• Sat, 31 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کاشی گاؤں تا سبھاش چندر بوس گراؤنڈ تک میٹرو روٹ۹؍ پر ٹرائل رن مکمل

Updated: October 31, 2026, 11:46 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

اس روٹ پر تمام اسٹیشنوں کی تعمیر، برقی نظام اور دیگر تکنیکی کام آخری مرحلے میں، دسمبر تک سروس شروع ہونے کا امکان۔

A successful trial run of Metro 9 was completed. Photo: INN
میٹرو۹؍کا کامیاب ٹرائل رن مکمل کیا گیا۔ تصویر: آئی این این

دہیسر تا میرا بھائندر میٹرو روٹ ۹؍  کے کاشی گاؤں سے سبھاش چندر بوس میدان تک کے بقیہ حصے پر انتہائی رفتار سے میٹرو چلانے کا ۳؍ روزہ ٹرائل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ۔ تمام اسٹیشنوں کا کام آخری مراحل میں ہے اور کام مکمل ہونے کے بعد انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ دسمبر کے بعد میٹرو کا یہ بقیہ روٹ مسافروں کےلئے کھول دیا جائے گا۔

  میرا بھائندر سے ممبئی کی سمت سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت کے لئے میٹرو لائن ۹؍  تیار کی گئی ہے۔ اس روٹ کا پہلا حصہ یعنی دہیسر سے کاشی گاؤں تک کا مرحلہ رواں سال اپریل میں مسافروں کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ اس سروس کو مسافروں کی طرف سے زبردست ردعمل مل رہا ہے اور روزانہ تقریباً  ۳۳؍ ہزار مسافر میٹرو کا استعمال کر رہے ہیں۔ فی الحال کاشی گاؤں سے سبھاش چندر بوس میدان تک کے بقیہ حصے پر کام جاری ہے۔ اس روٹ پر تمام اسٹیشنوں کی تعمیر، برقی نظام اور دیگر تکنیکی کام آخری مرحلے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان رِنگ روڈ پر حادثات کا بڑھتا سلسلہ

کچھ دن پہلے کاشی گاؤں اور سبھاش چندر بوس اسٹیشن کے درمیان میٹرو کا ابتدائی تجربہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب پورے روٹ پر ہائی اسپیڈ ٹرائل رن مکمل کر لیا گیا ہے۔اس ٹرائل کے دوران میٹرو کی رفتار کی حد، رفتار بڑھانے کی صلاحیت، ہنگامی صورتحال میں بریک لگانے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ تیز رفتاری میں پیدا ہونے والے ارتعاش اور اس کے قریبی علاقوں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اہم بات یہ ہے کہ اس ٹرائل کے دوران ایک ہی وقت میں ۳؍ میٹرو ٹرینیں پٹری پر دوڑائی گئیں۔ اس دوران ٹرینوں کے درمیان مواصلاتی نظام، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی صلاحیت، اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی آمد و رفت اور سگنلنگ سسٹم کے باہمی تعاون کی جانچ کی گئی۔گزشتہ ۳؍ دنوں سے جاری اس کامیاب ٹرائل کے بعد میٹرو کے بقیہ روٹ پر سروس شروع کرنے کی سمت میں ایک اہم مرحلہ طے ہو چکا ہے۔ اس دوران بقیہ اسٹیشنوں کے کام مکمل ہونے کے بعد میٹرو کی حفاظت سے متعلق ضروری جانچ اور اجازت کا عمل پورا کیا جائے گا۔

اس عمل کی تکمیل کے بعد میٹرو سروس شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے میرا بھائندر کے شہریوں کو ممبئی سفر کرنے کے لئے ایک اور تیز رفتار متبادل میسر آئے گا دہیسر میرا بھائندر میٹرو پروجیکٹ کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق نومبر میں اس سروس کا افتتاح کرکے دسمبر تک اسے مسافروں کے لئے کھولنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے مطابق کام بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی مثبت معلومات فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK