• Sat, 31 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا کے محمد شہنشاہ نے عرب ریڈنگ چیلنج میں عالمی سطح پر تیسرا مقام حاصل کیا

Updated: October 31, 2026, 12:01 PM IST | Thiruvananthapuram

کیرالہ کے طالب علم محمد شہنشاہ نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں عالمی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کرکے ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔

Mohammed Shahansha. Photo: X
محمد شہنشاہ۔ تصویر: ایکس

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقدہ عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے کیرالا کے ایک طالب علم نے عالمی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ محمد شہنشاہ نے یہ اعزاز ان ممالک کے طلبہ کے بین الاقوامی زمرے میں حاصل کیا جہاں عربی مادری زبان نہیں ہے۔ ملاپورم کی مدین اکیڈمی کے طالب علم محمد شہنشاہ نے دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں یہ کامیابی حاصل کی۔ مقابلے کے فاتحین کا اعلان جمعرات کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔ شہنشاہ کو انعام کے طور پر ۸؍ لاکھ روپے نقد اور ایک ٹرافی دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: عرب ریڈنگ چیلنج: ۱۱؍ سالہ مصری طالبہ نے ۵؍ لاکھ درہم کا انعام جیتا

اس مقابلے میں ۶۰؍ ممالک کے ایک لاکھ ۳۸؍ ہزار ۴۲۶؍ اسکولوں کے ۴؍ کروڑ سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ شہنشاہ نے قومی سطح کے ابتدائی مراحل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔ مدین اکیڈمی کے دو دیگر طلبہ نے بھی بین الاقوامی مقابلے کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ شہنشاہ نے عربی کتابوں کے مطالعے اور ان کے موضوعات و مندرجات کا تجزیہ کرکے انہیں مؤثر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت سے بین الاقوامی جیوری کو متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ بنے لیو چہاردہم

محمد شہنشاہ کا کہنا ہے کہ مدین اکیڈمی میں عربی زبان کی تدریس کے طریقوں نے ان کی مطالعے اور تجزیے کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دی۔ اسی زمرے میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے صہیب ماجد محمد نے پہلی، جبکہ ملائیشیا کی ہالا اسامہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ منتظمین کے مطابق، عرب ریڈنگ چیلنج کے آغاز سے اب تک اس میں ۲۰ کروڑ ۳۰؍ لاکھ سے زائد طلبہ، ۱۰؍ لاکھ اسکولوں اور ۱۱؍ لاکھ نگرانوں نے حصہ لیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK