نامکمل تعمیر اور ٹریفک کے مسائل سے شہریوں کی جان خطرے میں۔
EPAPER
Updated: October 31, 2026, 11:42 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
نامکمل تعمیر اور ٹریفک کے مسائل سے شہریوں کی جان خطرے میں۔
شہر میں ٹریفک کی بڑھتی ہوئی بھیڑ اور سڑکوں کی تعمیر کے نامکمل پروجیکٹس کے باعث شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ کلیان رِنگ روڈ پر بھی ادھورے تعمیراتی کام،سڑک کے کنارے غیر قانونی ڈھابے،بےترتیب پارکنگ اور تیز رفتار موٹر سائیکل سواروں نے حادثات کے خطرے میں اضافہ کر دیا ہے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سڑک کا کام مکمل ہونے سے قبل ہی اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ایسے میں یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ نامکمل سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت کس بنیاد پر دی گئی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے ضروری انتظامات کیوں نہیں کئے گئے؟
کلیان رِنگ روڈ آدھار واڑی ڈمپنگ گراؤنڈ سے شروع ہوکر واڑے گھر، امبرڈے، گاندھاری، باراوے، وڈولی اور اٹالی ہوتے ہوئے ٹٹوالا تک جاتا ہے۔ اس سڑک کا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے تاہم بعض مقامات پر اراضی حاصل نہ ہونے کے سبب باقی ماندہ تعمیراتی کام تعطل کا شکار ہے۔ اس سڑک کی تعمیر کا کام ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے جبکہ اراضی کے حصول کی ذمہ داری کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے سپرد ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پرکارروائی
باقی ماندہ کام کے لئے ٹینڈر کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اس کام کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ ادھوری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی کئے جانے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ڈھابوں اور ٹھیلوں کی وجہ سے بھی سڑک کا استعمال دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ رہی سہی کسر بعض موٹر سائیکل سواروں کی تیز رفتاری پوری کر رہی ہے جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا اندیشہ ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک رِنگ روڈ کا باقی ماندہ کام مکمل نہیں ہوجاتا اس وقت تک محفوظ آمدورفت کیلئے ضروری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ غیر قانونی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے، سڑک کے کنارے بے ترتیب پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور رفتار کی حد پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے نیز حادثات کے خدشے والے مقامات پر انتباہی بورڈ اور بیریکیڈس نصب کئے جائیں۔ایک طرف انتظامیہ کی جانب سے رِنگ روڈ کا کام تکمیل کے قریب ہونے کے دعوے کئے جا رہے ہیں تو دوسری طرف نامکمل سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت جاری ہے۔ایسے میں شہری یہ سوال کر رہے ہیں کہ آخر ادھوری سڑک کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی اجازت کس نے دی اور حادثات کی روک تھام کیلئے انتظامیہ نے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں؟