Inquilab Logo Happiest Places to Work

نقد رقم لے کر جعلسازی کا پیسہ ٹرانسفر کردیا، ۳؍ بینک کھاتے منجمد

Updated: August 11, 2025, 12:57 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بینک میں پیسے جمع کرانے گئے شخص کو ضرورت بتا کر نقد رقم لی اور اس کے عوض آن لائن دھوکہ کا پیسہ اس کے اکائونٹ میں منتقل کردیا جس کی وجہ سے مدد کرنے والے کا کھاتہ فریز ہو گیا

The victim, Javed Idrisi, went to deposit Rs 50,000 at a Yes Bank ATM. Photo: INN
دھوکہ کھانے والے جاوید ادریسی یس بینک کے اے ٹی ایم میں ۵۰؍ ہزار روپے جمع کروانے گئے تھے۔ تصویر: آئی این این

 آج کے دور میں آن لائن دھوکہ بازی کرنے والے عوام سے پیسے اینٹھنے کے نت نئے طریقے استعمال کرتے رہتے ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں کرلا میں پیش آیا جس میں اپنی ضرورت بتا کر ایک انجان شخص نے بینک آئے ہوئے ایک آدمی سے نقد رقم مانگ لی اور اس کے عوض اس کے اکائونٹ میں اتنے ہی پیسے آن لائن ٹرانسفر کردیئے۔ تاہم جو رقم آن لائن ٹرانسفر کی گئی تھی وہ آن لائن فراڈ کی تھی جس کی وجہ سے نہ صرف مدد کرنے والے شخص کا بینک کا کھاتہ بلکہ اس رقم کے ملنے کے بعد انہوں نے جن دیگر ۲؍ افراد کو اپنے پاس سے آن لائن پیسے دیئے تھے ان کے بھی بینک اکائونٹ منجمد کردیئے گئے ہیں اور اس واقعہ کو کئی دن گزر جانے کے باوجود یہ تینوں افراد پریشان ہیں۔
 اس معاملےمیں دھوکہ کھانے والے جاوید ادریسی کا تعلق گھاٹکوپر سے ہے اور ان کے وکیل منیر شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ان کے موکل ۱۲؍ جولائی کو کرلا (مغرب) میں ایل بی ایس روڈ پر واقع مائیکل ہائی اسکول کے سامنے سہ پہر تقریباً ۴؍ بجے نقد رقم لے کر یس بینک کے اے ٹی ایم میں ۵۰؍ ہزار روپے جمع کروانے گئے تھے۔ یہاں ایک نامعلوم شخص اے ٹی ایم میں آگیا جو بظاہر پریشان نظر آرہا تھا، اس شخص نے ان سے کہا کہ اسے فوری طور پر اسپتال میں نقد رقم جمع کروانا ہے۔ اس نے جاوید سے درخواست کی کہ وہ اے ٹی ایم کے ذریعہ اپنے اکائونٹ میں پیسے جمع کرنے کے بجائے نقد رقم اسے دے دیں تو وہ اتنی ہی رقم ان کے بینک اکائونٹ میں آن لائن ٹرانسفر کر دے گا۔
 اس شخص کی ضرورت سن کر جاوید اسے نقد رقم دے کر اپنے اکائونٹ میں پیسے لینے پر رضا مند ہوگئے جس پر اس شخص نے پہلے ان کے اکائونٹ میں ۵۰؍ ہزار روپے آن لائن ٹرانسفر کردیئے۔
 بینک اکائونٹ میں پیسے مل جانے اور اس کا میسیج موصول ہوجانے پر جاوید کو اطمینان ہوگیا کہ ان کے اکائونٹ میں پیسے آگئے ہیں اس لئے دھوکہ ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔اس لئے انہوں نے اس آدمی کو ۵۰؍ ہزار روپے نقد دے دیئے۔
 اس واقعہ کے ۲؍ روز کے بعد جاوید کو اس وقت دھچکا لگا جب بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ان کا بینک اکائونٹ منجمد کردیا گیا۔ ان کے اکائونٹ کو ’ہولڈ مارک‘ کردیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ انہوں نے جس شخص کو نقد رقم دی تھی اور اس نے آن لائن پیسے دیئے تھے اس نے کچھ گڑبڑ کی ہے اور ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔
 بہت جدو جہد اور بینک کے اور دیگر متعلقہ افسران سے گفت و شنید اور دوڑ بھاگ کے بعد انہیں بتایا گیا کہ۱۲؍ جولائی کو ان کے بینک اکائونٹ میں جو رقم موصول ہوئی ہے وہ غیرقانونی ٹرانزکشن اورآن لائن دھوکہ بازی کی ہے۔ اس تعلق سے شکایت موصول ہونے کے بعد دیکھا گیا کہ پیسے ان کے اکائونٹ میں بھیجے گئے تھے اس لئے ان کا اکائونٹ منجمد کردیا گیا ہے۔
 ایڈوکیٹ منیر کے مطابق ان کے موکل نے وی بی نگر پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں شکایت درج کروانے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے ان کی شکایت لینے سے انکار کردیا اور انہیں آن لائن تحریری شکایت دینے کو کہا ہے۔ اس پر عمل کرتے ہوئے ایڈوکیٹ منیر نے ایک شکایتی خط تیار کیا ہے جو آج( پیر کو) آن لائن دیا جائے گا۔
 اس معاملے میں دھوکہ کھانے والے جاوید کی مصیبت ان تک محدود نہیں رہی۔ انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ نامعلوم شخص سے آن لائن رقم ملنے کے بعد انہوں نے جن ۲؍ افراد کو آن لائن پیسے دیئے تھے ان دونوں کے بینک اکائونٹ بھی منجمد کردیئے گئے ہیں۔ یہ دونوں افراد جاوید پر زور ڈال رہے ہیں کہ ان کے اکائونٹ بحال کرائے جائیں۔ تاہم پولیس ان کی کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہےجس کی وجہ سے اب تک ان کے اکائونٹ بند پڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK