربی جے پی لیڈر پریتم گوڑا اور اے ٹی رام سوامی نے جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کاسختی سے مشورہ دیا تھا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’مودی بوکھلا گئے ہیں، اسلئے اب وہ سماج میں ڈر پھیلا رہے ہیں‘‘

انہوں نے فحش ویڈیوز پر بی جے پی کی خاموشی پر بھی تنقید کی اور سیاست میں خواتین  کے تحفظ اور اخلاقی طرز عمل کے تئیں پارٹی  کے عزائم پرشبہات کا اظہار کیا۔ بی جے پی سے اس معاملے پر اپنا موقف واضح کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا  ’’ہمارے وزیر اعلیٰ کا خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) قائم کرنے کا فیصلہ ایک قدم آگے کی کارروائی ہے لیکن بی جے پی کا موقف اب تک غیر یقینی ہے۔ قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی سربراہ ریکھا شرما کیوں خاموش ہیں؟ جے پی نڈا خاموش کیوں ہیں؟ شوبھا کرندلاجے بھی کیوں خاموش ہیں؟‘‘پرجول کے خلاف ان کی سابق گھریلو ملازمہ کی شکایت کے بعد اتوار کو جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں، ان پر اور اس کے والد ایچ ڈی ریونا پر جنسی طور پر ہراساں کرنے، ڈرانے دھمکانے اور ایک عورت کی عزت کو مجروح کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ ایچ ڈی  ریونا اور پرجول ریونا دونوں نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پرجول نے اس کے اور اس کی بیٹی کے ساتھ  ویڈیو کالز کے ذریعے نامناسب سلوک کیا۔دوسری جانب اس تنازعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ہاسن ضلع میں مبینہ فحش ویڈیو کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK